کٹھ پتلی حکومت نے عوام کا معاشی قتل کردیا: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت نے عوام کو معاشی طور پر قتل اور مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا لاڑکانہ میں ریلی سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس کٹھ پتلی حکومت کو گھر بھیجنا ہے، سلیکٹڈ حکومت عوام کی طاقت سے نہیں آتی، جب بھی کٹھ پتلی حکومت آتی ہے وہ عوام کوخوش نہیں رکھ پاتی۔

انہوں نے کہا کہ اِس حکومت نے ایک سال میں لوگوں کو بیروزگار کردیا، 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن کٹھ پتلی حکومت نے عوام کو معاشی طور پر قتل اور مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا ہے۔

پی پی چیئرمین کا ایک بار پھر مشہور نعرہ ’مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں‘ لگاتے ہوئے کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت کراچی پر قبضہ کرنا چاہتی ہے لیکن کراچی پر وفاق کو قبضہ کرنے نہیں دیں گے، کٹھ پتلی حکومت کی بھول ہے کہ سندھ کی قیادت کو جیل میں ڈال کر کراچی پر قبضہ کرلیں گے۔

بلاول نے مزید کہا کہ لاڑکانہ کی عوام کسی کٹھ پتلی حکومت کے ساتھ نہیں ہے اور 17 اکتوبر کو تیر کو جتوائیں گے اور اِس جیت کے بعد 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسہ کریں گے۔

بعد ازاں لاڑکانہ کی شیخ زید کالونی میں کارکنوں سے خطاب میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عمران خان نے عوام کے معاشی حقوق پر سودے بازی کی، کہا تھاکہ ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دوں گا لیکن اب انہیں بیروزگار کردیا ہے۔

یاد رہے کہ سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 11 لاڑکانہ میں 17 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہونا ہے، یہ نشست گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے رکن اسمبلی معظم علی کو سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے