اتوار :13 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی سعودی کشیدگی میں کمی کی کوشش کریں گے، عمران خان[/pullquote]

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان ایرانی سعودی کشیدگی میں کمی اور دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی کوشش کریں گے۔ عمران خان اسی تناظر میں اتوار کو ایرانی دارالحکومت تہران پہنچ گئے، جب کہ وہ تہران سے سعودی عرب جائیں گے۔ اتوار کے روز ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران اور سعودی عرب کے درمیان کوئی تنازعہ نہیں چاہتا۔ انہوں نے ایرانی صدر کے ساتھ مذاکرات کو تعمیری قرار دیا اور کہا کہ وہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی میں کمی کے حوالے سے پرامید ہیں۔ عمران خان آج ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کر رہے ہیں۔

[pullquote]ایرانی انقلابی گارڈز جدید ہتھیار تیار کریں، خامنہ ای[/pullquote]

ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اتوار کے روز پاسدارانِ انقلاب سے کہا کہ وہ جدید اور نئے ہتھیار تیار کریں۔ تہران میں امام حسین ملٹری یونیورسٹی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ انقلابی گارڈز کے پاس جدید ترین ہتھیار ہونا چاہییں۔ خامنہ ای کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، جب کہ خطے میں امریکا نے بھی اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔ ستمبر کے وسط میں سعودی عرب کی اہم تیل تنصیبات پر ہونے والے حملوں کے بعد سے خطے میں کشیدگی اپنی انتہائی سطح پر ہے۔ سعودی عرب نے ان حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تھا، جس کی ایران نے تردید کی تھی۔

[pullquote]نیپال اور چین کے درمیان ریل رابطے کا معاہدہ[/pullquote]

نیپال اور چین نے ریل رابطوں سمیت 20 معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔ ان معاہدوں پر دستخط چینی صدر شی جن پنگ کے دورہء نیپال کے دوران کیے گئے۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک نے رابطوں، سکیورٹی، سرحدی انتظام، تجارت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی تعلقات کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ شی جن پنگ ہفتے کو اپنے دورہ بھارت کے بعد دو روزہ دورے پر نیپال پہنچے تھے۔ شی جن پنگ دو دہائیوں سے بھی زائد عرصے کے دوران نیپال کا دورہ کرنے والے پہلے چینی صدر ہیں۔

[pullquote]ترک فوجی کارروائی میں اکتیس کرد جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں[/pullquote]

کرد قیادت میں قائم سیریئن ڈیموکریٹک فورسز نے کہا ہے کہ شامی سرحدی علاقے میں ترک عسکری کارروائی کے نتیجے میں ہفتے کے روز سے اب تک اس کے 31 جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔ ترکی نے چند روز قبل شمالی شام میں کرد ملیشیا گروہوں کے خلاف عسکری کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ اس عسکری مداخلت کے بعد سے اب تک سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کی تعداد 76 ہو چکی ہے۔ دوسری جانب شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے 104 جنگجو ترک کارروائی کے نتیجے میں مارے جا چکے ہیں۔

[pullquote]پولینڈ میں انتخابات، عوامیت پسند جیت کے لیے پرامید[/pullquote]

پولینڈ میں آج اتوار کے روز پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے۔ حکمران عوامیت پسند جماعت کو امید ہے کہ وہ ایک بار پھر انتخابات جیت جائے گی، تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق اس جماعت کی پارلیمانی اکثریت خطرے میں ہے۔ عوامیت پسند جماعت کی جانب سے ایک طرف تو عوامی بہبود کے سلسلے میں زیادہ اقدامات کے وعدے کیے گئے ہیں اور دوسری جانب ہم جنس پرستوں پر بھی لفظی حملے انتخابی مہم کا حصہ رہے ہیں۔ پولستانی میڈیا کے مطابق انتخابات سے قبل آخری لمحات میں حکومت کی ناقد اور نوبل ادب انعام یافتہ مصنفہ اولگا توکارچُک کی جانب سے عوام سے اس اپیل کے بعد کہ وہ جمہوریت یا آمریت میں سے کسی کا انتخاب کرتے ہوئے عقل استعمال کریں، اپوزیشن کو انتخابی حوالے سے تقویت ملی ہے۔

[pullquote]جاپان میں بدترین سمندری طوفان، 19 افراد ہلاک[/pullquote]

جاپان میں کئی دہائیوں کے بدترین سمندری طوفان کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد کم از کم بھی 19 ہو گئی ہے جب کہ ایک درجن سے زائد افراد لاپتا ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس طاقت ور سمندری طوفان کی وجہ سے جاری شدید بارشوں اور سیلابی صورت حال کے نتیجے میں 140 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ یہ سمندری طوفان ہفتے کی شام جاپانی ساحلوں سے ٹکرایا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سمندری طوفان کے نتیجے میں جاری موسلادھار بارشوں کے باعث ملک کے 14 دریاؤں میں طغیانی کا عالم ہے۔ اس سمندری طوفان کی وجہ سے جاپان کے شمال مشرق میں کانٹو اور کوشن کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]مودی نے عوامی مقامات کی صفائی کی مہم شروع کر دی[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کو ایک ساحل سے کچرہ اٹھا کر ملک بھر میں عوامی مقامات کی صفائی کی ایک نئی مہم کا آغاز کر دیا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر ایک مختصر ویڈیو جاری کی، جس میں وہ ایک ساحل سے کچرہ اٹھا رہے تھے۔ ریاست تامل ناڈو کے ایک ساحل سے کچرہ اٹھانے کی اس ویڈیو کے ساتھ ہی بھارت میں ایک بار پھر عوامی مقامات کی صفائی کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ مودی نے سن 2014 میں برسراقتدار آنے کے بعد بھی ایک ’کلین انڈیا‘ مہم کا آغازکیا تھا۔ گزشتہ ماہ اپنے ایک ریڈیو پیغام میں بھی مودی نے ملک میں عوامی مقامات کو صاف ستھرا بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

[pullquote]کشتیوں کا تصادم، شمالی کوریا جاپان پر برہم[/pullquote]

شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ جاپان نے دانستہ طور پر شمالی کوریا کی ایک ماہی گیر کشتی کو ڈبویا۔ یہ کشتی رواں ہفتے ایک جاپانی گشتی جہاز سے ٹکرا کر ڈوب گئی تھی۔ پیر کے روز اس واقعے کے بعد اس کشتی سے 60 افراد کو ریسکیو کیا گیا تھا۔ جاپانی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کی یہ کشتی غیرقانونی طور پر جاپانی پانیوں میں ماہی گیری کر رہی تھی۔ پیونگ یانگ حکومت نے جاپانی حکومت سے اس واقعے پر ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ شمالی کوریائی وزارتِ خارجہ کے مطابق جاپانی فشریز ایجنسی کے جہاز نے مشرقی بحیرہء کوریا میں جان بوجھ کو اس کشتی کو ڈبویا۔ ایک بیان میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ جاپانی حکومت مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

[pullquote]شمالی شام میں ترک عسکری کارروائی، یورپ میں احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

شمالی شام میں ترک عسکری مداخلت کے خلاف یورپ میں کئی مقامات پر بڑے مظاہرے ہوئے۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے حکم پر شمالی شام میں کردوں کے خلاف جاری اس فوجی کارروائی کے خلاف یورپ میں مظاہرین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف بھی نعرے بازی کرتے رہے۔ فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں قریب چار ہزار مظاہرین نے ترکی کے خلاف احتجاج کیا۔ آسٹریا کے درالحکومت ویانا میں بھی قریب دو ہزار افراد ایسے ہی ایک مظاہرے میں شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ جرمنی اور ہالینڈ میں بھی کردوں کے حامی افراد نے ترکی کے خلاف ان مظاہروں میں حصہ لیا۔ چند روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی شام سے امریکی دستوں کے انخلا کے اعلان کے بعد ترکی نے وہاں کرد عسکری تنظیموں کے خلاف فوجی آپریشن کا آغاز کر دیا تھا۔

[pullquote]مودی اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات[/pullquote]

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ہفتے کی شام ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے دور کے آغاز کا عزم ظاہر کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان متعدد امور پر اختلافات کے تناظر میں اس ملاقات کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا تھا۔ بھارت کے دورے پر گئے ہوئے چینی صدر نے بھارتی وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات خلیج بنگال کے ایک سیاحتی مقام مہابلی پورم میں کی۔ گزشتہ اٹھارہ ماہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات تھی۔ کشمیر کے موضوع پر بھارت اور چین کے درمیان اختلافات، سرحدی تنازعے اور تجارتی مسائل کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخی پائی جاتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اپنی گزشتہ ملاقات میں بھی کہا تھا کہ وہ مسائل کو تنازعات بننے سے روکنے کے لیے گفت گو کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

[pullquote]شام سے غیرملکی افواج نکل جائیں، روسی صدر پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ شامی سرزمین سے تمام غیرملکی افواج، جو شامی حکومت کی مرضی کے بغیر موجود ہیں، نکل جائیں۔ روسی خبر رساں اداروں کے مطابق پوٹن نے کہا کہ وہ تمام افواج جو غیرقانونی طور پر شام یا کسی بھی دوسرے ملک میں موجود ہیں، انہیں نکل جانا چاہیے۔ پوٹن نے کہا کہ شام میں مستقبل کی کسی بھی نئی حکومت نے اگر روس سے کہا کہ اس کی فوج کی شام میں موجودگی کی اب ضرورت نہیں رہی، تو ماسکو حکومت وہاں سے اپنی فوجیں نکال لے گی۔

[pullquote]شکاگو میں ایک شخص نے چار افراد کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

امریکی شہر شکاگو میں ہفتے کی شب ایک شخص نے اپنے اپارٹمنٹ میں اسی عمارت میں رہنے والے اپنے چار ہمسایوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ہفتے کی شام مقامی وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے پیش آیا، جب کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے ہتھیار بھی برآمد کر لیا ہے۔ شکاگو کے میئر نے اس واقعے کے بعد اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وہ ذہنی مسائل کے شکار افراد کی ہتھیاروں تک رسائی روکنے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔

[pullquote]شی جن پنگ نیپال پہنچ گئے[/pullquote]

شی جن پنگ اپنے ایک سرکاری دورے پر نیپال پہنچ گئے ہیں۔ وہ گزشتہ دو دہائیوں سے بھی زائد عرصے کے دوران نیپال کا دورہ کرنے والے پہلے چینی صدر ہیں۔ کھٹمنڈو پہنچنے پر چینی صدر کا استقبال ان کی نیپالی ہم منصب بدیا دیوی بھنڈاری اور وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے کیا۔ اپنے اس دورے کے دوران شی جن پنگ نیپالی حکومت کے ساتھ انفراسٹرکچر کے متعدد منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کریں گے۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس دورے میں چینی صدر نیپال اور تبت کے درمیان ایک ہمالیائی راستے کی تعمیر کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔ تاہم نیپالی حکام نے دونوں ممالک کے درمیان ملزمان کی حوالگی کے کسی معاہدے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔ چینی حکومت ایک طویل عرصے سے نیپال پر اس معاہدے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے