مولانا فضل الرحمٰن نے تمام رابطوں میں مائنس ون کی بات کہی: تجزیہ کار

کراچی: جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتےہوئے سنیئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کسی صورت عمران خان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں، پی ٹی آئی نے جس طرح مولانا کی توہین کی اس کے بعد ان کا رویہ بے لچک ہے۔

سینئر تجزیہ کار سلیم صافی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کو یقین ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن نے تمام رابطوں میں مائنس ون کی بات کہی ہے، عمران خان کو لانے والے اور ووٹ دینے والے دونوں پچھتارہے ہیں، مولانا کا خیال ہے حکومت اپنے ملبے تلے دب چکی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی مولانا فضل الرحمٰن کو دسمبر تک صبر کرنے کا کہتے رہے، مولانا سمجھتے ہیں کہ ان کے مارچ کے بغیر دسمبر میں تبدیلی آنی ہے تو میرے مارچ کے بعد تو ضرور آجائے گی، مولانا فضل الرحمٰن کا تجزیہ درست ہے کہ حکومت کا جوابی ردعمل ان کا کام آسان کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء خود مولانا فضل الرحمٰن کو مذہبی کارڈ استعمال کرنے کا موقع دے رہے ہیں، پی ٹی آئی اپنے طرز عمل سے مدرسہ سے تعلق رکھنے والے ہر شخص کو مولانا کے ساتھ کھڑا کردے گی۔

سلیم صافی کا کہنا تھا کہ سمجھدار حکومتی لوگوں کی پریشانی کی ایک وجہ حکومت کی کارکردگی ہے۔

ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ کا جج ارشد ملک ویڈیو کیس میں اس وقت فریق نہ بننے کا فیصلہ حکمت عملی کا حصہ تھا، بارہ جولائی کو جج ارشد ملک کو ان کے پیرنٹ ڈپارٹمنٹ میں واپس بھیجنے کا فیصلہ آیا لیکن 22 اگست تک وہ وزارت قانون وانصاف میں او ایس ڈی رہے، پیر کو ہم نے واضح حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے تین نکات کو چیلنج کیا ہے، کون سا قانون جج ارشد ملک کو پریس ریلیز اور حلف نامہ دینے کی اجازت دیتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ جج ارشد ملک کا حلف نامہ جیوڈیشل سائٹ پرقابل قبول نہیں ہونا چاہئے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج کا حلف نامہ ریکارڈ کا حصہ بنادیا ہے تو اس پر اعتراض کرنا ہماراقانونی اور بنیادی حق ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کی عوام کے سامنے سرخرو ہونا چاہتے ہیں، جج ارشد ملک کی ویڈیو کو ناصر بٹ دو ہفتے تک توثیق کیلئے یو کے ہائی کمیشن لے جاتے رہے لیکن اس کی توثیق نہیں کی گئی کیونکہ وہ اصلی ویڈیو ہے، جج ارشد ملک کی ویڈیو کا متن نواز شریف کی بے گناہی کو ثابت کرتا ہے، جج ارشد ملک نے دباؤ میں آکر نواز شریف کیخلاف فیصلہ دیا اسے واپس ہونا بہت ضروری ہے، جج ارشد ملک کو او ایس ڈی بنا کر ان کیخلاف انکوائری کے بعد ان کے فیصلے کو بھی کالعدم ہوجانا چاہئے۔

لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ جج نے حلف نامہ میں اعتراف کیا ہے کہ نواز شریف کیخلاف فیصلہ دباؤ میں دیا، نواز شریف چاہتے ہیں کہ عوام کے سامنے حقائق آئیں اور پورا فیصلہ کالعدم ہوں۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن ٹھیک بیس دن بعد اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، جے یو آئی ف نے واضح کردیا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنا اور لاک ڈاؤن ہوگا، مولانا فضل الرحمن کو خبردار کیا جارہا ہے کہ وہ مدرسہ کے بچوں کوا ستعمال نہ کریں، یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کیخلاف ثبوت موجود ہیں جو سامنے لائے جائیں گے، اس سے پہلے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا تھا کہ وہ کسی مارچ کو صوبے سے نہیں نکلنے دیں گے، عمران خان نے قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں احتجاج کرنے والوں کو کنٹینر دینے کی پیشکش کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے