ہفتہ : 03 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا نیا دور آج سے دوحہ میں[/pullquote]

افغانستان میں جنگ ختم کرنے اور قیام امن کے لیے امریکا اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات کا نیا اور آٹھواں دور آج ہفتے سے شروع ہو رہا ہے۔ خلیجی ریاست قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہونے والے اس نئے مذاکراتی دور کو انتہائی اہم قرار دیا گیا ہے۔ سینیئر امریکی اہلکاروں کا خیال ہے کہ اس مرحلے میں فریقین کسی امن معاہدے پر متفق ہو سکتے ہیں، جس سے اٹھارہ سالہ جنگ کے خاتمے کا امکان پیدا ہو جائے گا۔ مذاکرات کا یہ نیا دور ایسے وقت پر شروع ہو رہا ہے، جب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور ٹیلی وژن چینل سی این این نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ واشنگٹن حکومت افغانستان سے اپنے ہزاروں فوجیوں کی واپسی کی تیاریوں میں ہے۔

[pullquote]سیاح کشمیر سے فوری طور پر نکل جائیں، بھارتی حکام[/pullquote]

بھارتی حکام نے متنازعہ علاقے کشمیر میں گئے ہوئے تمام سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خطرے کے تناظر میں اس علاقے سے نکل جائیں۔ یہ حکومتی انتباہ ہندو زائرین کی امرناتھ یاترا سے قبل کیا گیا ہے۔ بھارتی حکومت نے سکیورٹی اہلکاروں کو مزید چوکس کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو خوراک اور ایندھن کا ذخیرہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں لوگ ہنگامی بنیادوں پر اشیائے خوراک خریدنے میں مصروف ہیں اور بینکوں سے رقوم نکلوانے والوں کی کثیر تعداد بھی دیکھی جا سکتی ہے۔ دوسری جانب بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ملکی حکومت اس شورش زدہ علاقے میں مزید پچیس ہزار فوجی متعین کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔

[pullquote]ایران جوہری ڈیل کے تحت اپنی ذمے داریوں میں مزید کمی لائے گا، ظریف[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران سن 2015 میں طے پانے والی جوہری ڈیل کے تحت خود پر عائد ہونے والی ذمے داریوں میں مزید کمی لائے گا اور اس سلسلے میں جلد ہی مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بیان پارلیمانی نیوز ایجنسی ICANA نے جاری کیا ہے۔ ظریف نے تہران حکومت کے آئندہ اقدامت کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ ظریف کے مطابق موجودہ حالات میں ’کمٹ منٹس‘ میں کمی لانا ضروری ہو گیا ہے کیونکہ باقی فریقوں نے بھی اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

[pullquote]بھارت نے مالدیپ کے سابق نائب صدر کو ملک بدر کر دیا[/pullquote]

بھارتی حکومت نے مالدیپ کے سابق نائب صدر احمد ادیب کو ملک بدر کر کے انہیں مالدیپ کے سکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا ہے۔ ادیب کو اپنے وطن میں کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے۔ مالدیپ کے یہ سابق نائب صدر ایک کشتی کے ذریعے ملک سے فرار ہو کر جنوبی بھارتی بندرگاہ ٹُوٹی کورِن پہنچے تھے اور وہاں انہیں بغیر ویزے کے ملک میں داخل ہونے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ احمد ادیب اور کشتی کے عملے کو ہفتہ تین اگست کی صبح مالدیپ کی پولیس کے حوالے کیا گیا۔ وہ رواں برس مئی میں ایک سابق صدر کو قتل کرنے کے الزام میں سنائی گئی سزا سے بری کر دیے گئے تھے لیکن انہیں بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے۔

[pullquote]روس کے خلاف نئی امریکی پابندیوں کا اعلان[/pullquote]

امریکا نے سن 2018 میں ایک روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکرپل کو برطانیہ میں زہر دیے جانے کے واقعے کے تناظر میں روس پر نئی پابندیاں لگا دی ہیں۔ روسی ڈبل ایجنٹ اسکرپل اور اُن کی بیٹی کو برطانیہ کے مقام سالسبری میں اعصاب کو متاثر کرنے والا زہر دینے کی کوشش کی گئی تھی۔ امریکی اعلان کے مطابق روس کو کسی بھی بین الاقوامی مالی ادارے کی جانب سے دی جانے والی کسی بھی طرح کی مالی مراعات یا قرضوں کی مخالفت کی جائے گی۔ ان پابندیوں کے تحت امریکی بینکوں کی طرف سے روسی قرضے خریدنے کے پروگرام کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔ امریکا نے روس کو ایسی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر کنٹرول کا بھی اعلان کیا ہے، جو کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیار سازی میں استعمال ہوتی ہو۔

[pullquote]سوڈانی فوج اور مظاہرین کے رہنماؤں کے مابین دستوری اعلامیے پر اتفاق[/pullquote]

سوڈان کے لیے افریقی یونین کے ثالث محمد الحسین لیبات نے کہا ہے کہ سوڈان کی فوجی کونسل اور مظاہرین کے رہنما ایک آئینی اعلامیے پر متفق ہو گئے ہیں۔ اس اعلامیے کی مزید تفصیلات دستخط کیے جانے کی تقریب سے پہلے طے کی جائیں گی۔ لیبات کے مطابق یہ آئینی اعلامیہ سترہ جولائی کی اقتدار و اختیارات میں شراکت داری کی ڈیل کا حصہ ہو گا اور اسی کی تفصیلات سویلین حکومت کے قیام کی راہ ہموار کریں گی۔ دستوری اعلامیے پر فریقین طویل بحث کے بعد متفق ہوئے۔ اس اعلامیے میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ جدید تربیت یافتہ ریپڈ اسپورٹ فورس اب فوجی کمان کو جواب دہ ہو گی۔

[pullquote]براعظم ایشیا میں میزائل نصب کریں گے، امریکی وزیر دفاع[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے کہا ہے کہ وہ براعظم ایشیا کے پیسیفک خطے میں امریکی میزائل نصب کرنے کے حامی ہیں۔ انہوں نے واضح نہیں کیا کہ میزائل کب تک نصب کر دیے جائیں گے لیکن انہوں نے ان کی جلد تنصیب کا عندیہ ضرور دیا۔ امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان سرد جنگ کے دور کی ’انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز ٹریٹی‘ (INF) سے امریکی علیحدگی کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔ یہ معاہدہ دو اگست کو روس اور امریکا کی اس ٹریٹی سے علیحدگی کے بعد دم توڑ گیا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں قیدیوں کو فرار کی کوشش کرنے پر ہلاک کر دیا جاتا ہے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ شمالی کوریا میں قیدیوں کے ساتھ سخت ناروا سلوک کیا جاتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فرار کی کوشش کرنے والے قیدیوں کو سرعام گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ اسی طرح چوری کے شبے میں بھی قیدیوں کو ڈنڈوں اور دھاتی سلاخوں سے پیٹا جاتا ہے۔ یہ رپورٹ جنرل اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ اس رپورٹ میں شمالی کوریا سے فرار ہونے میں کامیاب ہو جانے والے 330 افراد کے تاثرات شامل ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق جیلوں کے محافظ چوری کے شبے میں پوچھ گچھ کے ساتھ ساتھ قیدیوں کو برہنہ کر کے تلاشی بھی لیتے ہیں۔ شمالی کوریا انسانی حقوق کی ایسی یا دیگر خلاف ورزیوں کے الزامات کو رد کرتا ہے۔

[pullquote]نائجیریا میں شیعہ تنظیم پر پابندی کے بعد کریک ڈاؤن کا خطرہ[/pullquote]

نائجیریا کی مرکزی شیعہ تنظیم کے دہشت گردی کے تناظر میں خلاف قانون قرار دیے جانے کے بعد اس کے کارکنوں پر کریک ڈاؤن کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ایران نواز شیعہ تنظیم ’اسلامک موومنٹ‘ کو صدر محمد بخاری کی حکومت نے پچھلے ویک اینڈ پر کالعدم قرار دے دیا تھا۔ اس تنظیم کو نائجیریا کی شیعہ آبادی کے اُن مظاہروں کے بعد خلاف قانون قرار دیا گیا تھا، جن میں اس کے رہنما ابراہیم زکزاکی کی رہائی کے مطالبے شدت اختیار کر گئے تھے۔ اندازوں کے مطابق اس نئی صورت حال میں جہادی تنظیم بوکو حرام کی مسلح سرگرمیوں سے متاثرہ اس ملک کو ایک نئے پرتشدد تنازعے کا سامنا ہو سکتا ہے۔ اس پابندی کی وجہ صدر محمد بخاری کے سعودی عرب کے ساتھ گہرے تعلقات بھی قرار دیے گئے ہیں۔

[pullquote]سنگاپور میں نئی اپوزیشن پارٹی نے کام شروع کر دیا[/pullquote]

شہری ریاست سنگاپور میں ایک نئی سیاسی جماعت ’دی پراگرس سنگاپور پارٹی‘ عملی طور پر فعال ہو گئی ہے۔ اس پارٹی کی قیادت موجودہ وزیراعظم لی سیئن لُونگ (Lee Hsien Loong) کے ناراض بھائی ٹان چینگ بوک (Tan Cheng Bock) کر رہے ہیں۔ اس نئی جماعت نے سن 2021 کے اگلے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ بوک ماضی میں صدارتی انتخابات میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ سنگاپور کے مقبول بانی رہنما لی کوآن یُو (Lee Kuan Yew) کے خاندان میں اقتدار کی کشمکش مسلسل شدید ہوتی جا رہی ہے۔ اس وقت سنگاپور میں لی کوآن یُو کی پیپلز ایکشن پارٹی کی حکومت ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا عمل غیر تسلی بخش، چین[/pullquote]

اعلیٰ چینی سفارت کار اور اسٹیٹ قونصلر وانگ یی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کے ساتھ باہمی تعلقات بہتر بنانے کا عمل اطمینان بخش نہیں ہے اور ان تعلقات کا جلد از جلد بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔ اس چینی سفارت کار نے یہ بیان بنکاک میں آسیان تنظیم کے وزرائے خارجہ کی ایک میٹنگ کے حاشیے پر اپنی آسٹریلوی ہم منصب مارِیس پیئن کے ساتھ ملاقات کے بعد دیا۔ چینی اسٹیٹ قونصلر کے مطابق گزشتہ برس نومبر میں بیجنگ میں ہوئی ایک ملاقات میں یہ طے کیا گیا تھا کہ چین اور آسٹریلیا کے تعلقات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے لیکن اس کے باوجود کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ چین کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے داخلی امور میں کوئی مداخلت نہیں کرتا۔

[pullquote]امریکا: ساحل پر چٹان کا ٹکڑا گرنے سے تین افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک مشہور ساحلی سیاحتی مقام پر تیس فٹ لمبا ایک پہاڑی چٹانی ٹکڑا گرنے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ یہ چٹان سان ڈیئگو کے ساحلی شہر کے شمال میں واقع گرینڈ ویو بیچ کے مقام پر گری۔ پولیس ریسکیو کتوں کے ذریعے ممکنہ طور پر ملبے تلے دبے دیگر افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس چٹانی ٹکڑے کے ٹنون وزنی ملبے تلے بہت سی کرسیاں اور سرفنگ بورڈز دب گئے ہیں۔ حکام کے مطابق متعلقہ چٹان کا باقی حصہ گرنے کا خطرہ بھی ہے اور اسی لیے امدادی کارکن انتہائی احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے