جمعرات : 15 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا نے ایرانی آئل ٹینکر کے ضبط کرنے کی درخواست کر دی[/pullquote]

جبرالٹر کی سپریم کورٹ آج سہ پہر اُس امریکی درخواست پر غور کرے گی جس میں امریکا نے ایرانی آئل ٹینکر گریس ون کی ضبطگی کی دراخواست کر رکھی ہے۔ امریکی وزارت انصاف نے ضبطگی کی درخواست میں کئی طرح کے الزامات شامل کیے ہیں۔ گریس ون آئل ٹینکر کے حوالے سے یہ تاثر موجود ہے کہ اس پر لدا خام تیل غیر قانونی طور پر شام پہنچایا جانا تھا۔ دوسری جانب اس ٹینکر کو جرالٹر کی بندرگاہ چھوڑنے کا فیصلہ بھی آج ہی عدالت نے سنانا ہے۔ اس ٹینکر کو برطانوی نیوی نے چار جولائی کو اپنی تحویل میں لیا تھا۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی صورت حال کو بہتر کرنے کے حل موجود ہیں، چینی سفیر[/pullquote]

چین کے برطانیہ میں متعین سفیر لیو شیاؤ مِنگ نے کہا ہے کہ اگر ہانگ کانگ میں مظاہروں کا سلسلہ طول پکڑتا ہے تو بیجنگ حکومت ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی نہیں رہے گی۔ سفیر نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت نواز کارکنوں نے ہانگ کانگ کو ایک خطرناک راستے پر لا کھڑا کیا ہے۔ لیو شیاؤ مِنگ نے ان خیالات کا اظہار لندن میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر ہانگ کانگ میں عدم استحکام کی صورت قابو سے باہر ہو گئی تو مرکزی حکومت آرام سے بیٹھی نہیں رہے گی اور بیجنگ حکومت کے پاس اس صورت حال کے کافی حل موجود ہیں۔ سفیر کے مطابق چینی حکومت کافی قوت رکھتی ہے اور بنیادی قانون کے تحت مظاہروں کو کچلا جا سکتا ہے۔

[pullquote]’امریکا اور طالبان کی ڈیل سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو قوت مل سکتی ہے‘[/pullquote]

ایک اعلیٰ افغان اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ افغان طالبان اور امریکا کے درمیان امن ڈیل کی صورت میں زور پکڑتی جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔ افغان صدر کے مشیر صدیق صدیقی کے مطابق کسی امن ڈیل کے بعد امریکی فوج کا انخلا ہونے کی صورت میں داخلی حالات ابتر ہو سکتے ہیں اور ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شامل سخت نظریات کے حامل طالبان جنگجو بھی اندرونی مسلح انتشار میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ صدیقی کے مطابق ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شامل عسکریت پسندوں کا تعلق طالبان سے ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بعض صوبوں میں تعینات طالبان کمانڈروں نے بھی ’اسلامک اسٹیٹ‘ میں شمولیت کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]برطانوی اپوزیشن لیڈر کا ملکی وزیراعظم کا اقتدار ختم کرنے کا عزم[/pullquote]

برطانیہ کی مرکزی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے لیڈر جیریمی کوربن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ بورس جانسن کی حکومت کو گرانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اپنے ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں اور پارلیمان کے اراکین کو ایک خط تحریر کیا ہے۔ کوربن نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ موجودہ حکومت کے پاس بریگزیٹ کے حوالے سے کوئی مینڈیٹ نہیں ہے لہذا وہ ان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں گے۔ جیریمی کوربن نے اس خط میں مزید لکھا کہ اگر یہ تحریک کامیاب ہو جاتی ہے تو اس صورت میں وہ عبوری حکومت کے سربراہ بن سکیں گے۔

[pullquote]فرانس کی جنگلاتی آگ بجھانے میں سینکڑوں فائر فائٹرز مصروف[/pullquote]

جنوبی فرانس کے جنگلات میں لگی آگ نے نو سو ہیکٹر علاقے کو خاکستر کر دیا ہے۔ اس آگ کو بجھانے کے لیے پانچ سو سے زائد فائر فائٹرز مصروفِ عمل ہیں۔ آگ جنوب مشرق فرانسیسی شہر کارکاسوں کی نواحی علاقے اوڈے کے جنگلات میں بدھ کی سہ پہر بھڑکی۔ مقامی حکام نے اس آگ کو شدید اور دیگر علاقے کے لیے خطرہ قرار دیا۔ یہ بھی بتایا گیا کہ اس علاقے میں پائی جانے والی خشک سالی آگ لگنے کی ایک بڑی وجہ ہو سکتی ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب چالیس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں نے بھی آگ کو بڑھوتی دی۔ ابھی تک کسی عمارت یا کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی، سنگا پور کی کمپنی پر فرد جرم عائد[/pullquote]

اقوام متحدہ نے سنگا پور کی ایک بڑی کمپنی پر شمالی کوریا پر عائد عالمی پابندیوں کی خلاف ورزی کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔ اس فرم پر الزام لگایا گیا ہے کہ یہ شمالی کوریا کو وسیع پیمانے پر الکوحل مشروبات فراہم کرنے میں ملوث رہی ہے۔ سنگا پور کی کمپنی سن سمز لمیٹڈ (SINSMS Pte Ltd) ایک چینی کمپنی سے منسلک بتائی گئی ہے۔ استغاثہ کے مطابق اس کمپنی نے سن 2016 اور 2017 کے دوران شمالی کوریا کو چار مرتبہ سامان روانہ کیا تھا۔ یہ الکوحل مشروبات شمالی کوریا کے گمنام شہری کو روانہ کیے گئے اوراس کھیپ کو چینی بندرگاہ ڈالیان کے راستے شمالی کوریا پہنچایا گیا تھا۔

[pullquote]بھارت کا یوم آزادی: مودی کا کشمیر سے متعلق اقدام کا دفاع[/pullquote]

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے یوم آزادی کے موقع پر لال قعلے میں سرکاری تقریب سے خطاب میں کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی سے متعلق اپنے متنازعہ فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ ٹی وی چینلز پر براہ راست دکھائے جانے والے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت سے علیحدگی پسندی کی تحریک نے شدت اختیار کی اور خواتین کے لیے ناانصافی کا سبب بنی۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ جموں، کشمیر اور لداخ میں سابقہ طریقہٴ کار سے کرپشن اور اقربا پروری میں اضافہ ہوا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق کشمیر اپنے معمول کی جانب بڑھ رہا ہے، تاہم خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کا کہنا ہے کہ اب بھی کشمیر میں شدید نوعیت کا سکیورٹی سیٹ اپ موجود ہے۔

[pullquote]جاپان کے ساتھ مذاکرات ہو سکتے ہیں، جنوبی کوریائی صدر[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مُون جے اِن نے کہا ہے کہ جاپان کے ساتھ تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون کا امکان موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر جاپان تجارتی کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت شروع کرنے پر رضامند ہے تو جنوبی کوریا ہاتھ ملانے سے گریز نہیں کرے گا۔ جنوبی کوریائی صدر نے ان خیالات کا اظہار ٹیلی وژن پر نشر کی جانے والی ایک تقریر میں کیا۔ حالیہ چند ہفتوں کے دوران جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارتی جنگ خاصی شدت اختیار کرچکی ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ اسی ویک اینڈ پر تجارتی کشیدگی میں کمی کے لیے دونوں ملکوں کے نائب وزرائے خارجہ کی ملاقات ہو سکتی ہے۔

[pullquote]شمالی فلاڈیلفیا میں شوٹنگ، چھ پولیس اہلکار زخمی[/pullquote]

امریکی شہر فلاڈیلفیا میں بدھ کی شام سے نصف شب تک پولیس اور ایک شخص کے درمیان ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم چھ پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ فائرنگ کا سلسلہ بدھ کی شام اُس وقت شروع ہوا جب پولیس منشیات کے الزام کے تحت وارنٹ گرفتاری لے کر اس شخص تک پہنچی۔ اس کے بعد اس شخص نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی اور خود کو اپنے مکان میں محصور کر لیا۔ پولیس نے سات گھنٹوں تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلے میں اس شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔ اس ملزم کی عمر چھتیس برس اور نام موریس ہِل بتایا گیا ہے۔ پولیس ابھی تک علاقے میں چھان بین کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی امبریلا تحریک کے لیڈر ضمانت پر رہا[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں جمہوریت نوازوں کے مظاہرین میں امبریلا موومنٹ کے رہنما بینی تائیوان کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ انہیں تقریباً بارہ ہزار آٹھ سو امریکی ڈالر نقد جمع کرانے کے عوض ضمانت دی گئی ہے۔ انہیں نقص امن عامہ کے الزام کے تحت حراست میں لیا گیا تھا۔ یہ رہائی ایسے وقت میں ہوئی جب رواں ہفتے کے دوران پیر اور منگل کے دنوں پر مظاہرین نے ہانگ کانگ کے ہوائی اڈے پر دھاوا بول کر فلائٹ سسٹم کو شدید متاثر کر دیا تھا۔ بینی تائیوان کو سن 2014 میں حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کے الزام میں دیگر نو افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں سولہ ماہ کی سزائے قید سنائی گئی تھی۔

[pullquote]دوسری عالمی جنگ میں جاپان کی شمولیت، جاپانی بادشاہ کا اظہار ندامت[/pullquote]

جاپان کے بادشاہ ناروہیٹو نے دوسری عالمی جنگ میں جاپان کے ہتھیار پھینکنے کی تقریب میں گہرے دکھ اور پچھتاوے کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس جنگ کے دوران جاپانی فوجیوں کے ہاتھوں غیر ملکیوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر بھی افسوس کیا۔ جاپانی بادشاہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں جنگ کی تباہ کاریوں جیسے واقعات کا اعادہ نہیں کیا جائے گا۔ جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں منعقدہ تقریب میں بادشاہ ناروہیٹو اور شرکائے تقریب نے دوسری عالمی جنگ میں اکتیس لاکھ ہلاک ہونے والے جاپانیوں کو یاد کیا۔ دوسری جانب اس دن کی مناسبت سے جاپانی وزیراعظم نے ایک متنازعہ جنگی مزار کے لیے دعائیہ کلمات روانہ کیے ہیں۔

[pullquote]ایرانی آئل ٹینکر کا مقدمہ، جبرالٹر کی عدالت آج فیصلہ سنائے گی[/pullquote]

جبرالٹر کی ایک عدالت ایک ایرانی آئل ٹینکر کو روکے جانے کے معاملے پر اپنا فیصلہ آج جمعرات کو کسی وقت سنائے گی۔ امکان ہے کہ عدالت گریس وَن نامی آئل ٹینکر کو بندرگاہ چھوڑنے کی اجازت دے سکتی ہے۔ یہ عدالت کی صوابدید پر ہے کہ وہ ٹینکر کو روکنے کی مدت میں توسیع کر دے۔ دوسری جانب تیرہ اگست کو ایرانی بندرگاہی اتھارٹی کے نائب سربراہ جلیل اسلامی نے واضح کیا تھا کہ گریس وَن سے متعلق تمام ضروری دستاویزات کا تبادلہ مکمل ہو چکا ہے اور اس تنازعے کے جلد حل ہونے کی امید کا بھی اظہار کیا تھا۔ اس ایرانی آئل ٹینکر کو برطانوی نیوی نے رواں برس چار جولائی کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے