بہاماس: سمندری طوفان ’ڈوریان‘ سے تباہی، مکانات ڈوب گئے، مواصلاتی نظام درہم برہم

بہاماس میں انتہائی خطرناک سمندری طوفان ’ڈوریان‘ نے تباہی مچادی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سی این این کے مطابق طوفان کے ٹکرانے سے بہاماس کے متعدد جزیروں کو انتہائی نقصان پہنچا ہے، طوفان نے ایلبوئے کے، مینو وار اور مارش کی بندرگاہوں کے قریبی علاقوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے جس کے نتیجے میں کئی عمارتیں تباہ اور بلڈنگز جزوی طور پر سیلابی پانی میں زیرِ آب آگئی ہیں۔

حکام نے شہریوں کو گھروں اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ یہ انسانی زندگی کے لیے انتہائی خطرناک صورتحال ہے، طوفان سیلاب کی صورت اختیار کررہا ہے جب کہ طوفانی ہوائیں مزید شدت اختیار کریں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طوفان کے نتیجے میں ہواؤں کی رفتار 200 میل فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ طوفان کے باعث لہروں کے 18 سے 23 فٹ تک بلند ہونے کے امکانات ہیں جو مزید تباہی کا سبب بن سکتی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ کٹیگری پانچ کا یہ سمندری طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہاہے جو امریکا کے مشرقی ساحلی حصے سے ٹکرا سکتا ہے، طوفان کے پیش نظر امریکا ریاستوں فلوریڈا، جارجیا اور شمالی و جنوبی کیرولینا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

طوفان نے گرینڈ بہاماس جزیرے کو کئی مرتبہ متاثر کیا جس کے باعث جزیرے میں طوفانی ہوائیں اور شدید بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں کئی مکانات آدھے سے زائد پانی میں ڈوب گئے، گھروں کی چھتیں اڑ گئیں اور بجلی کے کھمبے گرنے سے مواصلات کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

طوفان کے باعث امریکا کے 700 جزیروں پر بجلی اور انٹرنیٹ کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

حکومت نے طوفان کے باعث 14 پناہ گاہیں کھول دی ہیں جب کہ درجنوں گرجا گھروں، اسکولوں اور عمارتوں کو ایمرجسنی پناہ گاہوں کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔

حکام نے پیر کے روز بھی گرینڈ بہاماس جزیرے پر طوفان کے جاری رہنے کے امکانات ظاہر کیے ہیں جس کے بعد طوفان ریاست فلوریڈا کے مشرقی ساحل کی جانب بڑھے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے