گبر سنگھ کا ساتھی ’کالیا‘ اب نہیں رہا

شہرہ آفاق بھارتی فلم شعلے میں گبر سنگھ کے ساتھ کالیا کا کردار نبھانے والے اداکار وجو کھوٹے چل بسے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وجو کھوٹے کی صحت کچھ دنوں سے خراب تھی اور ان کے کئی اعضا نے کام کرنا بھی چھوڑ دیا تھا، اداکار پیر کے روز اپنی رہائش گاہ پر سونے کےبعد دوبارہ نہیں اٹھے جس کے بعد ان کے مرنے کی تصدیق کی گئی۔

شعلے کے کئی کردار اب اس دنیا میں نہیں رہے جن میں ٹھاکر یعنی سنجیو کمار،گبر یعنی امجد خان، رحیم چاچا یعنی اے کے ہنگل، ماسی یعنی لیلےٰ مشری اور سامبا یعنی میک موہن شامل ہیں اور اب اس شعلے کے ”کالیا“ یعنی وجو کھوٹے نے بھی اس دنیا کو الوداع کہہ دیا۔

بالی وڈ کی تاریخ شعلے اور شعلے کے ہر کردار اور مکالمے کے بغیر ادھوری ہے ۔گبر ،ٹھاکر، جے ویرو، بسنتی، سورما بھوپالی ، جیلر، سامبا، رام لال اور کالیا سمیت کئی لازوال کردار بالی وڈ کی سب سے بڑی فلم نے اس انڈسڑی کو دیے۔

بلا شبہ شعلے کا گبر سنگھ بالی وڈ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور مشہور کردار ہے اور شاید یہ گبر بھی وہ گبر نہیں ہوتا اگر اس کے ساتھ سامبا اور کالیا نہیں ہوتے۔

وجو کھوٹے نے کیا قسمت پائی ہے کہ انہیں سائیڈ رول میں بھی وہ کردار، مکالمے اور پہچان مل گئی جس کیلئے بالی وڈ میں بڑے بڑے ہیرو اور ہیروئنز ترستے ہی رہے۔فلم شعلے تو سب کو ”رٹی“ ہوئی ہے اور اگر کوئی کچھ بھولا بھی ہوگا تو کم سے کم اسے کالیا کے بولے گئے یا کالیا کیلئے بولے گئے مکالمے ضرور یاد ہوں گے۔

بالی وڈ کی کلاسک کامیڈی ”انداز اپنا اپنا“ باکس آفس پر تو سپر ہٹ نہیں ہوئی لیکن بعد میں ٹی وی، ڈی وی ڈی اور انٹر نیٹ پر اسے بالی وڈ کی ٹاپ ٹین فلموں میں سے ایک کا درجہ ملا۔

فلم میں سلمان عامر، پاریش راول کی موجودگی میں جس کردار کا نام سب سے زیادہ مشہور ہوا وہ وجو کھوٹے کا ”رابرٹ“ ہی تھا۔ یہ رابرٹ ”غلطی سے ایسے مسٹیک“ کرتا تھا کہ شکتی کپور کا ”کرائم ماسٹر گوگو“ بھی کرداروں میں اس رابرٹ کے بعد ہی آیا۔یہ کردار تھوڑا تھوڑا پھر عجب پریم کی گجب کہانی میں بھی دہرایا گیا تھا۔

78 برس عمر پانے والے وجو کھوٹے کا فلمی کیریئر60 سالوں پر محیط رہا۔انہوں نے 300 کے قریب فلموں میں اداکاری کی۔ مشہور اداکارہ شوبھا کھوٹے وجو کھوٹے کی بڑی بہن اور مغل اعظم میں دلیپ کمار کی والدہ اور مغل اعظم کی ملکہ کا کردار ادا کرنے والی درگا کھوٹے ان کی آنٹی تھی۔

وجو کھوٹے ہدایتکار راج کمار سنتوشی کی تقریباً ہر فلم میں ہوتے تھے اور یہی وجہ ہے کہ فلم ”چائنا گیٹ “ میں وجو کھوٹے اس فوج کے ہیرو ہوتے ہیں جس فوج میں امریش پوری، اوم پوری، ڈینی اور نصیر الدین شاہ سمیت سینئر اداکار شامل تھے۔

شعلے کے” کالیا“ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بالی وڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن نے اپنے عروج کے دور میں 1981 میں فلم ”کالیا“ میں ٹائٹل کردار ادا کیا اور یہ فلم سپر ڈوپر ہٹ ہوئی۔

پھر بھی اگر آج بھی بالی وڈ کے ”کالیا“ کی بات ہوتی ہے تو امیتابھ بچن سب کو بعد میں یاد آتے ہیں کیونکہ کالیا مطلب ”وجوکھوٹے“۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے