بدھ : 25 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اسرائیل نے فسلطینی وزیر کو گرفتار کر لیا[/pullquote]

اسرائیلی پولیس نے یروشلم کے معاملات کے فلسطینی وزیر کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق فادی الھدمی کو مشرقی یروشلم میں سیاسی سرگرمی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ انہیں مبینہ طور پر ایک نئے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جس کے تحت یروشلم کے اسرائیلی قبضے میں موجود حصے میں سیاسی سرگرمیوں کی ممانعت ہے۔ اسرائیلی پولیس کے مطابق اسی الزام میں فلسطینی انتظامیہ کے نئے مقرر کردہ گورنر عدنان الغیث کی تلاش بھی جاری ہے۔

[pullquote]روسی فوجی ماہرین وینزویلا پہنچ گئے[/pullquote]

روسی فوجی ماہرین کا ایک گروپ وینزویلا کے دارالحکومت کراکس پہنچ گیا ہے۔ یہ بات روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس نے بتائی ہے۔ رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنی تعداد میں ماہرین کراکس پہنچے ہیں، تاہم نام ظاہر کیے بناء ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ ماہرین اس فوجی ساز وسامان کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے بھیجے گئے ہیں جو روس نے اس لاطینی امریکی ملک کو فروخت کیا ہے۔

[pullquote]اسرائیل اور امریکا کی طرف سے اسرائیل کے بائیکاٹ کی مہم کے خلاف ایکشن کا مطالبہ[/pullquote]

اسرائیلی اور امریکی حکام نے مغربی یورپ میں یہودیوں کے خلاف بڑھتے ہوئے حملوں کے خلاف خبردار کیا ہے۔ ساتھ ہی یورپی یونین کے رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان تنظیموں کے خلاف ایکشن لیں جو اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی بائیکاٹ کی حمایت کر رہی ہیں۔ اسرائیل کے اسٹریٹیجک معاملات کے وزیر گیلاد ایردن نے برسلز میں ایک پریس میں کہا کہ یورپی یونین کو فلسطینیوں کی رہنمائی میں چلنے والی مہم ’بائیکاٹ، ڈی ویسٹمنٹ اینڈ سینکشنز‘ کے لیے فنڈنگ کا راستہ روکنا چاہیے۔ اس کانفرنس میں امریکی نمائندہ خصوصی ایلان کار بھی موجود تھے۔

[pullquote]فرانس کو غیر قانونی تارکین وطن کے لیے ’زیادہ دلچسپی‘ کا حامل نہیں ہونا چاہیے، ماکروں[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کہا ہے کہ فرانس غیر قانونی تارکین وطن کو طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کا سلسلہ نہیں روکے گا۔ ماکروں کے بقول تاہم ایک ایسا پروگرام شروع کیا جائے گا جو اس بات کا جائزہ لے گا کہ فرانس غیر قانونی تارکین وطن کے لیے بہت زیادہ دلچسپی کا حامل ملک نہ رہے۔ یورپ ون ریڈیو سے بات کرتے ہوئے ماکروں کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کی رائے ہے کہ ایسے تارکین وطن کو طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کا سلسلہ بند کر دیا جائے مگر یہ انتہائی غلط ہو گا۔

[pullquote]ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ٹرمپ کے خلاف مواخذے کے لیے تحقیقات کا اعلان[/pullquote]

امریکی ڈیموکریٹک پارٹی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ مواخذے کی کارروائی کے لیے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسپیکر نینسی پلوسی کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی آئینی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے یوکرائنی صدر وولادیمیر زیلنسکی سے اپنے سیاسی حریف جو بائیڈن کے بیٹے کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا اور اس کے بدلے رقم کی پیشکش کی گئی تھی۔ جو بائیڈن کو آئندہ انتخابات میں صدر ٹرمپ کا ممکنہ حریف سمجھا جا رہا ہے

[pullquote]میرکل کی ٹرمپ اور روحانی سے ملاقاتیں[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے خلیج فارس کے علاقے میں جاری بحران کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پھر ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقاتیں کی ہیں۔ میرکل نے بعد ازاں دونوں رہنماؤں سے براہ راست ملاقات کرنے کی درخواست کی۔ تاہم میرکل کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس طرح کی کسی ملاقات سے قبل تہران کے خلاف پابندیاں ہٹائے جانے کا مطالبہ غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ روحانی نے البتہ اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ اگر امریکا ایران کے خلاف پابندیاں ختم کرتا ہے تو ایران جوہری معاہدے میں معمولی تبدیلیوں کے لیے تیار ہے.

[pullquote]جکارتہ میں مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں، 300 سے زائد زخمی[/pullquote]

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں احتجاجی مظاہرین کی پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں 300 سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ مظاہرین ملک میں فوجداری قوانین میں تبدیلی کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ ان قانونی تبدیلیوں سے ملک میں سول آزادیوں پر قدغن لگنے کا خدشہ ہے۔ پولیس نے ملکی پارلیمان کے باہر مظاہرہ کرنے والے تین ہزار سے زائد طلبہ کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور تیز دھار پانی کا بھی استعمال کیا۔

[pullquote]بیجنگ کے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح[/pullquote]

بیجنگ کے نئے ایئرپورٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس ایئرپورٹ کی تعمیر چار برس قبل ہی شروع کی گئی تھی۔ چینی صدر شی جن پنگ نے اس ایئرپورٹ کا افتتاح کیا۔ چینی دارالحکومت بیجنگ سے 50 کلومیٹر دور اس ایئرپورٹ کو ابتدائی طور پر سالانہ 45 ملین مسافر استعمال کریں گے جبکہ بعد ازاں یہ سالانہ 100 ملین مسافروں کو سفری سہولیات مہیا کر سکے گا۔ افتتاح کے موقع پر چینی میڈیا نے اس نئے ایئرپورٹ کی برلن کے ہوائی اڈے کے مقابلے میں انتہائی قلیل مدت میں تکمیل کا خاص طور پر ذکر کیا۔

[pullquote]ترکی: پولیس بس بم دھماکے کا شکار، کم از کم پانچ افراد زخمی[/pullquote]

ترکی کے شمالی حصے میں پولیس اہلکاروں کو لے جانے والی ایک بس سڑک کنارے نصب ایک بم کے دھماکے کا نشانہ بنی جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد زخمی ہوئے۔ ترک صوبہ اڈانا کے گورنر محمود دیمیرتس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں ایک پولیس افسر بھی شامل ہے۔ دیگر چار افراد راہ گیر تھے۔ دیمیرتس نے اس بم دھماکے کی ذمہ داری کسی پر عائد نہیں کی۔ ترکی میں سال 2015ء اور 2016ء کے دوران دہشت گردانہ حملوں کے نتیجے میں سینکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔

[pullquote]فلپائن میں ایک کشتی الٹنے کے سبب سات افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے ایک جزیرے کے قریب ایک کشتی الٹنے کے نتیجے میں سات کشتی ران ہلاک ہو گئے ہیں۔ فلپائنی کوسٹ گارڈز کے مطابق یہ کشتی ران جزیرہ باروکے کے قریب اپنی ڈریگن بوٹ پر پریکٹس کر رہے تھے۔ کوسٹ گارڈز نے اس کشتی پر سوار 14 دیگر کھلاڑیوں کو ڈوبنے سے بچا لیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے