کراچی میں موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی، شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں جمعے سے موسلا دھار بارش کی پیشگوئی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں جمعے سے شروع ہونے والی بارش 4 روز تک جاری رہ سکتی ہے، تیز بارشوں کے پیش نظر شہر میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 9 اگست کو بارش کا سسٹم سندھ میں مشرق کی جانب سے داخل ہوگا اور 9 اگست کی رات سے کراچی میں بادل گرج چمک کے ساتھ برس سکتے ہیں جب کہ کراچی سمیت بھر میں بارش کا سلسلہ 9 سے 12 اگست تک جاری رہے گا۔

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی بارش کی پیشگوئی

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے شمالی حصے کے لیے بھی موسم کی ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق آج رات سے ملک کے شمالی حصوں میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، بارشوں کا سلسلہ ہفتے کےروز تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ خلیج بنگال کے شمال اور ملحقہ علاقوں میں ہوا کا کم دباؤ بن چکا ہے، بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں آج پاکستان میں داخل ہوں گی اور جمعرات سے جمعہ تک مون سون ہواؤں میں شدت کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، ساہیوال، بہاولپور، فیصل آباد، اسلام آباد اور کشمیر میں بھی اکثر مقامات پر بارش ہوگی جب کہ خیبرپختونخوا میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات تا جمعہ، مقامی دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے جب کہ لاہور، پشاور، راولپنڈٰ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ تیز بارشوں سے ہزارہ، مالاکنڈ،گلگلت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے