2 سے زائد بچوں والے سرکاری ملازمت کے اہل نہیں ہوں گے

بھارتی ریاست آسام میں بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) حکومت نے کسی بھی شہری کے 2 سے زائد بچے ہونے پر اس کیلئے سرکاری ملازمت کے دروازے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسام میں برسراقتدار بی جے پی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ یکم جنوری 2021 کے بعد سے دو سے زائد بچوں والے افراد سرکاری ملازمت کے اہل نہیں ہوں گے۔

آسام کے وزیراعلیٰ کے ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ گذشتہ روز ہونے والی ریاستی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جس کا مقصد ریاست میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنا ہے۔

واضح رہے کہ بی جے پی کی جانب سے آسام میں 2016 میں حکومت بنائے جانے کے بعد سے آبادی میں کمی کیلئے مختلف منصوبے بنائے جارہے ہیں۔

گذشتہ دنوں آسام کی وزیر برائے صحت و تعلیم ہمانتا َبسوا نے مطالبہ کیا تھا کہ دو بچوں کی پالیسی کا اطلاق انتخابی قوانین پر بھی کیا جائے اور خلاف ورزی پر ممبر اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے کے ساتھ ساتھ اسے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔

بی جے پی حکومت کی جانب سے اس سے قبل ریاست کی آبادی کم کرنے کیلئے دیگر ہتھکنڈے بھی استعمال کیے جاتے رہے ہیں جن کا سب سے زیادہ نشانہ مسلمان بن رہے ہیں۔

رواں سال اگست میں ریاستی حکومت نے 19 لاکھ سے زائد افراد کو شہریت سے خارج کردیا تھا جن میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔

بی جے پی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ سب افراد بنگلادیشی ہیں اور غیر قانونی طور پر آسام میں مقیم ہیں۔

2012 تک کے اعداد و شمار کے مطابق ریاست آسام کی آبادی تقریباً تین کروڑ 94 لاکھ تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے