ہفتہ : 24 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سابق بھارتی وزیرخزانہ ارون جیٹلی انتقال کر گئے[/pullquote]

بھارت کے سابق وزیرخزانہ ارون جیٹلی 66 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ نریندر مودی کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جانے والے جیٹلی کا انتقال نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں ہوا۔ وہ سن 2014 سے رواں برس ہونے والے عام انتخابات تک مودی کی کابینہ میں شامل رہے۔ گزشتہ برس انہیں گردوں کی پیوندکاری کروانا پڑی تھی، تاہم بعد میں ان میں سرطان کے مرض کی تشخیص بھی ہوئی تھی۔ وہ دو ہفتے سے نئی دہلی کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

[pullquote]شامی فورسز باغیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں گی، دمشق حکومت[/pullquote]

شامی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ ادلب صوبے میں باغیوں کے خلاف اپنی پیش قدمی جاری رکھے گی۔ تیس اپریل کو حکومتی فورسز نے روسی فضائی مدد سے ادلب اور حما صوبوں میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقوں میں پیش قدمی شروع کی تھی۔ شامی فوج کے مطابق حکومتی فورسز نے ادلب کے جنوبی اور حما کے شمالی حصوں میں متعدد علاقے باغیوں سے چھڑا لیے ہیں۔ فوجی بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی فورسز باغیوں کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔ دوسری جانب شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ جمعے کے روز حکومتی فورسز نے حما صوبے میں متعدد علاقے باغیوں سے چھین لیے۔

[pullquote]راکٹ فائر ہونے کے بعد طرابلس میں پروازیں عارضی طور پر معطل[/pullquote]

ہفتے کے روز لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے ہوائی اڈے پر راکٹ داغے جانے کے بعد پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ لییبیا میں طرابلس ہی واحد فعال ہوائی اڈا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ہوائی اڈے پر راکٹ اس وقت داغا گیا، جب وہاں دو مسافر جہاز لینڈ کر رہے تھے۔ اس واقعے کے بعد ہوائی اڈے کے حکام نے ایک فیس بک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ ہوائی اڈے پر پروازیں تاحکم ثانی معطل کر دی گئی ہیں، تاہم کئی گھنٹوں کے تعطل کے بعد سہ پہر کو پروازیں دوبارہ بحال کر دی گئیں۔

[pullquote]ایرانی آئل ٹینکر نے منزل بدل لی[/pullquote]

ایرانی آئل ٹینکر گریس ون نے اپنی منزل بدل لی ہے اور اب اس کی منزل ایک ترک بندرگاہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جبرالٹر میں برطانوی فورسز کے ہاتھوں روکے اور بعد میں ایک عدالتی حکم کے بعد چھوڑے جانے والے ایرانی بحری جہاز ادریان دریا ون نے آج ہفتے کی صبح اپنی منزل یونانی بندرگاہ کالاماتا سے بدل کر اب ترک بندرگاہ میسرین کو مقرر کیا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ امریکا نے اس آئل ٹینکر کے وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔ اس بحری جہاز پر دو اعشاریہ ایک ملین بیرل خام تیل لدا ہوا ہے، جس کی قیمت قریب ایک سو تیس ملین ڈالر ہے۔ فی الحال اس پیش رفت پر ایران یا ترکی کی جانب سے کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]یمنی علیحدگی پسند باغیوں نے فائربندی کا اعلان کر دیا[/pullquote]

یمن کے جنوبی حصوں میں متحرک علیحدگی پسند باغیوں نے حکومتی فورسز کے ساتھ طویل جھڑپوں کے بعد فائربندی کا اعلان کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے شبوہ صوبے میں دو روز تک شدید جھڑپوں کے بعد آج ہفتے کو ’سدرن ٹرانزیشنل کونسل‘ نامی علیحدگی پسند گروپ نے کہا کہ شبوہ صوبے میں تمام فریقین عرب اتحاد کی جانب سے فائربندی کے مطالبے کا احترام کریں۔ واضح رہے کہ یہ علیحدگی پسند متحرک یمن کے جنوبی حصے کی علیحدگی کی کوشش میں ہیں۔ یمن پہلے ہی صدر منصور ہادی اور ایران نواز شیعہ حوثی باغیوں کے درمیان لڑائی کی وجہ سے تباہ حال ہے۔

[pullquote]فرانسیسی شراب پر امریکی محصولات کا جواب دیا جائے گا، ٹُسک[/pullquote]

یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹُسک نے کہا ہے کہ اگر امریکا فرانسیسی شراب پر اضافی محصولات عائد کرتا ہے، تو یورپی یونین اس کا جواب دے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جی سیون اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن سے روانگی سے قبل کہا کہ وہ فرانس کی جانب سے امریکی اداروں گوگل، فیس بک اور ایپل پر سیلز ٹیکس عائد کرنے کے جواب میں فرانسیسی شراب پر محصولات عائد کر دیں گے۔ ڈونلڈ ٹُسک نے ٹرمپ کے اس بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ امریکا اور یورپی یونین کے درمیان محاذ آرائی ہو، تاہم وہ ہر حال میں فرانسیسی شراب کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔

[pullquote]ترک صدر کے دورہ روس کا اعلان[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن آئندہ ہفتے روس جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ وہ 27 اگست کو روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ روز ٹیلی فون پر بات چیت بھی ہوئی تھی۔ کہا جا رہا ہے کہ اس دورے کا مقصد شام کے شمالی حصوں میں جاری لڑائی کو روکنے کی کوشش ہو گا۔ ترک میڈیا پر سامنے آنے والی رپورٹوں کے مطابق ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک گفت گو میں ایردوآن کا کہنا تھا کہ بشارالاسد کی حامی فورسز کی کارروائیوں کی وجہ سے شمالی شام میں انسانی بحران پیدا ہو رہا ہے، جب کہ اس سے ترکی کی قومی سلامتی بھی خطرات کا شکار ہے۔

[pullquote]تائیوان میں سمندری طوفان کی وجہ سے زندگی مفلوج[/pullquote]

تائیوان کو سمندری طوفان بائیلو کا سامنا ہے۔ ہفتے کے روز اس سمندری طوفان کی وجہ سے تائیوان میں سینکڑوں پروازیں معطل کر دی گئیں، جب کہ کاروباری ادارے اور اسکول بند رہے۔ حکام نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اس سمندری طوفان کی وجہ سے موسلادھار بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے کے علاوہ کئی مقامات پر سیلابی صورت حال پیدا ہو سکتی ہے۔ اسی تناظر میں ہفتے کو حکام نے ملک کے جنوبی حصوں میں 34 ہزار فوجی تعینات کیے ہیں، جو مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

[pullquote]امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کی بحالی[/pullquote]

امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ قطر میں گزشتہ روز بحال ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ فریقین افغانستان میں گزشتہ اٹھارہ برس سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کسی ڈیل کے قریب ہیں۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ مذاکرات کے اس نویں دور میں بات چیت رات گئے تک جاری رہی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات چیت میں کہا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے خصوصی امریکی مندوب زلمے خلیل زاد اور ان کی ٹیم کو خاصی کامیابی ہوئی ہے۔ تاہم اس عہدیدار کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کوئی ڈیل کب طے پائے گی۔

[pullquote]عالمی واچ ڈاگ عسکریت پسندوں فنڈنگ کی روک تھام کیلئے پاکستانی اقدامات مانیٹر کرے گا[/pullquote]

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس اکتوبر میں اپنے اجلاس سے قبل عسکریت پسندوں کی فنڈنگ کی روک تھام کے لیے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی نگرانی کرے گا۔ رواں ہفتے اس عالمی ادارے کے ایشیا پیسیفک گروپ نے کینبرا میں اپنے اجلاس میں گزشتہ برس ’گرے لسٹ‘ میں ڈالے گئے ممالک بہ شمول پاکستان کی صورت حال پر غور کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے رپورٹ حتمی طور پر اکتوبر کے آغاز میں شائع کر دی جائے گی۔ رواں برس جون میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اکتوبر تک کی مہلت دی تھی کہ وہ عسکریت پسندوں کو سرمائے کی فراہمی کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے، دوسرے صورت میں اسے ’بلیک لسٹ‘ کر دیا جائے گا۔

[pullquote]کشمیر میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں[/pullquote]

کشمیر میں جمعے کے روز سکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ بتایا گیا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد متعدد مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا جب کہ مظاہرین کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر پتھراؤ کیا گیا۔ یہ بات اہم ہے کہ پانچ اگست کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا اور تب سے اب تک کشمیر کے متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ ہے اور ابلاغ کے تمام تر ذرائع معطل ہیں۔

[pullquote]سویوز خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے جڑ نہ سکا[/pullquote]

انسان نما روبوٹ لے کر جانے والا روسی خلائی جہاز آج ہفتے کے روز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے جڑنے کی کوشش میں ناکام رہا۔ بتایا گیا ہے کہ پہلی کوشش میں ناکامی کے بعد اب یہ جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے جڑنے کی دوبارہ کوشش کرے گا۔ روسی خبر رساں اداروں کے مطابق سویوز خلائی جہاز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے فقط سو میٹر دور تھا، جب اسے خلائی اسٹیشن سے جوڑنے کی کوشش روکنا پڑی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے