منگل : 22 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کشمیر سے متعلق بیان واپس نہیں لوں گا: مہاتیر محمد[/pullquote]

گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مہاتیر محمد نے بھی مسئلہ کشمیر پر کھل کر بات کی اور جموں وکشمیر کو ایک الگ ملک قرار دیا تھا۔خطاب میں مہاتیر محمد نے بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے باوجودجموں و کشمیر پر حملہ کرکے اس پر قبضہ کیا گیا۔گزشتہ روز بھارت میں کھانے کے تیل کے تاجروں کی ایک تنظیم نے اپنے اراکین سے مطالبہ کیا کہ وہ مہاتیر محمد کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیر سے متعلق بیان کی وجہ سے ملائیشیا سے پام آئل کی خریداری بند کردیں۔ملائیشیا پام آئل پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے جس کا سب سے بڑا خریدار بھارت ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اپنی پارلیمنٹ کے باہر رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے مہاتیر محمد نے کہا کہ وہ سوچ سمجھ کر بات کرتے ہیں اور نہ تو اسے تبدیل کرتے ہیں ،نہ ہی واپس لیتے ہیں۔”ہم کہہ رہے ہیں کہ ہمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی پاسداری کرنے چاہیے۔ورنہ اقوام متحدہ کا فائدہ کیا ہے؟”مہاتیر محمد نے کہا کہ وہ بھارتی تاجروں کے بائیکاٹ کے اثرات کا جائزہ لیں گے اور اس مسئلے کو حل کرنے کی بھی کوشش کریں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ بھارتی حکومت کا نہیں ہے بلکہ ایک تنظیم کا ہے اس لیے وہ دیکھیں گے اِن لوگوں سے کیسے بات کی جا سکتی ہے کیوں کہ تجارت دو طرفہ چیز ہےاس لیے تجارتی جنگ کو بڑھانا بری چیز ہے۔

[pullquote]جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں ہوگی: ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے خبردار کیا ہے کہ اگر کُرد ملیشیا نے آج منگل کی شب تک شمالی شام سے اپنے ٹھکانے خالی نہ کیے تو ترکی اس کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن دوبارہ شروع کر دے گا۔ ترک صدر نے یہ بیان روس کے ساحلی شہر سوچی میں دیا جہاں آج ان کی روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات ہو رہی ہے۔ شمالی شام میں پچھلے ہفتے امریکی کوششوں سے طے پانے والے سیز فائر معاہدے کے تحت ترکی نے کُرد ملیشیا کو علاقے سے نکلنے کے لیے پانچ دن کی مہلت دی تھی، جو منگل کی رات ختم ہو رہی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر طالبان کا حملہ ،16 پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں طالبان کے ساتھ جھڑپوں میں 16 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے قندوز کے ضلع علی آباد میں طالبان کی جانب سے گذشتہ رات سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیا۔افغان پولیس کی جانب سے کئی گھنٹے تک طالبان کا مقابلہ کیا گیا تاہم اس دوران چیک پوسٹ کے نگران کمانڈر سمیت 16 پولیس اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے، حکام کے مطابق طالبان کو بھی اس لڑائی میں جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے چیک پوسٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔افغانستان کے شمالی صوبہ قندوز میں طالبان کا کافی اثرو رسوخ ہے اور صوبے کے متعدد اضلاع طالبان کے کنٹرول میں ہیں۔

[pullquote]جرمن وزیر دفاع کی طرف سے شام میں ایک بین الاقوامی سکیورٹی زون کی حمایت[/pullquote]

جرمن وزیر دفاع آنے گرَیٹ کرامپ کارین باؤر نے کہا ہےکہ شمالی شام میں ایک انٹرنیشنل سکیورٹی زون بنانے کی ضرورت ہے تا کہ داعش کے خلاف جاری لڑائی متاثر نہ ہو۔ ڈی ڈبلیو کے ساتھ ایک انٹرویو میں جرمن وزیر دفاع نے کہا کہ شمالی شام میں ترکی کی فوجی پیش قدمی پر یورپ خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا کیونکہ وہاں کے حالات کا براہ راست تعلق یورپ اور جرمنی کی سکیورٹی سے ہے۔ روس نے کہا ہے ترکی کے ساتھ مل کر جرمنی کی اس تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔

[pullquote]کشمیر پر اپنے الفاظ واپس نہیں لوں گا، مہاتیر محمد[/pullquote]

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ بھارتی تاجروں کی طرف سے ملائیشیائی پام آئل کے بائیکاٹ کے باوجود وہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے حوالے سے اپنے الفاظ واپس نہیں لیں گے۔ خوردنی تیل کی تجارت کرنے والوں کی سب سے بڑی بھارتی تنظیم نے پیر کو اپنے میمبران پر زور دیا تھا کہ وہ ملائیشیا سے پام آئل کی خرید کا سلسلہ روک دیں۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ میں بھارت پر تنقید کی تھی کہ اس نے کشمیر پر قبضہ کر رکھا ہے۔

[pullquote]اراکین پارلیمان بریگزٹ معاہدے کی منظوری کے لیے ساتھ دیں، بورس جانسن[/pullquote]

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اراکین پارلیمان پر زور دیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے ساتھ طے کردہ بریگزٹ معاہدے کی حمایت کریں۔ برطانوی پارلیمان سے بریگزٹ کے گزشتہ معاہدوں کی منظوری با رہا ناکام ہو چکی ہے لیکن آج اراکین پارلیمان کو حالیہ طے شدہ معاہدے کی حمایت یا مخالفت کا ایک اور موقع ملے گا۔ برطانوی حکومت نے اس معاہدے کی تفصیل گزشتہ روز شائع کی تھی۔ اگر حکومت کو پارلیمان سے اس معاہدے کے حق میں ووٹ مل جاتے ہیں، تو قانونی سازی پر غور وخوض کے لیے تین دن دیے جائیں گے۔ حزب اختلاف کے مطابق مجوزہ معاہدے کو سمجھنے اور پرکھنے کے لیے یہ وقت ناکافی ہے۔ وزیراعظم بورس جانسن کا اصرار ہے کہ معاہدے منظور ہو یا نہ ہو، برطانیہ ہر صورت میں اکتیس اکتوبر کو یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

[pullquote]کینیڈا انتخابات، جسٹن ٹروڈو کی جماعت کامیاب[/pullquote]

کینیڈا میں پیر کے عام انتخابات میں وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی نے خلاف توقع بہتر کارکردگی دکھائی ہے اور وہ ایک اتحادی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئے ہیں۔ کینیڈین وزیرِ اعظم کو اس الیکشن مہم کے دوران متعدد اسکینڈلز کا سامنا رہا، جس سے بظاہر ان کی شہرت کو کافی نقصان پہنچا۔ انتخابی نتائج کے بعد ایک بیان میں جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا کے شہریوں نے ایک بار پھر ایک ترقی پسند ایجنڈا کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ خیال ہے کہ حکومت بنانے کے لیے جسٹن ٹروڈو کو بائیں بازو کی حزب اختلاف کی جماعتوں پر انحصار کرنا ہوگا۔

[pullquote]جاپان: نئے بادشاہ نے تخت سنبھال لیا[/pullquote]

جاپان میں نئے بادشاہ ناروہیٹو نے روایتی تقریبات کے بعد باضابطہ طور پر شاہی تخت سنبھال لیا ہے۔ شاہی تقریبات میں دنیا بھر سے آئے دو ہزار اعلیٰ حکومتی اور سفارتی مہمان شریک ہوئے۔ اُنسٹھ سالہ ناروہیٹو برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم یافتہ ہیں جبکہ ان کی اہلیہ ہارورڈ کی پڑھی ہوئی ہیں۔ انہوں نے اس سال مئی میں اپنے والد آکی ہیٹو کی تخت سے دستبرداری کے بعد یہ منصب سنبھالا ہے۔ آکی ہیٹو نے تیس سال تخت پر براجمان رہنے کے بعد اپنا عہدہ چھوڑا تھا۔ وہ گزشتہ دو صدیوں کے دوران تخت سے دستبردار ہونے والے پہلے جاپانی بادشاہ ہیں۔ جاپان دنیا کی قدیم ترین بادشاہت ہے، جہاں لوگ اپنے شہنشاہ کا دیوتا جیسا احترام کرتے ہیں۔

[pullquote]خشک سالی کے باعث زمبابوے میں 55 ہاتھی ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک زمبابوے میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے قائم سب سے بڑے پارک میں گزشتہ دو ماہ کے دوران کم از کم 55 ہاتھی ہلاک ہو گئے ہیں۔ زمبابوے کے پارکس اینڈ وائلڈ لائف منیجمنٹ کے ترجمان نے ان ہاتھیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کی وجہ وہاں جاری خشک سالی بتائی ہے۔ زمبابوے ان دنوں گزشتہ کئی دہائیوں کی سخت ترین خشک سالی کا شکار ہے اور وہاں قریب پچاس لاکھ افراد بیرونی امداد پر انحصار کر رہے ہیں۔

[pullquote]نیتن یاہو حکومت سازی میں ناکام[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت سازی کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہوئیں اور اب وہ حکومت بنانے کی کاوشوں سے پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے سیاسی حریف اور سابق آرمی چیف بینی گینٹز کے ساتھ مل کر نئی حکومت بنانے کی بھرپور کوشش کی لیکن انہیں اس کا کوئی مثبت ردعمل نہیں ملا۔ اسرائیل میں قوائد کے مطابق، صدر اب دوسرے سب سے زیادہ ووٹ لینے والے سیاسی اتحاد ’بلو اینڈ وائٹ‘ کے سربراہ بینی گینٹز کو حکومت سازی کی دعوت دیں گے۔ اسرائیل میں عام انتخابات 17 ستمبر کو ہوئے تھے۔

[pullquote]کُرد ملیشیا کے شام سے نکلنے کی صورت میں فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں ہو گی، ترک صدر کے ترجمان[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے ترجمان ابراہیم کلِن نے کہا ہے کہ اگر شام کے شمالی حصے سے کرد ملیشیا وائی پی جی نکل جاتی ہے تو وہاں مزید کسی فوجی کارروائی کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ڈی ڈبلیو سے خصوصی گفتگو میں صدارتی ترجمان نے مزید کہا کہ منگل کو روس اور ترک صدور کے درمیان روس کے شہر سوچی میں ہونی والی ملاقات میں شام میں ایک سیف زون کے قیام پر بات ہو گی۔ ترکی چاہتا ہے کہ اس سیف زون میں ترکی میں موجود شامی مہاجرین کو بسایا جا ئے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے