سری لنکن کرکٹ بورڈ سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کیلئے قائل نہ کرسکا

سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنے سینئر کھلاڑیوں کو پاکستان آنے کیلئے قائل نہ کرسکا۔

سری لنکا کرکٹ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ 10 سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا ہے جس میں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ ملنگا اور سابق کپتان انجیلو میتھیوز بھی شامل ہیں۔

کرونارتنے اور لستھ ملنگا بھی سیکیورٹی بریفنگ کے باوجود پاکستان آنے کیلئے قائل نہ ہوسکے جب کہ ان کے ساتھ سورنگا لکمل، دھننجا ڈی سلوا، دنیش چندی مل، نروشان ڈک ویلا اور تشارا پریرا نے بھی سیکورٹی خدشات کی وجہ سے پاکستان آنے سے معذرت کی ہے۔

سری لنکا میڈیا کے مطابق اسٹار کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں لاہیرو تھری مانے اس ماہ پاکستان کے دورے میں سری لنکا کی ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ داسون شناکا لاہور میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں کپتانی کریں گے۔

2017 میں بھی کئی مشہور کھلاڑیوں نے ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے لاہور آنے سے انکار کیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں 27 ستمبر سے 9 اکتوبر کے درمیان پاکستان میں تین ایک روزہ میچز اور تین ٹی 20 میچز کھیلیں گی۔

سری لنکن ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی جہاں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو 3 ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔

دوسرے مرحلے میں سری لنکن ٹیم لاہور پہنچے گی جہاں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے