جمعرات 10 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ادب کے نوبل انعام آسٹریا کے ہانڈکے اور پولستانی ادیبہ توکارچُسک کو دینے کا فیصلہ[/pullquote]

سویڈن کے دارالحکومت سٹاک ہوم میں سویڈش اکیڈمی نے اس سال کا ادب کا نوبل انعام آسٹریا کے ادیب پیٹر ہانڈکے کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ برس ادب کا نوبل انعام کسی کو نہیں دیا گیا تھا اور یہ فیصلہ مؤخر کر دیا گیا تھا۔ سویڈش اکیڈمی کے آج جعمرات کو کیے جانے والے ایک اعلان کے مطابق سال دو ہزارا ٹھارہ کے لیے ادب کا نوبل پرائز پولستانی مصنفہ اولگا توکارچُسک کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیٹر ہانڈکے کی عمر چھیہتر برس اور اولگا توکارچُسک کی عمر ستاون برس ہے۔ ان دونوں شخصیات کو یہ انعامات اس سال دسمبر میں ہونے والی ایک تقریب میں دیے جائیں گے۔

[pullquote]ترکی کے اقدامات پر یورپی اور عرب ملکوں کی تنقید ’دیانت پر مبنی نہیں،‘ صدر ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے شمالی شام میں ترک فوجی کارروائیوں پر عالمی رد عمل مسترد کر دیا ہے۔ صدر ایردوآن نے یورپی یونین، سعودی عرب اور مصر کی طرف سے تنقید پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے ’غیر ایمان دارانہ‘ قرار دیا۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ تنقید کرنے والے ممالک محض بیان بازی کرتے ہیں جب کہ ترکی عملی اقدامات کر رہا ہے۔ شمالی شام میں ترک حملوں کے دوسرے دن اب تک 181 اہداف کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ کرد ملیشیا کے مطابق ان حملوں میں تین کرد جنگجو اور پانچ عام شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمن معاشرے میں سامیت دشمنی کی کوئی جگہ نہیں، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ جرمن معاشرے میں سامیت دشمنی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز جرمن شہر ہالے میں ایک یہودی عبادت گاہ پر کیے گئے حملے کے تناظر میں کہی۔ چانسلر میرکل کا کہنا تھا کہ ملک سے سامیت دشمنی اور نفرت کے خاتمے کے لیے ریاست تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے آج جمعرات کے روز اس حملے کا نشانہ بننے والی یہودی عبادت گاہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جرمن صدر کا کہنا تھا کہ ملک میں یہودیوں کے تحفظ کے لیے جرمنوں کو مل کر کھڑا ہونا چاہیے۔

[pullquote]تقریباﹰ ربع صدی بعد کسی چینی صدر کا ہمسایہ ملک نیپال کا پہلا دورہ[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ ہفتے کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر ہمالیہ کی ریاست نیپال پہنچیں گے۔ یہ گزشتہ تقریباﹰ ایک چوتھائی صدی کے دوران کسی بھی چینی صدر کا ہمسایہ ملک نیپال کا پہلا دورہ ہو گا۔ یہ بات کھٹمنڈو میں نیپالی وزارت خارجہ نے بتائی۔ اس دورے کے دوران صدر شی اپنے ساتھ آنے والے وفد کے ہمراہ نیپالی وزیر اعظم کے پی شرما اولی کے ساتھ سرکاری مذاکرات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ نیپالی صدر بھنڈاری کی میزبانی میں ایک ضیافت میں شرکت کے علاوہ نیپالی سیاسی جماعتوں کے سرکردہ رہنماؤں سے بھی ملیں گے۔ اس دورے کے دوران ممکنہ طور پر چین اور نیپال کو ریل رابطوں کے ذریعے آپس میں جوڑ دینے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

[pullquote]غیر قانونی تارکین وطن سے بھری گاڑی کی ایک کار سے ٹکر، تین افراد ہلاک[/pullquote]

شمالی یونان میں تارکین وطن سے بھری ایک گاڑی کے مخالف سمت سے آنے والی ایک کار کے ساتھ تصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور بارہ دیگر زخمی ہو گئے۔ یونانی شہر سالونیکی سے شمال کی طرف ایک گاؤں کے پاس یہ حادثہ بدھ کو رات گئے پیش آیا۔ اس تصادم کے بعد تارکین وطن سے بھری گاڑی ایک پہاڑی سے نیچے کھائی میں گر گئی تھی۔ پولیس کے مطابق اس گاڑی میں کم از کم بھی گیارہ تارکین وطن سوار تھے۔ گاڑی کا ڈرائیور مشتبہ طور پر انسانوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک ایسے گروپ کا رکن ہے، جو تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر ہمسایہ ملک ترکی سے یونان پہنچاتا ہے۔ ترکی سے ہر سال ہزاروں کی تعداد میں تارکین وطن زمینی راستوں سے یونان میں غیر قانونی طور پر داخل ہو جاتے ہیں۔

[pullquote]تیونس میں صدارتی انتخابی امیدوار القروی کی جیل سے رہائی[/pullquote]

تیونس میں صدارتی عہدے کے لیے امیدوار نبیل القروی کے جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ القروی ایک متنازعہ لیکن بہت طاقت ور شخصیت ہیں جو کئی میڈیا اداروں کے مالک بھی ہیں۔ انہیں صدارتی الیکشن کے دوران دوسری مرتبہ ہونے والی رائے دہی سے چار روز قبل دارالحکومت تیونس کی ایک نواحی جیل سے رہا کیا گیا۔ ان کے وکیل کے مطابق ایک عدالت نے ان کی گرفتاری کے خلاف قانونی شکایت کو درست تسلیم کر لیا تھا۔ القروی کو اگست میں ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

[pullquote]شام میں ترک دستوں کی مسلح کارروائی جارحیت ہے، سعودی وزارت خارجہ[/pullquote]

سعودی عرب نے شمال مشرقی شام کے کرد علاقوں میں ترک فوج کے مسلح آپریشن کو ’جارحیت‘ کا نام دیا ہے۔ ریاض حکومت کے مطابق اس آپریشن سے خطے کی سلامتی اور جہادی عناصر کے خلاف جنگ دونوں متاثر ہوں گے۔ سعودی وزارت خارجہ نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ ترک فوج کی اس ’جارحیت‘ سے نہ صرف علاقائی سلامتی خطرے میں پڑ جائے گی بلکہ اس کے خطے میں استحکام پر بھی بہت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ سعودی حکومت کے مطابق یہ ترک فوجی آپریشن دہشت گرد گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے خلاف بین الاقوامی جنگ کو بھی متاثر کرے گا۔

[pullquote]ترک فوجی دستے زمینی اور فضائی حملوں کے بعد شمالی شام میں داخل ہو گئے[/pullquote]

فضائی اور توپ خانے سے کیے جانے والے حملوں کے بعد ترک فوجی دستے شمالی شام میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس امر کی ترک وزارت دفاع نے تصدیق کر دی ہے۔ یہ فوجی کارروائی کرد ملیشیا گروپوں کے خلاف کی جا رہی ہے۔ اس آپریشن کے آغاز کے بعد امریکی کانگریس کے متعدد ارکان نے ایک ایسا مسودہ قرارداد پیش کر دیا، جس میں ترکی کے خلاف کئی تادیبی اقدامات کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان میں ترک صدر ایردوآن کے خلاف ذاتی نوعیت کی امریکی پابندیوں کا مطالبہ بھی شامل ہے۔ اس مسودے میں امریکی صدر ٹرمپ پر بھی یہ الزام لگایا گیا ہے کہ انہوں نے چند روز قبل شمالی شام سے واشنگٹن کے فوجی دستوں کے انخلاء کے فیصلے کے ساتھ وہاں ترک فوجی آپریشن کی راہ ہموار کی۔

[pullquote]یہودی عبادت گاہ پر حملہ: دائیں بازو کا جرمن انتہا پسند قتل عام کرنا چاہتا تھا[/pullquote]

جرمنی کے مشرقی صوبے سیکسنی انہالٹ کے شہر ہالے میں ایک یہودی عبادت گاہ پر حملے کے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ستائیس سالہ حملہ آور دائیں باز وکا ایک انتہا پسند بتایا گیا ہے۔ صوبے سیکسنی انہالٹ ہی سے تعلق رکھنے والے ملزم نے مسلح حالت میں اس یہودی عبادت گاہ میں گھسنے کی کوشش کی تھی مگر ناکام رہا تھا۔ اس وقت وہاں یوم کِپر کی یہودی مذہبی تقریب کے لیے ستر سے لے کر اسی تک افراد موجود تھے۔ ملزم نے اس عبادت گاہ کے سامنے اور پھر ایک قریبی ریستوراں میں فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک اور کم از کم دو دیگر کو زخمی کر دیا تھا۔ حملے کے بعد مسلح ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا مگر بعد میں اسے گرفتار کر لیا گیا۔

[pullquote]ہالے میں دائیں بازو کے انتہا پسندانہ حملے کی بین الاقوامی سطح پر مذمت[/pullquote]

مشرقی جرمن شہر ہالے میں بدھ کی دوپہر ایک یہودی عبادت گاہ پر کیے جانے والے حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔ یہودیوں کی عالمی تنظیم ورلڈ جیوئش کانگریس نے جرمنی میں یہودیوں کے سماجی اور مذہبی مراکز کے بہتر تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے صدر رونالڈ لاؤڈر نے کہا کہ اب الفاظ کے بجائے اعمال کی ضرورت ہے۔ جرمنی میں یہودیوں کی مرکزی کونسل نے کہا ہے کہ یہ بات افسوس ناک ہے کہ یوم کِپر کی مذہبی تقریبات کے موقع پر پولیس نے اس یہودی عبادت گاہ کے لیے کافی حفاطتی انتظامات نہیں کیے تھے۔ اس حملے کی جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھی بھرپور مذمت کی ہے۔ اس حملے پر کئی دیگر ممالک کے رہنماؤں نے بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]ٹی ٹوئنٹی سیریز: سری لنکا پاکستان کے خلاف تین صفر سے فاتح[/pullquote]

سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تیسرے میچ میں بھی تیرہ رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔ یہ میچ بھی پہلے دونوں میچوں کی طرح لاہور میں کھیلا گیا۔ اس سے قبل پہلے دونوں میچ بھی مہمان ٹیم نے ہی جیتے تھے۔ یوں ٹی ٹوئنٹی میں عالمی سطح پر اول نمبر کی پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم اس سیریز میں تین صفر سے وائٹ واش ہو گئی۔

[pullquote]جرمنی اور ارجنٹائن کی قومی فٹ بال ٹیموں کا میچ برابر رہا[/pullquote]

جرمنی اور ارجنٹائن کی قومی فٹ بال ٹیموں کا جرمن شہر ڈورٹمنڈ میں بدھ کی شام ہونے والا ایک میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ پہلے ہاف کے اختتام تک جرمن ٹیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی مگر دوسرے ہاف کے کھیل پر مہمان ٹیم چھائی رہی۔ اس نے دو گول کیے جب کہ میزبان ٹیم مزید کوئی گول نہ کر سکی۔ اس طرح یہ میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں تقریباﹰ پینتالیس ہزار تماشائی موجود تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے