آمدن سے زائد اثاثے کیس: خورشید شاہ 2 روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب کے حوالے

اسلام آباد: احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا دو روز کا راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔

گزشتہ روز قومی احتساب بیورو(نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں بنی گالہ سے خورشید شاہ کو گرفتار کیا تھا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ کے خلاف 7 اگست سے تحقیقات کا آغاز ہوا تھا، ان پر کوآپریٹو سوسائٹی میں بنگلے کیلئے رفاعی پلاٹ غیر قانونی طور پر اپنے نام کرانے کا الزام ہے۔

خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں آج احتساب عدالت اسلام آباد میں جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

اس موقع پر قومی نیب حکام نے کہا کہ خورشید شاہ کو سکھر کی عدالت میں پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ دیا جائے۔

جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ سکھر جانے میں کتنا ٹائم لگ جاتا ہے؟ اس پر خورشید شاہ نے جواب دیا کہ آج صبح سکھر کی فلائٹ تھی، کل بھی ہو گی۔

بعدازاں تفتیشی افسر نیب نے کہا کہ تین دن کا راہداری ریمانڈ دے دیں، ہم پہلی دستیاب فلائٹ سے خورشید شاہ کو سکھر لے جائیں گے۔

تاہم احتساب عدالت نے خورشید شاہ کا دو دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب حکام کو دو دن میں سکھر کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں نیب حکام نے خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی تحقیقات شروع کی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے