پیر : 20 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی خلائی مشن چندریان دوئم چاند کے مدار میں پہنچ گیا[/pullquote]

بھارت کا چاند کی طرف بھیجا جانے والا خلائی مشن چندریان دوئم کامیابی سے چاند کے مدار تک پہنچ گیا ہے۔ یہ بات بھارتی خلائی تحقیقی ادارے اِسرو (ISRO) کی طرف سے بتائی گئی۔ اس مشن کے ذریعے بھارتی ماہرین 14 روز تک چاند کے جنوبی قطب کی سطح کا جائزہ لینے کی کوشش کریں گے اور اس دوران اس سطح کی ہیئت کا بغور مطالعہ کرنے کے علاوہ چاند کی سطح پر پانی یا اس کے آثار تلاش کرنے کی کاوش بھی کی جائے گی۔ بھارت نے چندریان دوئم سے پہلے چاند کی طرف اپنا پہلا خلائی مشن چندریان اول 2008ء میں خلا میں بھیجا تھا لیکن وہ چاند کی سطح پر اترنے میں ناکام رہا تھا۔

[pullquote]دس گھنٹے کی پولیس تفتیش کے بعد ذاکر نائیک نے معافی مانگ لی[/pullquote]

بھارت کے متنازعہ اسلامی مبلغ ذاکر نائیک نے ملائیشیا میں اپنے نسل پرستانہ بیان پر معافی مانگ لی ہے۔ پیر کے روز ملائیشیا کی پولیس نے ان سے تقریبا دس گھنٹے تک ان کے اس بیان کے بارے میں تفتیش کی، جو انہوں نے گزشتہ ماہ ایک تقریر کے دوران دیا تھا۔ قبل ازیں ملائیشیا کی پولیس نے ان کی تمام عوامی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔ مقرر ذاکر نائیک کو بھارت میں منی لانڈرنگ اور نفرت انگیز تقاریر کرنے کے مقدمات کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے وہ گزشتہ تین برسوں سے ملائیشیا میں قیام پذیر ہیں۔

[pullquote]لاؤس میں بس حادثہ، 13 چینی سیاح ہلاک[/pullquote]

لاؤس میں ایک بس کے حادثے کے نتیجے میں کم از کم تیرہ چینی سیاح ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق سیاحوں کی اس بس پر کل چوالیس چینی شہری سوار تھے اور یہ لاؤس کے دارالحکومت ویژین تیان سے ملک کے شمالی سیاحتی قصبے لوآنگ پرابانگ کی جانب سفر میں تھی۔ اکتیس زخمی چینی باشندوں میں سے دو کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ لاکھوں چینی سیاح ہر سال ویتنام، لاؤس اور دیگر جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی سیاحت کو جاتے ہیں۔

[pullquote]شام ’آگ سے نہ کھیلے، ترکی[/pullquote]

ترکی نے صدر اسد کی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’وہ آگ سے کھیلنے‘ سے باز رہے۔ ترکی کی طرف سے یہ بیان گزشتہ روز ان کے ایک فوجی قافلے پر ہونے والے فضائی حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ترکی کا یہ فوجی قافلہ شامی صوبے ادلب کی جانب گامزن تھا۔ شام کا یہ علاقہ صدر اسد کے خلاف لڑنے والے باغیوں کے کنٹرول میں ہے۔ ترکی کا کہنا تھا کہ ادلب میں امن کے لیے ان کی آبزرویشن پوسٹس ضروری ہیں اور وہ انہیں ختم نہیں کرے گا۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مزید گرفتاریاں[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں گزشتہ شب مختلف مقامات پر چھاپوں کے دوران مزید تیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے مارے گئے ان چھاپوں کا مقصد ہر طرح کے ممکنہ احتجاجی مظاہروں کی روک تھام ہے۔ نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ گرفتاریاں ان علاقوں میں عمل میں آئیں، جہاں گزشتہ چند روز سے بھارتی سکیورٹی فورسز پر شدید پتھراؤ کیا گیا تھا۔ کشمیریوں کی طرف سے احتجاجی مظاہروں کے خدشے کے باعث نئی دہلی حکومت نے کشمیر بھر میں سکیورٹی انتہائی سخت کر رکھی ہے۔

[pullquote]مسئلہ کشمیر: امریکی صدر کی عمران خان اور نریندر مودی سے بات چیت[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں دونوں ہمسایہ ممالک کے وزرائے اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے، جس میں عمران خان اور نریندر مودی سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دوطرفہ سیاسی اور عسکری کشیدگی میں کمی لائیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ان کی اپنے دونوں اچھے دوستوں سے تجارت اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ دوسری جانب مودی حکومت نے جموں و کشمیر میں نقل و حرکت کی آزادی کو ابھی تک محدود ہی رکھا ہوا ہے۔

[pullquote]داعش کے جرمن جہادیوں کے بچوں کی واپسی[/pullquote]

شام اور عراق جانے والے جرمن جہادیوں کے بچوں کو پہلی مرتبہ جرمن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ شام میں کرد حکام کے مطابق ایسے تین بچوں کو جرمن حکام کے حوالے کیا گیا، جو یتیم ہو چکے ہیں اور جن میں سے چھ ماہ کا ایک بچہ شدید بیمار بھی ہے۔ شام میں داعش کی شکست کے بعد سے یہ بچے الحول نامی مہاجر کیمپ میں پناہ لیے ہوئے تھے۔ داعش کے جرمن جہادیوں کے بچوں کی وطن واپسی کا معاملہ ایک عرصے سے زیربحث ہے۔ متعدد حلقے ان بچوں کی جرمنی واپسی کے مخالف ہیں۔ اندازوں کے مطابق شامی مہاجر کیمپوں میں ایسے ایک سو سترہ بچے موجود ہیں، جو جرمن شہری ہیں۔

[pullquote]اسپین کے جزائر کناری پر لگی جنگلاتی آگ قابو سے باہر[/pullquote]

اسپین کے جزائر کناری کے جنگلات میں لگی آگ قابو سے باہر ہو گئی ہے۔ ہسپانوی حکام کے مطابق مراکش کے قریب واقع انہی جزائر میں سے ایک جزیرے گرینڈ کناریہ پر اس آگ کے شعلے پچاس میٹر تک بلند ہیں جبکہ نو ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دن سے لگی اس آگ کی وجہ سے چھ ہزار ہیکٹر رقبہ متاثر ہو چکا ہے۔ آگ کے بہت بلند شعلوں کی وجہ سے بعض مقامات پر امدادی کارروائیاں بھی ناممکن ہو چکی ہیں۔ ابھی تک ممکنہ جانی اور مالی نقصانات کا اندازہ لگانا بھی ممکن نہیں ہو سکا۔

[pullquote]شام میں اسد مخالف باغی ایک اور علاقے سے دستبردار[/pullquote]

شام میں اسد مخالف باغی جنوبی صوبے ادلب کے ایک اور علاقے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔ ادلب صوبہ باغیوں کا وہ آخری ٹھکانہ ہے، جس پر وہ ابھی تک قابض ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق روسی حمایت یافتہ شامی فورسز کی خان شیخون کے علاقے میں پیش قدمی دیکھنے میں آئی ہے۔ یہ علاقہ سن دو ہزار چودہ سے شامی باغیوں کے قبضے میں تھا۔ شام میں حکومتی فورسز باغیوں کے زیر انتظام زیادہ تر علاقوں پر دوبارہ قبضہ کر چکی ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں احتجاجی مظاہرے: ٹوئٹر اور فیس بک کی طرف سے چین پر تنقید[/pullquote]

ٹوئٹر اور فیس نے چین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیجنگ حکومت نے ان سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ہانگ کانگ میں جاری جمہوری تحریک کے خلاف استعمال کیا ہے۔ ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق اس نے ہانگ کانگ میں جاری احتجاجی تحریک کے خلاف ایک ایسی آن لائن مہم کا سراغ لگایا ہے، جسے ’ریاستی حمایت‘ حاصل تھی۔ یوں بہت سے صارفین نے ہانگ کانگ میں عوامی احتجاجی تحریک سے متعلق غلط معلومات پھیلائیں۔ اسی طرح فیس بک نے بھی ایسے ہی متعدد پیجز اور اکاؤنٹس بند کر دیے ہیں۔ چھان بین سے پتہ چلا تھا کہ ان اکاؤنٹس کو چلانے والوں کا درپردہ تعلق چینی حکومت سے تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے