منگل : 08 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی میں شامی پناہ گزین نے ٹرک گاڑیوں پر چڑھا دیا، متعدد افراد زخمی[/pullquote]

جرمنی میں پناہ کے متلاشی ایک مبینہ شامی تارک وطن نے ایک چوری شدہ ٹرک کئی گاڑیوں پر چڑھا دیا۔ وفاقی صوبے ہَیسے کے شہر لِمبُرگ میں پیر کی سہ پہر پیش آنے والے اس واقعے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے آج منگل کے روز بتایا کہ اس واقعے کی چھان بین جاری ہے۔ ابھی تک اس واقعے کے ممکنہ طور پر کسی دہشت گردانہ پس منظر کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ تاہم پولیس کے مطابق اس پہلو کو خارج از امکان بھی قرار نہیں دیا جا سکتا۔ مبینہ ملزم کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ شامی شہری ہے، جو دو ہزار پندرہ میں پناہ کی تلاش میں جرمنی آیا تھا۔

[pullquote]امریکی شمولیت کے بغیر یوکرائنی تنازعہ حل نہیں ہو سکتا، صدر لُوکاشینکو[/pullquote]

بیلاروس کے صدر آلیکسانڈر لُوکاشینکو نے کہا ہے کہ مشرقی یوکرائن کا مسلح تنازعہ امن مذاکرات میں امریکا کی شمولیت کے بغیر حل نہیں ہو سکتا۔ بیلاروس روس کا ایک قریبی اتحادی ملک ہے اور صدر لُوکاشینکو نے آج منگل کے روز کہا کہ امریکی شمولیت کے بغیر اس تنازعے کو حل کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ اس بارے میں گزشتہ ہفتے ہونے والی سفارتی پیش رفت کے بعد ایک ایسی بین الاقوامی سربراہی کانفرنس کا راستہ کافی حد تک ہموار ہو گیا تھا، جس کی مدد سے مشرقی یوکرائن میں لڑائی بند کرائی جا سکے۔ اس ممکنہ سمٹ میں فرانس، جرمنی، روس اور یوکرائن شامل ہوں گے۔

[pullquote]فزکس کا امسالہ نوبل انعام دو سوئس اور ایک کینیڈین امریکی سائنسدان کے لیے[/pullquote]

اس سال کے فزکس کے نوبل انعام کا حقدار تین سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر ٹھہرایا گیا ہے۔ ان میں سے جیمز پیبلز ایک کینیڈین امریکی ماہر طبیعیات ہیں جبکہ باقی دو کا تعلق سوئٹزرلینڈ سے ہے۔ ان سوئس سائنسدانوں کے نام مِشیل میئر اور ڈِیڈیئر کلوز ہیں۔ ان ماہرین کو یہ انعام دینے کا فیصلہ کائنات کو سمجھنے میں ان کے کردار اور زمین کے نظام شمسی سے باہر ایک سیارے کی دریافت کی وجہ سے کیا گیا۔ ان تینوں ماہرین کے لیے اس انعام کا اعلان آج منگل کو سٹاک ہوم میں رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے کیا۔

[pullquote]یورپی یونین کرپٹو کرنسیوں کے لیے نئے قوانین بنائے گی[/pullquote]

یورپی یونین فیس بک کی طرف سے اعلان کردہ لیبرا نامی کرپٹو کرنسی سمیت ایسی تمام کرنسیوں کے لیے نئے قوانین بنائے گی۔ یہ بات آج منگل کے روز یورپی یونین کے مالیاتی امور کے آئندہ کمشنر نے کہی۔ مالیاتی امور کے نامزد یورپی کمشنر والدِیس دومبروفسکِس یورپی پارلیمان کے ارکان کو اپنی تعیناتی کی تصدیق سے پہلے ہونے والی سماعت کے دوران مختلف سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یورپی یونین کو تمام کرپٹو اثاثوں کے بارے میں مشترکہ قوانین اپنانا ہوں گے۔

[pullquote]امریکا نے درجنوں چینی سرکاری تنظیموں اور اداروں پر پابندیاں لگا دیں[/pullquote]

امریکا نے چین میں ایغور مسلم اقلیت کے ساتھ ناروا سلوک کی وجہ سے چین کی اٹھائیس سرکاری تنظیموں اور کمپنیوں پر پابندیاں لگا دی ہیں۔ امریکی وزیر تجارت ولبر روس نے واشنگٹن میں کہا کہ امریکا چین میں ایغور نسلی اقلیت پر ظالمانہ جبر کو برداشت نہیں کرے گا۔ جن چینی اداروں اور کمپنیوں پر پابندیاں لگائی گئی ہیں، وہ اب کوئی امریکی مصنوعات نہیں خرید سکیں گی۔ ان چینی تنظیموں اور کاروباری اداروں میں ویڈیو نگرانی کے آلات تیار کرنے اور مصنوعی ذہانت میں مہارت رکھنے والی چینی فرمیں بھی شامل ہیں۔ ان پابندیوں کی وضاحت کرتے ہوئے وزیر تجارت ولبر روس نے کہا کہ امریکا کسی کو بھی ایسی ٹیکنالوجی مہیا نہیں کرے گا، جو ’بے بس اقلیتوں‘ کے استحصال کے لیے استعمال ہو سکے۔

[pullquote]شمالی شام سے امریکی فوجی انخلاء: ریپبلکن سیاستدانوں کی بھی ٹرمپ پر تنقید[/pullquote]

شمالی شام سے امریکی فوجی انخلاء کے فیصلے پر امریکا میں ریپبلکن سیاستدانوں کی طرف سے بھی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔ امریکی ایوان نمائندگان کی ڈیموکریٹ اسپیکر نینسی پیلوسی کے علاوہ خود ٹرمپ کے اپنے متعمد ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گریہم نے بھی ٹرمپ پر الزام لگایا کہ انہوں نے انخلاء کے اس فیصلے کے ساتھ خطے میں امریکی اتحادی کردوں کو اکیلا چھوڑ دیا ہے۔ واشنگٹن نے اتوار کی رات شمالی شام سے اپنے فوجی دستوں کے انخلاء کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ترکی شمالی شام میں فوجی کارروائی کرنے کو ہے اور امریکا نہ تو اس کارروائی میں کوئی رکاوٹ ڈالنا چاہتا ہے اور نہ ہی انقرہ کی کوئی مدد کرنا چاہتا ہے۔

[pullquote]پابندیوں سے متاثر ہوئے لیکن مزاحمت جاری رہے گی، ایرانی وزیر تیل[/pullquote]

ایرانی وزیر تیل بیژن زنگنہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف غیر ملکی پابندیوں نے ایران کی تیل کی صنعت کو متاثر کیا ہے لیکن تہران حکومت ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔ جنیوا سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق ایرانی وزیر تیل نے یہ بات آج منگل کے روز کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے لیے اب حالات یہ ہیں کہ ہر چند سال بعد تیل کی ملکی صنعت کو اقتصادی پابندیوں اور کسی نہ کسی بڑے دھچکے کا سامنا رہتا ہے۔ تاہم زنگنہ نے کہا کہ ان اثرات کے باوجود ایران ان پابندیوں کے خلاف اپنی مزاحمت جاری رکھے گا۔

[pullquote]عراقی صدر کی طرف سے حکومت مخالف مظاہرین پر سرکاری دستوں کی فائرنگ کی مذمت[/pullquote]

عراقی صدر برھم صالح نے ملکی سکیورٹی دستوں کی طرف سے حکومت مخالف مظاہرین پر فائرنگ کے واقعات کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے ٹیلی وژن پر قوم سے اپنے خطاب میں کہا کہ عراقی فوج اور پولیس دونوں کو ہی تمام عراقیوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہو گا۔ صدر صالح نے قومی پارلیمان سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وہ ملک میں قانونی اصلاحات، خاص کر انتخابی قوانین میں ترامیم کی راہ ہموار کرے۔ عراق میں گزشتہ ہفتے شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں میں اب تک سو سے زائد مظاہرین اور سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ عوامی مظاہرے ملک میں بے تحاشا بے روزگاری، کرپشن اور بجلی اور پانی کی فراہمی کی انتہائی خراب صورت حال کے خلاف کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]کریک ڈاؤن کے دو ماہ بعد سیاحوں کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں جانے کی اجازت[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کریک ڈاؤن کے دو ماہ سے بھی زائد عرصے بعد ریاستی حکام نے کہا ہے کہ جمعرات دس اکتوبر سے سیاحوں کو دوبارہ اس خطے کی سیاحت کی اجازت ہو گی۔ بھارت نے جموں کشمیر کے متنازعہ علاقے کے اپنے زیر انتظام حصے کی خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کا اعلان پانچ اگست کو کیا تھا۔ اس کے بعد سے خاص طور پر کشمیر میں کرفیو کی سی حالت ہے اور زیادہ تر علاقوں میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروسز تاحال معطل ہیں۔ پانچ اگست کے اقدام کے ساتھ ہی ہزاروں کی تعداد میں سیاح اور ہندو زائرین بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے نکل گئے تھے۔ تب نئی دہلی حکومت نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ کشمیری عسکریت پسند سیاحوں پر حملے کر سکتے تھے۔

[pullquote]پیرس میں چاقو سے حملہ: ملزم کے پاس داعش کی پروپیگنڈا ویڈیو بھی تھیں[/pullquote]

فرانسیسی دارالحکومت میں پولیس ہیڈ کوارٹرز پر چاقو سے ہلاکت خیز حملے کے سلسلے میں انتہا پسندانہ مسلم نظریات کے شبہات زور پکڑتے جا رہے ہیں۔ فرانسیسی اخبار ‘لپاریزیئن‘ نے تفتیشی ماہرین کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس حملے میں خود بھی مارے جانے والے پینتالیس سالہ ملزم کے پاس ایک ایسی کمپیوٹر ڈیٹا اسٹک بھی تھی، جس پر دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کی پروپیگنڈا ویڈیوز محفوظ کی گئی تھیں۔ یہ ملزم پیرس پولیس کا ایک سویلین اہلکار تھا، جس نے گزشتہ جمعرات کو چاقو سے حملہ کر کے اپنے ہی چار ساتھیوں کو ہلاک اور دو دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔ اس حملے کے بعد سے فرانسیسی وزیر داخلہ کرسٹوف کاستانر کو شدید تنقید اور سیاسی دباؤ کا سامنا ہے۔

[pullquote]امریکی جاپانی تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے[/pullquote]

امریکا اور جاپان نے ایک ایسے باہمی تجارتی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے لیے دوطرفہ مذاکرات کئی ماہ تک جاری رہے تھے۔ اس معاہدے پر دستخطوں سے قبل اس کے اہم ترین نکات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے مابین اتفاق رائے گزشتہ ماہ کے اواخر میں نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہوا تھا۔ اس معاہدے کے تحت اب دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکے گا۔ امریکا اب اپنی زرعی مصنوعات زیادہ بڑی مقدار میں لیکن بہت کم یا کسی بھی طرح کے درآمدی محصولات کے بغیر جاپان کو برآمد کر سکے گا۔ دونوں ممالک کے مابین اس معاہدے میں کار سازی کی بہت اہم صنعت کو شامل نہیں کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے