منگل : 24 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پارلیمنٹ کی معطلی، برطانوی سپریم کورٹ نے غیرقانونی قرار دے دی[/pullquote]

برطانوی سپریم کورٹ نے ملکی پارلیمنٹ کی معطلی کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ کی صدر برینڈا ہیل اور دیگر گیارہ ججوں نے مشترکہ طور پر یہ فیصلہ سناتے ہوئے پارلیمنٹ کی معطلی کو بلا جواز قرار دینے کے علاوہ اول دن سے یہ معطلی ختم کر دی اور کسی بھی وقت اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے حکومت کو اپیل کی اجازت نہیں دی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ وزیراعظم بورس جانسن کی جانب سے ملکہٴ برطانیہ کو پارلیمنٹ معطل کرنے کی سفارش غیر قانونی تھی۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نے بدھ پچیس ستمبر کو اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اس کے بعد لیبر پارٹی نے وزیراعظم جانسن کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

[pullquote]ایران کے دشمنوں کو شکست و قید کا سامنا کرنا پڑے گا، باقری[/pullquote]

ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے آج منگل کو ایران کے دشمنوں کو ایک مرتبہ پھر جنگ شروع کرنے سے خبردار کیا ہے۔ باقری نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملے کی کوشش کرنے والوں کو قید اور شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے بقول اگر ایران کے حوالے سے کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کا ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب ایران صدر حسن روحانی نے اپنے ایک پیغام میں امن و سلامتی کی بات کی ہے۔

[pullquote]امریکا اور شمالی کوریا میں مذاکرات دو سے تین ہفتوں میں شروع ہو سکتے ہیں، سیئول[/pullquote]

جنوبی کوریائی خفیہ ایجنسی نیشنل انٹیلیجنس سروس نے ملکی اراکین پارلیمنٹ کو ایک خصوصی بریفنگ میں بتایا کہ شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی بحالی کا امکان پیدا ہوا ہے۔ اجلاس میں شریک ایک رکن پارلیمنٹ کِم مِن کِی نے نیوز ایجنسی اے پی کو بتایا کہ یہ مذاکرات دو سے تین ہفتوں کے دوران شروع ہو سکتے ہیں۔ اس رکن کے مطابق شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان رواں برس ملاقات کا امکان بھی ہے۔ جنوبی کوریائی ایجنسی نے رکن پارلیمنٹ کے بیان پر کوئی ردعمل یا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ ٹرمپ اور اُن کے درمیان رواں برس فروری میں ہونے والی ہنوئی سمٹ ناکام ہو گئی تھی۔

[pullquote]چین میں بھی ای سیگریٹ پر پابندی لگانے کا امکان[/pullquote]

چین بھی ای سگریٹ پر پابندی لگانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے والا ہے۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق اس مناسبت سے اکتوبر میں قواعد و ضوابط کا اعلان کیا جائے گا۔ پھیپھڑوں کے مہلک عارضے ویپنگ کو ای سگریٹ پینے کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ ای سگریٹ اور ویپنگ بیماری کے تعلق کے تناظر میں امریکا میں تحقیق بھی جاری ہے اور اس کی وجہ چھ ہلاکتیں خیال کی گئی ہیں۔ بھارت نے حال ہی میں ای سگریٹ کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔ چین اور بھارت دنیا میں تمباکو کی سب سے بڑی منڈیاں ہیں۔ ای سگریٹ بنانے والی کئی کمپنیوں نے چین میں ایک بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔

[pullquote]عالمی رہنماؤں کا جنرل اسمبلی سےخطاب کا سلسلہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے عالمی لیڈران آج منگل سے اپنی اپنی تقاریر کا سلسلہ شروع کریں گے۔ آج کی تقاریر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں اور اُن کی تقریر میں ایران اور خلیج فارس کے تنازعے کو فوقیت حاصل ہو سکتی ہے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن بھی آج منگل ہی کو تقریر کریں گے۔ ایرانی صدر حسن روحانی بھی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے کے لیے امریکا پہنچ چکے ہیں۔ وہ کل بدھ کو تقریر کریں گے۔ منگل کو امریکی و ترک صدور کے علاوہ دوسرے تقاریر کرنے والوں میں فرانسیسی و برازیلی صدور کے علاوہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن بھی شامل ہیں۔

[pullquote]جرمنی: تنہا نابالغ تارک وطن کی آمد میں کمی[/pullquote]

تنہا سفر کرنے والے کم عمر تارکین وطن بچوں کی جرمنی آمد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ ترک وطن و مہاجرت کے وفاقی جرمن ادارے کے مطابق جنوری سے اگست کے درمیان تارک وطن بچوں کی جانب سے سیاسی پناہ کی تقریباً انیس سو درخواستیں جمع کرائی گئیں۔ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران یہ تعداد تین ہزار سے زائد تھی۔ 2018ء کے دوران والدین کے بغیر جرمنی آنے والے نابالغوں کی تعداد چار ہزار کے لگ بھگ تھی۔

[pullquote]موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے میں سیاستدان ناکام رہے ہیں، تھنبرگ[/pullquote]

تحفظ ماحول کے لیے سرگرم کم عمر سویڈش شہری گریٹا تھنبرگ نے موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے میں ناکامی کی ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد کی ہے۔ نیو یارک میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی اجلاس کے موقع انہوں نے کہا کہ انسان پریشان ہیں، ہلاکتیں ہو رہی ہیں اور سیاستدان پیسے اور اقتصادی ترقی کی خام خیالی میں مصروف ہیں۔ تھنبرگ نے سیاستدان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ ایسی بے عملی کا مظاہرہ کیسے کر سکتے ہیں۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا کہ عالمی برادری نے نوجوانوں کا مطالبہ سنا ہے۔ انہوں نے صنعتی ممالک پر زور دیا کہ اس بین الاقوامی چیلنج کا مل کر ہی مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]انڈونیشی صوبے پاپوا میں نسلی فسادات، چھبیس ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کے صوبے پاپوا میں انتشار کے باعث چھبیس افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہزاروں افراد افراتفری کے شکار علاقوں سے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ چھبیس میں سے بائیس افراد صوبے کے مرکزی شہر وامینا میں مارے گئے۔ زخمیوں کی تعداد ستر بتائی گئی ہے۔ مقامی فوجی افسر کمانڈر چندر دیانتو کے مطابق بعض جگہوں پر مشتعل افراد نے متاثرین کو زندہ بھی جلا ڈالا اور بعض انسانوں کے ٹکڑے بھی کر دیے گئے۔ سکیورٹی حکام نے تقریباً سات سو افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ نسلی فسادات نے پاپوا کو کئی ہفتوں سے اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔

[pullquote]ہڑتال کے قانون میں تبدیلی کے خلاف یونانی ورکروں کی ہڑتال[/pullquote]

آج منگل کو یونانی مزدور ملک کی نئی قدامت پسند حکومت کے خلاف ہڑتال کر رہے ہیں۔ بحری جہاز بندرگاہوں پر کھڑے ہیں اور شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام میں بھی خلل پیدا ہونے کا امکان ہے کیونکہ بسوں اور ریل گاڑیوں کی باقاعدہ سروس کو معمول کے مطابق نہ چلانے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔ یونان میں نئی قدامت پسند حکومت نے جولائی میں پارلیمانی انتخابات کے بعد حکومت سنبھالی ہے۔ اس حکومت کے وزیراعظم کیریاکوس مِٹسوٹاکیس نے نئی سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کر رکھا ہے اور اس تناظر میں وہ ہڑتال کرنے کے قانون میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔ مزدور یونینوں نے بینکوں اور اسکولوں سمیت دوسرے اداروں کو ہڑتال میں شامل ہونے کا کہا ہے۔

[pullquote]پیورٹیکو ریکو میں زور دار زلزلہ[/pullquote]

امریکی علاقے پیورٹو ریکو کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں زلزلے کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے جھٹکوں سے ساحلی شہر سان انتونیو میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابھی تک کسی جانی و مالی نقصان کو رپورٹ نہیں کیا گیا۔ زلزلے کا مقام سیاحی شہر سان انتونیو سے باسٹھ کلومیٹر کی دوری پر دس کلومیٹر زیر سمندر تھا۔ اسی شہر کا امریکا کی سرزمین سے ہوائی رابطہ قائم ہے۔ پیورٹو ریکو جس خطے میں واقع ہے، وہاں سن 2010 میں آنے والے زلزلے سے ایک اور جزیرہ ریاست ہیٹی میں ڈھائی لاکھ انسان موت کے منہ میں چلے گئے تھے۔

[pullquote]جنوبی کوریا، جاپانی بحریہ کی تقریبات میں شریک نہیں ہو گا[/pullquote]

جاپانی نیوی کی خصوصی تقریبات رواں برس اکتوبر میں منعقد کی جائیں گی۔ جنوبی کوریائی وزارت دفاع نے ان تقریبات میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کی وجہ ٹوکیو حکومت کی جانب سے دعوت نامہ نہ دینا بھی خیال کیا گیا ہے۔ اس تقریب میں جنوبی کوریا کی غیرحاضری کو دونوں ملکوں کے کشیدہ تعلقات کا تسلسل قرار دیا گیا ہے۔ سن 2015 میں منعقد کی جانے والی جاپانی بحریہ کی تقریبات میں آسٹریلیا، فرانس، بھارت اور امریکا کی نیوی نے شرکت کی تھی۔ امریکی حلیف ممالک جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان تجارتی تنازعات نے دوطرفہ اور باہمی تعلقات میں شدید کشیدگی پیدا کر رکھی ہے۔

[pullquote]جرمن فٹ بال کے سابق کوچ فیفا کے کوچ آف دی ایئر[/pullquote]

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے برطانوی کلب لیور پول کے کوچ یرگن کلوپ ’کوچ آف دی ایئر‘کے اعزاز سے نوازا ہے۔ فیفا کے مطابق کلوپ کا مقابلہ مانچسٹر کے کوچ پیپ گواردیلیو اور ٹوٹن ہائم کے ماؤریسیو پوچینٹینو سے تھا۔ لیور پول چیپمئنز لیگ کی فاتح ہے۔ کلوپ جرمن فٹ بال کھلاڑی رہ چکے ہیں۔ فٹ بالر آف دی ایئر ارجنٹائن کے لیونل میسی کو قرار دیا گیا ہے۔ انہیں چھٹی مرتبہ یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔ بہترین خاتون فٹ بالر کا اعزاز امریکی کھلاڑی میگن روپینو کے حصے میں آیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے