وزن کیسے کم کریں؟

کل "گناہ چھوڑنا مشکل لگتا ہے ” کہ عنوان سے ایک تحریر پوسٹ کی تو مثال کے ضمن میں ایک ڈائٹ پلان کا ذکر آگیا۔ احباب نے تحریر کی طرف تو کم ہی توجہ دی البتہ سب نے بہایت شدو مد سے ڈائٹ پلان سے متعلق استفسار کیا کہ اس کی تفصیلات سے ہمیں بھی آگاہ کیجئے۔ دیکھئے ویسے تو انٹرنیٹ پر بہت سے ڈائٹ پلان موجود ہیں، تاہم میں آپ کو وہی پلان تجویز کرسکتا ہوں جو میرا اپنا آزمایا ہوا ہو۔

قصہ کچھ یوں ہے کہ سنہ۲۰۱۵ء میں میرا وزن کافی کچھ بڑھ گیا۔ میرے قد کے لحاظ سے میرا وزن ۷۰ سے ۷۲ کلو گرام ہونا چاہیئے تھا لیکن کھانے میں بداحتیاطی اور ورزش وغیرہ نہ کرنے کے سبب یہ وزن ۷۸ کلو گرام تک پہنچ گیا۔ وزن کم کرنے کے لئے جِم جانا شروع کیا لیکن ہر قسم کی ورزش اور کسرت کے باوجود وزن میں کچھ خاطر خواہ فرق نہ پڑا۔ اسی پریشانی میں تھا کہ انٹرنیٹ کھنگالنا شروع کیا تو ایک ڈائٹ پلان بنام "جی ایم ڈائٹ(GM Diet)” یعنی جنرل موٹرز (General Mortors) ڈائٹ ہاتھ لگا جو کہ معروف بین الاقوامی کمپنی جنرل موٹرز نے اپنے ملازمین کے لئے اپنے ہاں کے نیوٹریشینسٹ (Nutritionist) سے ترتیب دلوایا تھا۔

اس ڈائٹ پلان کی سب سے اچھی چیز یہ ہے کہ اس میں آپ کو بھوکا نہیں رہنا پڑتا۔ آپ کا جو دل چاہے آپ کھائیے لیکن کچھ تحدیدات کے ساتھ ۔ گویا اس ڈائٹ میں کچھ چیزیں حلال ہیں تو کچھ حرام اور آپ کو اس حلال و حرام کی مکمل پابندی کرنا ہوگی تب ہی مطلوبہ نتائج برآمد ہونگے۔ ڈائٹ ترتیب دینے والے ڈاکٹرز کا دعویٰ ہے کہ اس ڈائٹ سے آپ ایک ہفتے میں ۴ سے ۸ کلو وزن کم کرسکتے ہیں اور یہ دعویٰ کسی حد تک درست بھی ہے کیونکہ میں نے جب پہلی دفعہ یہ ڈائٹ کی تو ایک ہفتہ میں میرا وزن ساڑھے ۶ کلو کم ہوا تھا۔ سو اگر آپ بھی مناسب ورزش اور مکمل صابطے کے ساتھ یہ ڈائٹ کرینگے تو ان شاءاللہ ایک ہفتے میں ۴ سے ۸ کلو تک وزن کم کرلینگے۔

اس ڈائٹ کے سلسلے میں سب سے پہلے تو یہ بات سمجھنے والی ہے کہ یہ ڈائٹ مستقل طور پر اپنائی نہیں جاسکتی یعنی اسکو آپ اپنی زندگی کا حصہ نہیں بنا سکتے۔ اس ڈائٹ کے کرنے کی کم سے کم مدت ایک ہفتہ اور زیادہ سے زیادہ تین سے چار ہفتہ ہے۔ اس کے بعد آپ کو اگر مزید وزن کم کرنا ہے تو بیچ میں ایک دو ہفتہ کا وقفہ دیکر پھر ڈائٹ دوبارہ شروع کرنی ہوگی۔ مستقل طور پر یہ ڈائٹ آپ کے جسم کے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے کیونکہ یہ ڈائٹ پلان جیسے ترتیب دیا گیا، اس سے جسم میں کچھ مدت کے لئے بعض نمکیات، معدنیات اور وٹامنز کی کمی ہوجاتی ہے۔ یہ کمی قلیل مدت کے لئے تو قابلِ قبول ہوسکتی ہے لیکن مستقل بنیادوں پر ہرگز نہیں۔

چونکہ جی ایم ڈائٹ میں آپ ایک خاص قسم کی خوراک خاص تناسب سے کھارہے ہوتے ہیں سو لامحالہ کچھ مدت کے لئے جسم بعض وٹامنز اور معدنیات کی کمی کا شکار ہوجاتا ہے جو قطعی تشویشناک صورتحال نہیں ہے۔ لیکن اگر یہ کمی مستقل بنیادوں پر ہو تو پھر صحت کے لئے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔ سو اسی لئے جی ایم ڈائٹ کو ترتیب اس طرح سے دیا گیا ہے کہ یہ کم سے کم ایک ہفتہ اور زیادہ سے زیادہ تین سے چار ہفتہ مستقل کی جاسکتی ہے، اس کے بعد ہفتہ دو ہفتے کا وقفہ لینا لازم ہے۔

اب ہم اس ڈائٹ پلان کی تفصیلات کی طرف آتے ہیں۔ یہ ڈائٹ پلان ہفتے کے سات دنوں پر مشتمل ہے۔ ہر دن کیا اور کیسے کھانا ہے، اس کی تفصیل آپ دنوں کے ذیل میں ملاحظہ کرینگے۔ بس یہ یاد رہے کہ اس ڈائٹ کے دوران چونکہ جسم میں آکسی ڈینٹس (Oxidants) کی توڑ پھوڑ کا عمل اور چربی گھلنا شروع ہوجاتی ہے سو ان دونوں اعمال کو تیز کرنے اور جسم سے فاسد باقیات کو پیشاب کے راستے باہر نکالنے کے لئے آپ کو کثرت سے پانی پینا ہے ۔ یوں سمجھ لیں کہ دن میں آپ کا واٹر ان ٹیک (Water Intake) تقریباً تین سے پانچ لیٹر ہو گویا آپ تین سے پانچ لیٹر تک پانی پیجئے۔ کوئی اس سے زیادہ پی سکتا ہو تو وہ اور اچھی بات ہے۔

اب ہم دنوں کے ذیل میں بتاتے ہیں کہ ڈائٹ پلان کیسے جاری رکھنا ہے:

[pullquote]پہلا دن (پھلوں کا دن):[/pullquote]

پہلے دن آپ آم، کیلا اور کھجور کے علاوہ جو پھل دل چاہے کھائیں، جتنی مقدار میں چاہیں کھائیے۔ کوئی قید نہیں۔ مجھے عموماً سادہ پھل کھانا مشکل لگتا ہے تو میں یاتو مختلف پھل ایک ساتھ کاٹ کر اور ان میں تھوڑا سا موسمی کا جوس ڈال کر فروٹ چاٹ کی شکل میں کھالیتا ہوں یا پھر ان کو بلینڈر میں بلینڈ اور مکس کرکے سموتھی (Smoothie) کی شکل میں پی لیتا ہوں۔ یاد رکھئے فروٹ چاٹ ہو یا سموتھی کسی بھی چیز میں آپ کو شکر بالکل نہیں ڈالنی۔

[pullquote]دوسرا دن (سبزیوں کا دن):[/pullquote]

دوسرا دن آپ صرف سبزیاں کھائیے۔ سبزیوں میں آلو کھاسکتے ہیں لیکن اُبلا یا اسٹیم شدہ اور وہ بھی صرف ایک بڑا آلو صبح کے وقت۔ کوئی آلو نہ کھانا چاہے تو وہ اپنی مرضی کی کوئی بھی سبزی گرِل یا ابال کر ہلکی نمک مرچ لگا کر کھاسکتا ہے۔ تیل میں سبزی پکانے کی قطعی اجازت نہیں۔ میں عموماً صبح کے وقت ایک بڑا ابلا ہوا آلو مع مٹر ، دھنیا اور ہلکے لیموں اور نمک مرچ کے ساتھ بُھرتے کی شکل میں کھاتا ہوں۔ دوپہر میں گاجر، مولی، شملہ مرچ اور پھول گوبھی ابال کر ان پر لیموں اور نمک مرچ یا ہلکا سا چاٹ مصالحہ چھڑک کر کھالیتا ہوں۔

شام میں سلاد کے پتے اور کھیرے اور رات میں سبزیوں کا سوپ جس میں کثیر تعداد میں ابلی ہوئی سبزیاں ہوتی ہیں، وہ پی لیتا ہوں۔ سبزیوں کا یہ سوپ بہت کارآمد ہوتا ہے اور آپ ڈائٹ کے تمام دن اس کو پی سکتے ہیں۔ یہ سوپ بنانے کے لئے آپ پیاز، بند گوبھی، پھول گوبھی، گاجر، شملہ مرچ، ایک ہری مرچ ، ٹماٹر اور جو سبزی چاہیں اپنی مرضی سے ڈال کر پانی میں دیر تک ابال لیں اور پھر ہلکا نمک اور کالی مرچ ڈال کر سبزیوں سمیت پی جائیے۔ یہ سوپ کافی لذیذ ہوتا ہے اور توانائی بخش بھی۔

[pullquote]تیسرا دن (پھلوں اور سبزیوں کا دن):[/pullquote]

تیسرے دن آپ پھل اور سبزی دونوں کھا ئینگے تاہم پھلوں میں کیلا، آم اور کھجور شامل نہیں جبکہ سبزیوں میں آلو نہیں کھاسکتے۔ سب سے اچھا ہے کہ آپ صبح خوب سارا تربوز کھائیں۔ تربوز سے پیٹ کافی بھرجاتا ہے۔ جی ایم ڈائٹ کے لئے تربوز سب سے بہترین پھل ہے۔ دوپہر میں سبزیاں ابال کر سوپ پی لیں اور ساتھ میں فروٹ چاٹ اور رات میں بھی ایسا ہی کچھ تیار کرلیں۔

[pullquote]چوتھا دن (کیلے اور دودھ کا دن):[/pullquote]

چوتھا دن سب سے آسان ہوتا ہے۔ پورے دن میں آپ کو ایک لیٹر دودھ (بغیر چکنائی والا) جو فیٹ فری کے نام سے دکان پر ملتا ہے اور ساتھ ۸ سے ۱۰ کیلے کھانے ہیں۔ صبح ایک گلاس دودھ کے ساتھ آپ ۲ سے ۳ کیلے کھالیں، پھر دوپہر میں ایک گلاس دودھ کے ساتھ ۲ سے ۳ کیلے لے لیجئے، شام میں ایک گلاس دودھ کے ساتھ دو کیلے کھالیں اور رات میں ایک گلاس دودھ کے ساتھ مزید دو کیلے کھا کر دن کو پورا کیجئے۔

[pullquote]پانچواں دن (گوشت اور ٹماٹر کا دن):[/pullquote]

پانچواں دن گوشت اور ٹماٹر کا دن ہے۔ اس دن آپ تقریباً ۵۰۰ گرام یعنی آدھا کلو سے لیکر ۷۵۰ گرام تک گوشت کھاسکتے ہیں۔ گوشت کو بلا تیل جس طرح پکانا چاہیں پکائیے، چاہیں تو اسے باربی کیو کی طرح گرِل کرلیجئے اور چاہیں تو ابال کر اس کے چھوٹے چھوٹے قتلے کرکے اس پر نمک مرچ چھڑک لیجئے۔ تیل و چکنائی کے علاوہ گوشت کو پکانے کی جو ریسیپی آپ کے پاس ہو اسکو آزمالیجئے۔ صبح ناشتے میں آپ تقریباً ۱۵۰ سے ۲۰۰ گرام گوشت دو عدد ٹماٹر کے ساتھ کھائیے، پھر دوپہر میں بھی ۲۵۰ گرام گوشت دو عدد ٹماٹر کے ساتھ کھائیے اور رات میں ۱۵۰سے ۲۰۰ گرام گوشت اسی طرح دو عدد ٹماٹر کے ساتھ کھائیے۔ اس دن آپ نے پانی خوب پینا ہے اور سبزیوں کا سوپ تو آپ ہر روز ہی پی سکتے ہیں۔ جو لوگ گوشت نہیں کھاسکتے وہ ابلے چاول کھاسکتے ہیں لیکن ان کا پانی اچھے سے پسانے کے بعد۔

[pullquote]چھٹا دن (گوشت اور سبزیوں کا دن):[/pullquote]

چھٹا دن بھی گوشت کا ہی ہے تاہم آج گوشت کے ساتھ آپ مختلف سبزیاں کھاسکتے ہیں سوائے ٹماٹر اور آلو کے۔ گوشت کی مقدار بھی پچھلے دن والی یعنی ۵۰۰ گرام سے لیکر ۷۵۰ گرام تک ہوگی۔ پانی خوب پینا ہے۔

[pullquote]ساتواں دن (گوشت، سبزی اور جوس کا دن):[/pullquote]

ساتواں دن چاول، سبزیوں اور پھلوں کے رس کا ہے۔ صبح ناشتے میں آپ ایک درمیانہ پیالہ ابلے ہوئے براؤن رائس کسی بھی پھل کے تازہ نکلے ہوئے جوس کے ساتھ لے سکتے ہیں۔ دوپہر میں بھی ایک درمیانہ پیالہ ابلے ہوئے براؤن رائس اور ساتھ میں کوئی جوس اور رات میں ایک چھوٹا پیالہ چاول کا سبزیوں کے ساتھ۔ چاولوں میں ذائقے کے لئے نمک مرچ ڈالی جاسکتی ہے۔ یاد رکھئے جوس میں شکر یا ڈِبّہ والا جوس قطعی نہیں پینا۔ آپ کو تازہ نکلا ہوا جوس ہی لینا ہے۔ اسی طرح کسی بھی چیز میں چاہے وہ سبزی ہو یا گوشت تیل پکانے کے لئے استعمال نہیں کرنا۔ ساتوں کے سات دن شکر اور تیل کا رتّی برابر بھی استعمال نہیں کرنا ہے۔

جب یہ ڈائٹ شروع کیجئے تو روزانہ کی بنیاد پر اگلے دن صبح اٹھ کر اپنا وزن لازمی چیک کریں، آپ کو ہر روز وزن میں کمی نظر آئے گی اور یہ چیز آپ کو ڈائٹ جاری رکھنے پر مزید ہمت دے گی۔ یاد رہے ڈائٹ کے دوران پہلے تین دن کافی سخت محسوس ہونگے۔ ہوسکتا ہے کہ پہلے دن رات میں یا اگلے دن صبح سر میں کافی درد محسوس ہو، جسم میں بھی درد محسوس ہوگا۔ طبیعت میں اضمحلال یعنی فٹیگ (Fatigue) اور کمزوری بھی محسوس ہوگی۔ یہ سب خوش آئند باتیں ہیں کیونکہ اس سے یہ یقینی ہوجائے گا کہ ڈائٹ آپ پر کارآمد ثابت ہورہی ہے اور آپ کے جسم میں آکسیڈنٹس (Oxidants) کی توڑ پھوڑ اور چربی کے گھلنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ آپ کو محض تین دن تک ہمت کرنی ہوگی، اس کے بعد چوتھے دن سے آپ کافی فریش، تازہ دم اور ہلکا ہلکا محسوس کرینگے اور چوتھے دن کے بعد آپ کی کھانوں کی طرف رغبت بھی کم ہوجائے گی ان شاءاللہ۔

جی ایم ڈائٹ فالو کرنے سے آپ ایک ہفتے میں جہاں ۴ سے ۸ کلو تک وزن کم کرلیتے ہیں وہی آپ کے چہرے پر بھی نکھار آجاتا ہے اور طبیعت کافی ہشاش بشاش محسوس ہونے لگتی ہے۔ بس دھیان رکھئے کہ ڈائٹ پورے ضابطے اور پابندی سے کرنی ہے اور پانی کثرت سے پینا ہے۔ ان شاءاللہ آپ اس ڈائٹ پر عمل کرنے کے بعد خود کی ایٹنگ ہیبٹس (Eating Habits) میں بھی فرق پائینگے اور تیل و شکروالے مضر کھانےکھاتے ہوئے آپ کا ذہن و دماغ خود آپ کو غیر ارادی طور پر روکنے لگے گا۔

نوٹ: زیادہ بہتر نتائج کے لئے روزانہ دن میں ٤٥ منٹ سے ایک گھنٹہ تیز واک یا جاگنگ کیجیے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے