پیر : 21 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر گولہ باری میں دس ہلاک[/pullquote]

کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستان اور بھارت کے درمیان گولہ باری میں فوجیوں سمیت کم از کم دس لوگ مارے گئے ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق بھارتی فوج نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں عسکری ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔ پاکستان نے بھارتی دعوے کو رد کرتے ہوئے کسی مسلح کیمپ کی موجودگی سے انکار کیا ہے۔ پاکستانی فوج کے مطابق بھارتی گولہ باری بلااشتعال تھی اور اس کا نشانہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عام شہری بنے۔ دونوں ملکوں نے جانی نقصان کے متضاد دعوے کیے ہیں تاہم تشدد کی اس تازہ لہر میں حکام نے کم از کم دو بھارتی اور ایک پاکستانی فوجی کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]شام میں فوجی کارروائی پر روس کی ترکی پر تنقید[/pullquote]

روس نے شام میں ترکی کی فوجی پیش قدمی پر تنقید کی ہے۔ روسی نیوز ایجنسی طاس کے مطابق روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو نے کہا کہ ترکی کی اس کارروائی کی وجہ سے شمالی شام میں داعش کے دہشت گردوں کے لیے قائم حراستی مراکز کی سکیورٹی متاثر ہوئی، جس سے اب یہ تشویش پیدا ہو گئی ہے کہ یہ لوگ روس سمیت دیگر ملکوں میں واپس جا کر مشکلات پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترک فوج کی کارروائی میں آٹھ پناہ گزین کیمپ اور بارہ جیلوں کی سکیورٹی کا نظام متاثر ہوا۔ روسی حکام کے مطابق ان جیلوں میں قریب پندرہ ہزار عسکریت پسند قید تھے۔

[pullquote]لبنان میں مظاہروں کے بعد کابینہ کا ہنگامی اجلاس[/pullquote]

لبنان میں کئی روز سے جاری مظاہروں کے بعد اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم سعد الحریری کی مخلوط حکومت نے معاشی اصلاحات کے پیکج پراتفاق کر لیا ہے۔ اس پیکج کی منظوری کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں متوقع ہے۔ خیال ہے کہ سرکاری اخراجات گھٹانے کے لیے لبنان کی تیس رُکنی کابینہ میں وزرا کی تنخواہیں کاٹ کر نصف کر دی جائیں گی جبکہ سرکاری اداروں میں افسران کو ملنے والی مراعات بھی کم کر دی جائیں گی۔ لبنان میں بجٹ کا خسارہ بے قابو ہے اور مالیاتی بحران کی وجہ سے سرکاری ادارے مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ دارالحکومت بیروت میں اتوار کو بھی ہزاروں مظاہرین نے سڑکوں پر مارچ کیا اور مہنگائی اور مبینہ حکومتی کرپشن کے خلاف نعرے لگائے۔

[pullquote]چِلی میں مہنگائی کی خلاف ہنگامے، آٹھ ہلاک[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک چِلی میں جاری ہنگاموں میں مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی طبقاتی خلیج اور مہنگائی کی خلاف یہ ہنگامے حکومت کی طرف سے میٹرو کے کرایوں میں اضافے کے بعد شروع ہوئے۔ حکومت کی طرف سے کرایوں میں اضافہ واپس لیے جانے کے باوجود ملک بھر میں گزشتہ ہفتے سے جاری جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں سینکڑوں لوگ زخمی ہو چکے ہیں۔ تازہ پُر تشدد واقعات دارالحکومت سانتیاگو میں پیش آئے جب مظاہرین نے لوٹ مار کے بعدکپڑوں کی ایک فیکٹری میں آگ لگا دی۔ حکومت نے دارالحکومت میں پہلے سے ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے، جسے اب ملک کے دیگر بڑے شہروں تک وسعت دی جا رہی ہے۔ آج پیر کے روز بھی شہر میں بینک، بازار اور اسکول بند اور معمولات زندگی مفلوج رہنے کا امکان ہے۔

[pullquote]کینیڈا: پارلیمانی انتخابات میں سخت مقابلہ[/pullquote]

کینیڈا میں پیر کو نئی پارلیمان کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہو رہی ہے۔ آج ہونے والی اس ووٹنگ میں 27 ملین شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ان انتخابات کے لیے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی اور اپوزیشن کنزرویٹیو پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔ پارلیمانی اکثریت کے لیے کسی بھی جماعت کو کم از کم 170 نشستیں درکار ہیں۔ حالیہ جائزوں کے مطابق دونوں جماعتوں میں سے کسی کو بھی واضح اکثریت ملنے کے امکانات کم ہیں۔

[pullquote]شام میں ترک فوجی کارروائی غیر قانونی ہے، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے ترکی کی طرف سے شام کے کُرد علاقوں میں فوجی پیش قدمی کو جارحیت قرار دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ اُن کا ملک ترکی کے اس اقدام کو غیرقانونی سمجھتا ہے اور قوی امکان ہے کہ یورپی یونین اس کے ردعمل میں ترکی پر اقتصادی پابندیاں عائد کر دے۔ جرمن براڈکاسٹر زیڈ ڈی ایف سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرمنی سمجھتا ہے کہ کُرد ملیشیا پر ترکی کے حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ یہ بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کُرد ملیشیا اور شہریوں نے امریکی ثالثی میں تُرکی کے ساتھ طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت شام کے شہر راس العین سے انخلا شروع کر دیا ہے۔

[pullquote]امریکی فوجی شام سے نکل کر عراق میں داخل[/pullquote]

امریکی فوجی شام کے شمالی حصے سے نکل کر عراق میں داخل ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے ایک کیمرہ مین کے مطابق اس نے سو سے زائد امریکی بکتر بند گاڑیوں کو عراق میں سرحد عبور کرتے ہوئے دیکھا۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر ہفتے کے روز ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ شام کے شمالی حصے سے ایک ہزار کے لگ بھگ امریکی فوجیوں کومغربی عراق میں تعینات کیا جائے گا تاکہ وہ وہاں داعش کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھ سکیں۔ اس سے پہلے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے وقت کہا تھا کہ اُن کا ملک مشرق وسطیٰ میں جاری مسلسل جنگوں سے اپنے فوجی نکال کر انہیں امریکا واپس لا رہا ہے۔

[pullquote]ہانگ کانگ: مسجد کی ’بے حرمتی‘ پر کیری لیم کی معذرت[/pullquote]

ہانگ کانگ حکومت کی سربراہ کیری لیم نے پولیس اور مظاہرین کے بیچ جھڑپوں کے دوران شہر کی سب سے بڑی مسجد کی ’بے حرمتی‘ پر معذرت کرلی ہے۔ اتوار کے روز مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں کے دوران سکیورٹی فورسز کی طرف سے اُنہیں منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن اور نیلے رنگ کے اسپرے کا استعمال کیا، جو مسجد کے دروازے اور سیڑھیوں پر بھی پھیل گیا۔ ہانگ کانگ پولیس نے بعد میں کہا کہ مسجد کے کچھ بیرونی حصوں پر یہ رنگ غلطی سے لگا۔ پیرکی صبح کیری لیم نے مسجد کا دورہ کیا۔ مسجد کے منتظمین نے میڈیا کو بتایا کہ ہانگ کانگ کی رہنما خود اس واقعے پر معذرت کرنے آئی تھیں، جسے قبول کر لیا گیا ہے۔ ہانک کانگ میں تین لاکھ مسلمان آباد ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش: فیس بک پوسٹ کی خلاف مظاہرے میں کم از کم چار افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ دیش میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم چار افراد مارے گئے۔ یہ واقعہ گزشتہ روز برہان الدین نامی شہر میں اُس وقت پیش آیا جب سینکڑوں کی تعداد میں مظاہرین سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ اس پوسٹ میں مبینہ طور پر پیغمبر اسلام کا مذاق اُڑایا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق یہ مظاہرین ایک ہندو شخص کی طرف سے فیس بُک پر ایک رائے کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے تاہم اس شخص نے کسی اشتعال انگیز پوسٹ سے انکار کیا ہے اور اُس کا کہنا ہےکہ اُس کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے