جمعہ : 16 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کشمیر میں عائد پابندیوں میں کمی کر دی گئی ہے، بھارت[/pullquote]

بھارتی حکومت نے کشمیر میں نقل و حرکت کی سخت پابندیوں میں کچھ نرمی کا فیصلہ کیا ہے تاہم فون کے رابطے اور انٹرنیٹ کی سروس بدستورمعطل رہے گی۔ صوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق سری نگر کی جامع مسجد کو آج جمعے کے روز بھی نہیں کھولا گیا اور اس طرح نماز ادا کرنے پر بھی پابندی برقرار رہے گی۔ بھارتی حکومت نے کشمیر کی دستوری حیثیت ختم کرنے کے تناظر میں اس متنازہ خطے میں چار اگست سے سخت پابندیوں کا نفاذ کر رکھا ہے۔ ریاستی گورنر نے دو روز قبل کہا تھا کہ بھارتی یوم آزادی کے بعد پابندیوں میں نرمی پیدا کی جائے گی۔

[pullquote]جبرالٹر سے آزاد ہونے والا ٹینکر روانگی کی تیاریوں میں مصروف[/pullquote]

تہران حکومت کے مطابق جبرالٹر میں زیر قبضہ ایرانی آئل ٹینکر کو بندرگاہ چھوڑنے کی عدالتی اجازت ملنے کے بعد وہ سولہ اگست کو اپنی منزل کی جانب روانہ ہو جائے گا۔ ایرانی بندرگاہی اتھارٹی کے نائب سربراہ جلیل اسلامی کے مطابق جبرالٹر سے روانگی کے وقت جہاز کا نام تبدیل کر دیا جائے گا اور اس پر ایرانی جھنڈا لہرایا جائے گا۔ تہران کے مطابق نام اور جھنڈے کی تبدیلی آئل ٹینکر کے مالکان کی درخواست پر کی گئی ہے۔ گریس ون نامی آئل ٹینکر کو جبرالٹر کی سپریم کورٹ نے جمعرات پندرہ اگست کو روانہ ہونے کی اجازت دی تھی۔ عدالت میں ایران کی یقین دہانی جمع کرائی گئی ہے کہ یہ ٹینکر یورپی یونین کی پابندیوں کے شکار کسی بھی ملک کی جانب روانہ نہیں ہو گا۔

[pullquote]عالمی امور میں جرمنی کو زیادہ کردار ادا کرنا چاہیے، لٹوین صدر[/pullquote]

بالٹک خطے کی ریاست لٹویا کے صدر ایگلز لیوٹس نے کہا ہے کہ بین الاقوامی معاملات میں جرمنی کو مزید ذمہ داریاں سنبھالنا چاہییں اور ایسا کرنا وقت کی ضرورت بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کی سیاسی اور اقتصادی قوت تقاضا کرتی ہے کہ عالمی امور میں اس کے کردار میں اضافہ بہت اہم ہے۔ لٹویا کے صدر نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے دورے سے قبل کیا۔ وہ جمعہ سولہ اگست سے جرمنی کا دورہ شروع کریں گے۔ لٹویا کے صدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد میں جرمنی کی موجودگی یورپ کے مشترکہ دفاع کی ضامن ہے۔

[pullquote]زمبابوے کے دارالحکومت میں مظاہروں پر پابندی درست ہے، عدالت[/pullquote]

افریقی ملک زمبابوے کی اعلیٰ عدالت نے دارالحکومت ہرارے میں پولیس کی جانب سے مظاہرے کرنے اور جلوس نکالنے پر عائد پابندی کو جائز قرار دے دیا ہے۔ شہر کی سڑکوں پر پولیس نگرانی کے ساتھ ساتھ گشت کر رہی ہے۔ جمعہ سولہ اگست کو بازار اور دوکانیں بند تھیں اور لوگ گھروں میں پابند رہے۔ زمبابوے کی ہائی کورٹ میں مظاہرے کرنے پرعائد پابندی کے خلاف درخواست اپوزیشن کی سیاسی جماعت موومنٹ برائے ڈیموکریٹک چینج نے دائر کی تھی۔ پولیس نے دارالحکومت کے مرکزی چوک افریقہ یونٹی اسکوائر کی جانب جانے والی تمام سڑکوں کو رکاوٹوں سے بند کر رکھا ہے۔ حکومت نے ہرارے شہر میں مظاہرے کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

[pullquote]ہزاروں یمنی شہریوں کا جنوبی ملیشیا کے حق میں مظاہرہ[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک یمن کے بندرگاہی شہر عدن میں ہزاروں شہریوں نے جنوبی علیحدگی پسندوں کی حمایت میں ایک مظاہرے میں حصہ لیا ہے۔ عدن اس وقت یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کا عبوری دارالحکومت ہے۔ اس وقت عدن میں ایسی سفارتی کوششوں کا سلسلہ بھی جاری ہے کہ جنوبی علیحدگی پسند باغیوں اور صدر منصوری ہادی کے فوج کے درمیان عسکری کشمکش کو طول حاصل نہ ہو۔ حالیہ ایام میں جنوبی علیحدگی پسند باغیوں نے عدن کی بندرگاہ کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ گزشتہ چار دنوں پر ہونے والی شدید جھڑپوں کے دوران کم از کم ستر افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سعودی عسکری اتحاد نے ان باغیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر رکھا ہے لیکن ابھی تک اس کارروائی کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]شمال مغربی لیبیا کے ہوائی اڈے پر حملے کیے ہیں، لیبین نیشنل آرمی[/pullquote]

شمالی افریقی مسلم ملک لیبیا کے جنگی سردار خلیفہ حفتر کی لیبین نیشنل آرمی نے ملک کے شمال مغرب میں واقع ایک ہوائی اڈے پر حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں میں الزوارہ کے ہوائی اڈے میں واقع دو گوداموں کو نشانہ بنایا ہے۔ خلیفہ حفتر کی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ یہ گودام ترکی کے بنائے گئے ڈرونز کے لیے تھے اور انہیں حملوں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ لیبین نیشنل آرمی کے ترجمان نے واضح کیا کہ حملے سے دونوں گودام پوری طرح تباہ کر دیے گئے ہیں لیکن ہوائی اڈے کا ٹرمینل اور رن وے محفوظ رکھا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق جہاں سے بھی خطرہ محسوس ہو گا وہاں حملہ ضرور کیا جائے گا۔

[pullquote]سلامتی کونسل کا مشاورتی اجلاس، کشمیر کا معاملہ بھی زیربحث[/pullquote]

بھارت کی طرف سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حییثت ختم کرنے بعد اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل آج اس موضوع پر غور کرے گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق جمعے کے دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بند کمرے میں ہونے والے ایک مشاورتی اجلاس میں جموں و کشمیر کے مسئلے پر گفتگو کی جائے گی۔ پچاس برس بعد پہلی مرتبہ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں یہ معاملہ اٹھایا جا رہا ہے۔ اگر سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک امریکا، فرانس، برطانیہ، روس اور چین میں اتفاق ہوا تو کشمیر کے معاملے پر ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے گا۔ سلامتی کونسل کے مشاورتی اجلاس کی درخواست پاکستان کی جانب سے کی گئی ہے۔

[pullquote]کنٹرول لائن پر بھارتی گولہ باری، چوبیس گھنٹوں میں چھ فوجی ہلاک[/pullquote]

پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز نے کشمیر کے متنازعہ علاقے میں واقع لائن آف کنٹرول سے پاکستانی دستوں پر گولہ باری کی ہے، جس کے نتیجے میں ایک اور پاکستانی فوجی مارا گیا ہے۔ یوں چوبیس گھنٹوں کے دوران بھارتی اور پاکستانی فوج کے مابین ہونے والی فائرنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ ادھر بھارتی زیر انتظام کشمیر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات برقرار ہیں، جس کے باعث بالخصوص سری نگر میں کشمیریوں کی روزمرہ کی زندگی بدستور مفلوج ہے۔ عالمی برداری نے زور دیا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں صورتحال کو معمول پر لانے کی خاطر فوری اقدامات کرے۔ اسی تناظر میں یورپ سمیت دنیا بھر کے متعدد ممالک میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کے مزید تجربات[/pullquote]

جنوبی کوریا نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا نے آج جمعے کی صبح دو میزائل کا ٹیسٹ کرتے ہوئے انہیں فضا میں داغا اور یہ تیس کلومیٹر کی بلندی پر اڑتے ہوئے دو سو تیس کلومیٹر کی دوری پر سمندر میں گرے۔ جنوبی کوریا کے چیفس آف اسٹاف کے دفتر کے بیان میں کہا گیا کہ یہ پروجیکٹائل اُن کے ملک کے مشرقی ساحلی کی جانب سمندر میں گرے تھے۔ اُدھر جاپانی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کیمونسٹ ملک کے اس عمل سے فی الحال ملکی سلامتی کو کوئی خطرات لاحق نہیں ہیں۔ ایک امریکی اہلکار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ یہ پروجیکٹائل یکے بعد دیگر فائر کیے گئے اور ان کی ہیت گزشتہ ہفتے کے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل جیسی تھی۔

[pullquote]چین کے ساتھ تجارتی مذاکرات مثبت ثابت ہو رہے ہیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تجارتی تنازعات کے حوالے سے جاری مذاکرات مثبت ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان مذاکرات میں شریک دونوں ملکوں کے نمائندے اب ستمبر میں اگلے راؤنڈ میں دوبارہ شریک ہوں گے۔ دوسری جانب امریکا نے چینی مصنوعات پر یکم ستمبر سے مزید 125 بلین ڈالر کے محصولات کا نفاذ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ امریکی صدر نے رواں مہینے ہونے والے مذاکرات کو سود مند قرار دیا اور یہ بھی کہا کہ اس مناسبت سے ٹیلیفون پر بھی رابطہ کاری کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری جانب چین نے بھی واضح کیا ہے کہ وہ بھی نئے امریکی محصولات کا جواب ضرور دے گا۔

[pullquote]سوڈانی اپوزیشن ماہر اقتصادیات عبداللہ حمدوک کو وزیر اعظم نامزد کرے گی[/pullquote]

سیاسی عدم استحکام کے شکار ملک سوڈان کی مرکزی اپوزیشن اتحاد نے ممتاز ماہر اقتصادیات عبداللہ حمدوک کو وزیر اعظم نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ پیر انیس اگست کو فوج کے ساتھ قائم ہونے والی عبوری حکومت میں یہ منصب سنبھالیں گے۔ حمدوک اقتصادی کمیشن برائے افریقہ کے نائب سربراہ رہ چکے ہیں۔ وہ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن اور افریقن ترقیاتی بینک میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ سوڈان میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد فوجی کونسل کو تحلیل کر دیا جائے گا۔

[pullquote]رواں برس افغان تنازعے نے دو لاکھ سے زائد افراد کو بے گھر کیا، یواین[/pullquote]

اقوام متحدہ کے انسانی امور کے تعاون کے دفتر (OCHA) نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ رواں برس کے ابتدائی سات ماہ کے دوران دو لاکھ سترہ ہزار افراد جنگی صورت حال کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔ ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان تنازعے کی وجہ سے سن 2019 کے دوران بھی سب سے زیادہ متاثر ہونے والے بچے ہیں اور ان کی نگرانی کے لیے انسانی امداد کی از حد ضرورت ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ افغان تنازعے کی وجہ سے اٹھارہ برس سے کم عم متاثرہ بچوں کی مجموعی تعداد اٹھاون فیصد کے لگ بھگ ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے بے گھر ہونے والے افراد کو جنگی حالات کے ساتھ قدرتی آفت قحط سالی کا بھی سامنا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے