جمعہ : 13 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن کابینہ کا ماحولیاتی پالیسی کے حوالے سے خصوصی اجلاس[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی کابینہ آج جمعے کو اپنے ایک خصوصی اجلاس میں سن 2030 تک کے ماحولیاتی اہداف کا تعین کرے گی۔ اس میٹنگ میں چانسلر میرکل کی سیاسی جماعت سی ڈی یو کی قریبی حلیف پارٹی کرسچین سوشل یونین کے ساتھ ساتھ مخلوط حکومت میں شامل سوشل ڈیموکریٹک پارٹی بھی شرکت کرے گی۔ اس اجلاس میں جرمن وزیر ٹرانسپورٹ ملکی ٹرانسپورٹ انڈسٹری کو تقویت دینے کے ليے اربوں یورو کے منصوبے بھی پیش کریں گی۔ دوسری جانب جرمنی سن 2020 تک کے لیے مقرر سبز مکانی گیسوں کے اخراج کے لیے مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہ سکتا ہے۔

[pullquote]سابق ترک وزیراعظم داؤد اولو نے ایردوآن کی پارٹی چھوڑ دی[/pullquote]

ترکی کے سابق وزیراعظم احمد داؤد اولو نے حکمران جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کی رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ترکی کی حکمران سیاسی جماعت کے سربراہ موجودہ ملکی صدر رجب طیب ایردوآن ہیں۔ پارٹی چھوڑنے کی وجہ بعض سیاسی کارکنوں کی جانب سے داؤد اولو کو پارٹی سے نکالنے کا مطالبہ قرار دی گئی ہے۔ سابق وزیراعظم نے ملکی دارالحکومت انقرہ میں پریس کانفرنس کے دوران ایک نئی سیاسی تحریک اور ایک نیا راستہ اپنانے کا اعلان بھی کیا۔ داؤد اولو کو جسٹس اینڈ ڈیویلپمنٹ پارٹی کے کئی اہم کارکنوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق داؤد اولو کا استعفیٰ صدر ایردوآن کے لیے ایک دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

[pullquote]پوپ رواں برس نومبر میں جاپان اور تھائی لینڈ کے دورے کریں گے[/pullquote]

ویٹيکن سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پوپ فرانسس رواں برس نومبر میں تھائی لینڈ اور جاپان کے دورے کریں گے۔ کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا بیس نومبر کو تین روزہ دورے پر بنکاک پہنچیں گے۔ تھائی دارالحکومت میں پوپ دعائیہ تقاريب میں شریک ہونے کے علاوہ کیتھولک پادریوں کی کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ تھائی لینڈ کے بعد پوپ اپنے جاپانی دورے کے دوران وزیراعظم شینزو آبے کے ساتھ ملاقات کے علاوہ دوسری عالمی جنگ کے دوران ایٹم بم کا شکار ہونے والے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی بھی جائیں گے۔ یہ امر اہم ہے کہ تھائی لینڈ اور جاپان کی اکثریتی آبادی بدھ مت کی پیروکاروں کی ہے۔

[pullquote]امریکی کانگریس نے زلمے خلیل زاد کو طلب کر لیا[/pullquote]

امریکی کانگریس نے افغان مذاکرات میں ملک کی نمائندگی کرنے والے مذاکرات کار زلمے خلیل زاد کو ایوانِ نمائندگان کے اجلاس میں شریک ہو کر مذاکراتی عمل کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس مناسبت سے خلیل زاد کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ انیس ستمبر کو ایوانِ نمائندگان کے اجلاس میں شریک ہوں۔ ایوانِ نمائندگان کی خارجہ امور کی کمیٹی کے سربراہ ایلیٹ اینگل نے زلمے خلیل زاد کو اجلاس میں طلب کرنے کا خصوصی حکم نامہ جاری کیا ہے۔ چند روز قبل صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ مذاکرات کو اچانک منسوخ کرنے کے اعلان کے ساتھ ساتھ تقریباً طے شدہ ڈیل کو مردہ بھی قرار دے دیا تھا۔

[pullquote]پومپیو قومی سلامتی کے مشیر نہیں بنائے جا رہے، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ اپنے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو قومی سلامتی کے مشیر کی اضافی ذمہ داریاں نہیں سونپ رہے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق انہوں نے اپنے وزیر خارجہ کے ساتھ اس تناظر میں بات کی تھی لیکن انہوں نے تجویز ہے کہ یہ عہدہ کسی اور مناسب شخص کو تفویض کیا جائے۔ گزشتہ منگل کو امریکی صدر نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کو برخاست کر دیا تھا۔ ٹرمپ کے مطابق ان کے پاس پندرہ مختلف افراد کے نام اس منصب کے لیے ہیں اور وہ اگلے ہفتے کے دوران ان میں سے کسی ایک کے نام کا اعلان کریں گے۔

[pullquote]جنوبی کوریا کے صدر، صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ صدر مون بائیس سے چھبیس ستمبر تک نیویارک میں جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے قیام کریں گے۔ جنوبی کوریا اور امریکی صدور کی ملاقات کے ایجنڈے پر شمالی کوریائی جوہری پروگرام پر معطل شدہ مذاکرات کی بحالی مرکزی موضوع ہوگا۔ جنوبی کوریا کے صدر اپنے امریکی ہم منصب کے ساتھ ملاقات ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب شمالی کوریائی حکومت نے امریکا کے ساتھ جوہری پروگرام سے دستبرداری کی بات چیت ایک ماہ کے اندر اندر شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]موگابے کی تدفین قومی ہیروز کے قبرستان میں کی جائے گی[/pullquote]

افریقی ملک زمبابوے کے رحلت پا جانے والے صدر رابرٹ موگابے کو اتوار کے روز سرکاری اعزازات کے ساتھ دارالحکومت ہرارے کے قومی ہیروز کے قبرستان میں دفن کیا جائے گا۔ اس مناسبت سے موگابے کے پس مندگان نے اپنی رضامندی کا اظہار کر دیا ہے۔ مرحوم صدر کے بھتیجے کے مطابق موگابے کے آبائی علاقے کے عمائدین نے بھی ملکی لیڈر کو ہرارے میں دفن کرنے کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ زمبابوے پر سینتیس برس تک حکمرانی کرنے والے سابق صدر کی رحلت سنگاپور کے ایک ہسپتال میں ہوئی تھی اور اُن کی نعش گیارہ ستمبر کو واپس ملک میں لائی گئی تھی۔

[pullquote]برازیل کے ہسپتال میں آتش زدگی، گیارہ ہلاک[/pullquote]

برازیلی بندرگاہی شہر ریو ڈی جنیرو کے ایک ہسپتال میں اچانک آگ لگنے سے کم از کم گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فائر بریگیڈ کے عملے نے آج جمعے کو کم از کم دس نعشوں کو آتش زدگی سے متاثرہ حصے سے نکال لیا ہے۔ قبل ازیں جمعرات کی شام کو بھی متاثرہ عمارت سے ایک لاش برآمد کر لی گئی تھی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ جمعرات بارہ اگست کو جب آگ لگی تھی تب متاثرہ عمارت کے اندر ایک سو تین مریض موجود تھے۔ بعض مریضوں کو قریبی ہسپتالوں میں بھی منتقل کر دیا گیا تھا۔ جلنے والی عمارت میں افراد کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]ایرانی قیادت بات چیت چاہتی ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتا ہے۔ صدر ٹرمپ اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کا اشارہ پہلے بھی کئی مرتبہ دے چکے ہیں۔ ان کے تازہ بیان سے ان توقعات کو تقویت ملی ہے کہ وہ اس ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر فریقین کے درمیان اعلی سطحی ملاقات کے خواہشمند ہیں۔ تاہم اس معاملے پر ابھی ایران کی جانب سے کچھ نہیں کہا گیا۔ امریکی اور ایرانی صدور کے درمیان ملاقات کی تجویز گزشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی طرف سے سامنے آئی تھی۔

[pullquote]ایران میں قید تین آسٹریلوی شہریوں کی رہائی کی کوششیں[/pullquote]

آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ ایران میں قید اپنے تین شہریوں کی رہائی کے لیے کوششیں کر رہا ہے۔ ایک بیان میں آسٹریلوی وزیر خارجہ ماریسے پائن نے واضح کیا کہ اُن کی حکومت اپنے تینوں شہریوں کی جلد رہائی کے لیے گزشتہ ایک ہفتے سے ایران کے حکام سے رابطے میں ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے ساتھ ملاقات بھی کی۔ آسٹریلیا نے ایران میں قید ان تینوں شہریوں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ ان میں دو برطانوی نژاد آسٹریلوی خواتین اور اِن میں سے ایک کے دوست شامل ہیں۔

[pullquote]تیونس میں اتوار کو صدارتی انتخابات ہوں گے[/pullquote]

شمالی افریقی ملک تیونس میں صدارتی الیکشن کا انعقاد اتوار پندرہ ستمبر کو ہو رہا ہے۔ یہ الیکشن صدر بیجی قائد السبسی کی رواں برس جولائی میں رحلت کے بعد ہو رہے ہیں۔ ان انتخابات میں چھبیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ نمایاں امیدواروں میں موجودہ وزیراعظم یوسف شاہد بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق انہیں تیونسی میڈیا انڈسٹری کی اہم شخصیت نبیل کروبی سے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔ اسلام پسند النہضہ پارٹی کے حمایت یافتہ امیدوارعبدالفتح مورو بھی میدان میں ہیں۔ صدارتی انتخابات کے عبوری نتائج کا اعلان سترہ ستمبر کو کیا جائے گا۔

[pullquote]بھارت: کشتی ڈوبنے سے ایک درجن ہلاکتیں[/pullquote]

وسطی بھارت کی ایک جھیل میں ایک کشتی غرق ہونے سے کم از کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال کے قریب پیش آیا۔ کشتی پر سوار بیس سے پچیس افراد گنیش دیوتا کی پوجا کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ بھارت کے قومی آفتوں سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق بارہ نعشیں جھیل میں سے نکال لی گئی ہیں۔ بھارت میں ہندو مذہب کے ماننے والے رواں ہفتے کے دوران گنیش دیوتا کے جنم دن کی تقریبات منا رہے ہیں۔

[pullquote]ایرانی آئل ٹینکر کا تیل شام منتقل کرنے کا ثبوت موجود ہے، امریکا[/pullquote]

امریکی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اُس کے پاس ایرانی آئل ٹینکر ایڈریان داریا وَن (1 Adrian Darya ) پر لدے ہوئے خام تیل کی شام کو منتقلی کے شواہد موجود ہیں۔ بدھ کے روز برطانیہ میں ایرانی سفیر نے برطانوی وزرارت خارجہ کو مطلع کیا تھا کہ آئل ٹینکر کا سارا تیل ایک نجی کمپنی کو سمندر میں فروخت کر دیا گیا تھا۔ ایڈریان داریا وِن اُس آئل ٹینکر کا نام ہے، جو پہلے گریس وِن کے طور پر جبرالٹر میں پکڑ لیا گیا تھا۔ اس آئل ٹینکر کو رواں برس چار جولائی کو برطانوی بحریہ نے اپنے قبضے میں لے کر جبرالٹر کی بندرگاہ پر روک دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے