بابر اعظم ہماری نظر میں مستقبل کے کپتان ہیں، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کپتان سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کی خبروں کی تردید کردی۔

پی سی بی چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی موجودگی میں بابر اعظم کو مستقبل کے ٹیسٹ کپتان کیلئے تیار کیا جارہا ہے۔

میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں پر ان کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ سیریز سے قبل پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

احسان مانی نے مزید کہا کہ فوری طور پر ٹیسٹ کپتانی سے سرفراز احمد کو نہیں ہٹایا جارہا لیکن ہوم سیریز کے بعد پی سی بی کرکٹ کمیٹی سے ٹیسٹ کپتان کے بارے میں رائے لی جائے گیجب ان کی رائے اور تجویز آئے گی تو میں چیئرمین کی حیثیت سے اپنا صوابدیدی اختیار استعمال کروں گا، اس وقت میڈیا کپتان کے حوالے سے غیر ضروری بحث میں الجھا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کی موجودگی میں بابر اعظم کو تجربہ فراہم کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں اگر کپتان کو تبدیل کرنا ہو یا سرفراز احمد کسی وجہ سے دستیاب نہ ہوں تو ہمیں کپتانی کا مسئلہ نہ ہو، بابر اعظم ہماری نظر میں مستقبل کے کپتان ہیں۔

واضح رہے کہ پی سی بی کے آئین کے مطابق چیئرمین احسان مانی کے پاس کپتان کی تقرری کا اختیار ہے، کرکٹ کمیٹی کے سربراہ پی سی بی کے سی ای او وسیم خان ہیں جبکہ مصباح الحق کے استعفیٰ کے بعد اراکین میں وسیم اکرم اور عروج ممتاز شامل ہیں۔
پی سی بی نے مکی آرتھر کو ہٹانے کیلئے بھی کرکٹ کمیٹی کا سہارا لیا تھا جس پر مکی آرتھر وسیم اکرم اور مصباح الحق سے سخت ناراض ہیں جبکہ دو ہفتے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

خیال رہے کہ ورلڈکپ کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں اور یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ قیادت میں تبدیلی آسکتی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے تازہ ترین فیصلے سے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور بولنگ کوچ اظہر محمود اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہ سکے تھے اور ان کی جگہ مصباح الحق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر اور وقار یونس بولنگ کوچ بنائے گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کپتان سرفراز احمد سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کپتان کو بھی توجہ ضرورت ہوتی ہے، ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کا کام یہ ہو گا کہ سرفراز احمد میں سے ان کی بہترین کارکردگی نکال کر سامنے لائیں جیسا کہ انھوں نے ماضی میں ان کی قیادت میں دی ہے۔

خیال رہے کہ بعض میڈیا رپورٹس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹائے جانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور یہ خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں مصروف ہے، ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کررہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے