منگل : 21 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین میں برطانوی قونصل خانے کا اہلکار گرفتار[/pullquote]

چین نے برطانیہ کے ایک قونصل خانے کے ایک اہلکار کی ہانگ کانگ میں گرفتاری کی تصدیق کر دی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق اس برطانوی سفارتی اہلکار کو سرحدی شہر شین زن میں ایک قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ برٹش قونصلیٹ کا یہ اہلکار شین زن میں ایک کاروباری ملاقات کے لیے گیا ہوا تھا۔ برطانیہ نے اس گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق یہ اہلکار گزشتہ دو ہفتوں سے لاپتہ تھا اور اس نے اپنی دوست کو آخری پیغام یہ بھیجا تھا کہ وہ سرحد عبور کرتے ہوئے ہانگ کانگ جا رہا تھا۔

[pullquote]امریکی میزائل ٹیسٹ: روس اور چین کا سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کا مطالبہ[/pullquote]

امریکا کی طرف سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ایک کروز میزائل کے تجربے کے بعد روس اور چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ یہ دونوں ممالک پندرہ رکنی سلامتی کونسل کے امریکا کی طرح مستقل رکن ہیں۔ امریکا نے آئی این ایف معاہدے سے الگ ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ایسا کوئی تجربہ کیا ہے۔ امریکا اور روس کے مابین تخفیف اسلحہ کا معاہدہ (آئی این ایف) سرد جنگ کے زمانے میں طے ہوا تھا اور واشنگٹن نے چند ہفتے قبل ہی اس معاہدے سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ روس کے مطابق یہ ٹیسٹ اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا نے آئی این ایف معاہدے سے نکلنے کا منصوبہ پہلے ہی سے بنا رکھا تھا۔

[pullquote]سوڈان میں عبوری حکومت کے قیام کے بعد خود مختار کونسل کی بھی تشکیل[/pullquote]

افریقی ملک سوڈان میں آج بدھ کے روز ایک ’خود مختار کونسل‘ قائم کر دی گئی۔ اس کا کام تین سالہ عبوری مدت کی سربراہی کرنا ہو گا۔ اب تک قائم فوجی کونسل کے سربراہ رہنے والے جنرل فتاح البرہان نے اس نئی کونسل کے سربراہ کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے۔ اکیس ماہ کے بعد اس کونسل کی سربراہی کوئی سول رہنما کرے گا۔ اس ’خود مختار کونسل‘ میں پانچ فوجی اور چھ سویلین شخصیات شامل ہیں۔ حکمران فوجی کونسل نے شدید عوامی احتجاج کے بعد ہفتے کے روز ایک معاہدے پر اتفاق کر لیا تھا، جس کے تحت تین سالہ عبوری حکومت کے بعد اقتدار مکمل طور پر جمہوری نمائندوں کے حوالے کر دیا جائے گا۔ سوڈان میں آئندہ عام انتخابات سن دو ہزار بائیس میں کرائے جائیں گے۔

[pullquote]بحری جہاز ’اوپن آرمز‘ کے مہاجرین کو لامپےڈوسا اترنے کی اجازت[/pullquote]

گزشہ کئی روز سے بحری جہاز ’اوپن آرمز‘ پر پھنسے مہاجرین کو اطالوی جزیرے لامپےڈوسا پر اترنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ قبل ازیں ایک اطالوی عدالت نے حکم دیا تھا کہ اس بحری جہاز پر موجود اسّی سے زیادہ تارکین وطن کو خشکی پر اترنے دیا جائے۔ اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی اس کے خلاف تھے کہ ان مہاجرین کو اٹلی کی سرزمین پر اتارا جائے۔ قبل ازیں یورپی یونین کی چھ ریاستوں نے بھی رضامندی ظاہر کر دی تھی کہ وہ ان مہاجرین کو اپنے ہاں سیاسی پناہ دینے پر تیار ہیں۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں مسلح جھڑپ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک تازہ جھڑپ میں کم از کم دو افراد ہلاک ہو گئے۔ کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بعد پیش آنے والا یہ پہلا پرتشدد واقعہ تھا۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک مشتبہ علیحدگی پسند کے علاوہ ایک پولیس اہلکار بھی مارا گیا ہے۔ ایک دوسرے پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا ہے۔ یہ واقعہ کشمیر کے شمالی علاقے بارامولا میں پیش آیا۔ اس کے علاوہ سری نگر میں بھی احتجاج ہوا جبکہ بھارت نے صورتحال کنٹرول میں رکھنے کے لیے ہزاروں اضافی فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

[pullquote]بھارتی اور پاکستانی دستوں کی ایک دوسرے پر گولہ باری، متعدد ہلاکتیں[/pullquote]

منقسم اور متنازعہ خطے کشمیر میں کنٹرول لائن کے قریب بھارتی اور پاکستانی فورسز کی گولہ باری کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔ پاکستانی فوج کے ایک ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کے بعد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں تین شہری ہلاک ہو گئے جبکہ جوابی کارروائی میں بھارت کے کم از کم چھ فوجی مارے گئے۔ بھارتی بیان کے مطابق پاکستانی فورسز کے ہاتھوں صرف ایک فوجی مارا گیا جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے۔

[pullquote]امریکی صدر نے گرین لینڈ کی وجہ سے ڈنمارک کا دورہ منسوخ کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ طور پر گرین لینڈ کو خرید لینے سے متعلق تنازعے کی وجہ سے اپنا ڈنمارک کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ڈینش وزیر اعظم میٹے فریڈےرِکسن گرین لینڈ کو بیچنے کے حوالے سے گفتگو پر راضی نہیں اور وہ اس وجہ سے اپنا کوپن ہیگن کا دورہ ملتوی کر رہے ہیں۔ گرین لینڈ ایک خود مختار علاقہ ہے لیکن یہ ڈنمارک کا حصہ ہے۔ اتوار کو صدر ٹرمپ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ گرین لینڈ خریدنا چاہتے ہیں لیکن ڈینش حکومت نے کہا تھا کہ گرین لینڈ برائے فروخت نہیں ہے۔

[pullquote]اسد مخالف باغیوں کو خان شیخون میں مکمل شکست[/pullquote]

شامی صدر بشارالاسد کے خلاف لڑنے والے متعدد باغی گروپوں نے اسٹریٹیجک لحاظ سے اہم شہر خان شیخون سے اپنے مکمل انخلا کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ اہم شہر ادلب کے بالکل قریب واقع ہے۔ شامی فوج کے ایک عہدیدار کے مطابق ایک جنگی کارروائی کے بعد اس شہر پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔ شام کے حالات پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بھی باغیوں کے انخلا کی تصدیق کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ باغی ادلب میں موجود ترک فوجی چوکیوں کی جانب چلے گئے ہیں۔ اس پیش رفت کے ساتھ ہی صدر اسد کے فوجیوں کو باغیوں کے آخری مضبوط گڑھ ادلب کے خلاف پہلی بڑی کامیابی مل گئی ہے۔

[pullquote]ایرانی آئل ٹینکر: امریکا کی بحیرہ روم کی تمام بندرگاہوں کو دھمکی[/pullquote]

امریکا نے بحیرہ روم کے تمام ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جبرالٹر سے آنے والے ایرانی آئل ٹینکر کو اپنے ہاں لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے باز رہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ اس آئل ٹینکر کے ساتھ تجارت کا مطلب دہشت گردوں کی حمایت ہو گا۔ امریکا کے مطابق یہ آئل ٹینکر ایرانی پاسداران انقلاب کی ملکیت ہے، جسے امریکا ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ واشنگٹن کے مطابق اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اس ٹینکر پر لدا تیل دہشت گردوں کی مدد کے لیے استعمال نہ ہو۔ قبل ازیں امریکی درخواست کے باوجود جبرالٹر نے اس آئل ٹینکر کو چھوڑ دیا تھا۔

[pullquote]کیمرون میں اپوزیشن رہنماؤں کو عمر قید کی سزائیں[/pullquote]

افریقی ملک کیمرون کی ایک فوجی عدالت نے اپوزیشن کے دس رہنماؤں کو عمرقید کی سزائیں سنا دی ہیں۔ افریقہ نیوز کے مطابق ان افراد کو بغاوت، دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کی تحریک چلانے کے الزامات میں مجرم قرار دے دیا گیا۔ اپوزیشن کے یہ رہنما صدر پاؤل بیا کے اکتوبر دو ہزار اٹھارہ میں ہونے والے انتخاب کے خلاف تھے اور انہوں نے احتجاجی ریلیاں بھی نکالی تھیں۔ اپوزیشن نے صدر پر انتخابات میں دھاندلی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کیے تھے۔ کمیرون کے مغرب میں گزشتہ دو برسوں سے انگریزی بولنے والی اقلیت اور فرانسیسی بولنے والی اکثریت کے مابین خانہ جنگی کی سی صورتحال ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے