سیاسی جماعتوں کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان مین اسٹریم جماعتوں کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے جناح اسپتال میں سائبرنائف ڈیپارٹمنٹ اور سرجیکل کمپلیکس سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا جبکہ انہیں ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت 5 سالہ مدت پورا نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب عمران خان خود پارلیمان پر تالا لگائیں گے تو پاکستان کی عوام اور سیاسی جماعتیں جو جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں تو وہ بھی انتہائی قدم کیلئے مجبور ہوجاتے ہیں لہٰذا حکومت کو سمجھنا چاہیے کہ ملک میں اتحاد پیدا کریں اور مسائل حل کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان مین اسٹریم جماعتوں کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کریں، چاہتے ہیں کہ عوام کے مسائل پارلیمان کے ذریعے حل کیے جائیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے اور اگر ملک میں مارشل لاء جیسی صورتحال پیدا ہوئی تو ماضی کی طرح آئندہ بھی بھرپورکردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ کی حمایت کررکھی ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے مارچ سے قبل ہی حکومت مخالف تحریک شروع کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے