جمعرات :26 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]خطے میں امن کے لیے روحانی کا امن منصوبہ[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے خطے میں امن کا ایک منصوبہ پیش کیا ہے۔ انہوں نے آبنائے ہرمز سے متصل تمام ممالک کو تنازعات کے خاتمے کے لیے مل بیٹھنے کی دعوت دی ہے۔ تاہم انہوں نے ایران کے خلاف پابندیوں کے خاتمے تک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے امکان کو مسترد کر دیا۔ روحانی کے مطابق امریکی حکومت ’بے رحم معاشی دہشت گردی‘ جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]دنیا کو عدم برداشت، پر تشدد شدت پسندی اور دہشت گردی سے شدید خطرہ ہے، گوٹیرش[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے خبردار کیا ہے کہ دنیا کو عدم برداشت، پرتشدد شدت پسندی اور دہشت گردی سے انتہائی زیادہ خطرہ ہے جو ہر ایک ملک کو متاثر کر سکتی ہے، تنازعات کو شدید تر بنا سکتی ہے اور پورے کے پورے خطوں کو غیر مستحکم کر سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کے سربراہ نے یہ بات جنرل اسمبلی کے اجلاس کے حاشیے میں سکیورٹی کونسل کے رکن ممالک کے وزراء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ گوٹیرش نے سوشل میڈیا، سائبر حملوں اور ڈارک ویب کو بھی بڑے خطرات قرار دیا۔

[pullquote]اماراتی خلاباز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے عرب[/pullquote]

متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ایک خلاباز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ ھزاع المنصوری ایسے پہلے عرب اور اماراتی شہری ہیں جو خلائی اسٹیشن پر پہنچے ہیں۔ منصوری کے ساتھ ایک روسی اور ایک امریکی خلاباز گزشتہ روز قذاقستان کے بیکانور خلائی مرکز سے روانہ ہوئے اور چھ گھنٹوں بعد زمین کے مدار میں گردش کرتے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے۔ المنصوری اس اسٹیشن پر چار روز گزاریں گے۔

[pullquote]زیلنسکی کی طرف سے ٹرمپ کی حمایت[/pullquote]

یوکرائنی صدر وولادیمیر زیلنسکی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ اپنی ٹیلی فونک بات چیت کے بارے میں پیدا ہونے والے تنازعے میں ٹرمپ کی حمایت کی ہے۔ زیلنسکی نے نیویارک میں ٹرمپ کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ ان پر کسی نے کوئی دباؤ نہیں ڈالا تھا۔ امریکی ڈیموکریٹک پارٹی نے ٹرمپ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے زیلنسکی کو ہنٹر بائیڈن کے خلاف تحقیقات کے لیے کہا تھا۔ ہنٹر بائیڈن جو بائیڈن کے بیٹے ہیں جو آئندہ برس ہونے والے انتخابات میں صدر ٹرمپ کے ممکنہ حریف ہیں۔ اسی الزام کے باعث ڈیموکریٹک پارٹی ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی تحریک بھی لانا چاہتی ہے۔ ٹرمپ نے اس بنیاد پر ممکنہ مواخذے کو ایک مذاق قرار دیا ہے۔

[pullquote]خود غرضانہ اقدامات قابل تنقید ہیں، ہائیکو ماس[/pullquote]

جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران موسمیاتی جنگ سے خبردار کیا ہے۔ ماس کے مطابق جب انسانوں کی صاف پانی تک رسائی نہ ہو اور مسلسل خشک سالی کی وجہ سے فصلیں برباد ہو رہی ہوں تو مستقبل کی جنگ ماحولیاتی جنگ ہو گی۔ اس موقع پر انہوں نے قومی سطح کی سوچ کی بجائے بین الاقوامی سطح پر تعاون کی وکالت کی۔ ماس نے کئی ممالک کے سربراہان کی جانب سے اٹھائے جانے والے خود غرضانہ اقدامات پر تنقید کی۔ ماس نے پچاس سے زائد ممالک کے نمائندوں کے ساتھ مل کر کثیرالقومی اتحاد بنانے کا اعلان بھی کیا۔

[pullquote]نیتن یاہو کو حکومت سازی کی دعوت[/pullquote]

اسرائیلی صدر رووِن ریولن نے بینجمن نیتن یاہو کو حکومت سازی کی دعوت دی ہے۔ نیتن یاہو کی دائیں بازو کی جماعت لیکود پارٹی اور سابق فوجی سربراہ بینی گینٹس کے درمیان گرینڈ کولیشن کے حوالے سے بات چیت ناکام ہو چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں نیتن یاہو کی جماعت نے گینٹس کے ’بلیو اینڈ وائٹ‘ اتحاد کے مقابلے میں ایک نشست کم حاصل کی تھی تاہم پارلیمان کے 55 ارکان نے نیتن یاہو کو وزیراعظم بنانے کی تجویز دی ہے۔ گینٹس کی حمایت کرنے والے ارکان کی تعداد 54 رہی۔

[pullquote]ملائیشیا میں اسلامک اسٹیٹ کے خلاف کارروائی، 15 مشتبہ افراد گرفتار[/pullquote]

ملائیشیا میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ سے تعلق کے شبے میں کم از کم پندرہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملکی پولیس نے آج جمعرات کو بتایا کہ گرفتار شدگان میں زیادہ تر غیر ملکی ہیں۔ مزید یہ کہ ان افراد کو جولائی سے ستمبر کے دوران مختلف مقامات پر مارے جانے والے چھاپوں میں حراست میں لیا گیا۔ جکارتہ میں ہونے والے ایک حملے کے بعد ملائیشیا میں جنوری 2016ء سے حفاظتی انتظامات کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]یورپی ایرواسپیس کمپنی ایئربس پر سائبر حملے[/pullquote]

انٹرنیٹ ہیکرز نے یورپی جہاز ساز ادارے ایئربس پر سائبر حملے کیے ہیں۔ یہ حملے ایئربس کے سپلائر اداروں پر کیے گئے جن میں انجن فراہم کرنے والی کمپنی رولز رائس بھی شامل ہے۔ سکیورٹی حکام کے مطابق ہیکرز ان کمپنیوں کے تیکنیکی راز چرانے کی کوشش میں تھے۔ ان حملوں کی تحقیقات کرنے والے دو سکیورٹی اہلکاروں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ایئربس کمپنی پر گزشتہ ایک برس کے دوران یہ چوتھے بڑے سائبر حملے ہیں۔ ان حملوں کا شبہ چین پر کیا جا رہا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے