بدھ: 23 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانیہ میں ٹرک کنٹینر سے 39 لاشیں برآمد[/pullquote]

برطانیہ کے شمال مغربی علاقے ایسکس میں ایک ٹرک کنٹینر سے اُنتالیس افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق مرنے والوں میں ایک نوعمر لڑکا بھی شامل ہے۔ برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کنٹینر بلغاریہ سے آیا تھا اور سنیچر کے روز برطانیہ میں داخل ہوا تھا۔ کنٹینر کا ڈرائیور ایک پچیس سالہ نوجوان ہے جس کا تعلق شمالی آئرلینڈ سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے اُسے گرفتار کر کے قتل کے الزامات کے تحت تفتیش شروع کر دی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین بریگزٹ کی تاریخ بڑھانے پر غور کرے گی[/pullquote]

یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے کہا ہے کہ وہ برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کی تاریخ میں توسیع کے حق میں ہیں۔ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا اصرار رہا ہے کہ ان کا ملک ہر صورت میں اکتیس اکتوبر کویورپی یونین سے علیحدہ ہو جائے گا۔ لیکن گزشتہ روز برطانوی اراکین پارلیمان نے بریگزٹ پر قانون سازی سے متعلق حکومتی کوشش مسترد کردی تھی۔ یورپی کونسل کے صدر نے اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ وہ 27 رکنی یورپی یونین سے درخواست کریں گے کہ وہ بریگزٹ کی طے شدہ تاریخ میں مزید توسیع کریں۔ بریگزٹ کی نئی تاریخ تین ماہ بعد جنوری کے آخر میں ہو سکتی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایسی صورت میں برطانوی حکومت ملک میں نئے انتخابات کرانے کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

[pullquote]مذاکرات کا اگلا دور چین میں ہوگا، طالبان[/pullquote]

افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ افغانستان میں جنگ بندی کے سیاسی حل سے متعلق بات چیت کا اگلا دور چین میں ہوگا۔ اطلاعات ہیں کہ آئندہ ہفتے ہونے والی اس ملاقات میں سرکردہ افغان دھڑوں اور شخصیات کو بھی چین مدعو کیا گیا ہے۔ اس بات چیت کا اہتمام ایک ایسے وقت ہو رہا ہے جب افغانستان کے لیے امریکی ایلچی زلمے خلیل زاد بھی اس ہفتے یورپ، نیٹو اور اقوام متحدہ کے اتحادی ملکوں سے مشاورت کے دورے پر ہیں۔ امریکا اور طالبان کے درمیان امن بات چیت کا سلسلہ ستمبر میں معطل ہو گیا تھا۔ امریکی صدر نے اس کی وجہ طالبان کی طرف سے جاری قتل و غارت گری کو قرار دیا تھا۔

[pullquote]ٹرمپ نے سیاسی مقصد کے لیے یوکرائن پر دباؤ ڈالا، امریکی سفارتکار[/pullquote]

امریکا کے ایک سینیئر سفارتکار نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے سے متعلق کانگریس کی ایک کمیٹی میں بیان دیا ہے کہ امریکی صدر نے یوکرائن کی حکومت پر اپنے سیاسی مخالفین کے حوالے سے دباؤ ڈالا تھا۔ یوکرائن میں تعینات سابق امریکی سفارت کار ولیم ٹیلر نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے اس کام کو یوکرائن کے لیے امریکی فوجی امداد سے مشروط کیا تھا۔ صدر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے یوکرائن کی حکومت پر اپنے سیاسی حریف ڈیموکریٹ پارٹی کے جو بائیڈن کے صاحبزادے کے کاروباری معاملات کی تحقیقات کے لیے دباؤ ڈالا تھا۔ صدر ٹرمپ کے مخالفین کے مطابق ولیم ٹیلر کا بیان امریکی صدر کے خلاف مواخذے کی کوششوں میں اہم ثابت ہو سکتا ہے۔

[pullquote]شام کی صورتحال پر ترکی اور روس میں سمجھوتہ[/pullquote]

ترکی اور روس نے ترک سرحد کے قریب شام کے شمالی حصے سے کُرد ملیشیا کو دور رکھنے کے لیے ایک سمجھوتے پر اتفاق کیا ہے۔ معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کی افواج مل کر اس علاقے کی نگرانی کریں گی۔ اس سمجھوتے کا اعلان روس کے ساحلی شہر سوچی میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور روسی صدر ولادی میر پوٹن کے درمیان چھ گھنٹے طویل مذاکرات کے بعد کیا گیا۔ اس ڈیل کے تحت علاقے میں موجود کرد ملیشیا کو مزید مہلت دی گئی ہےکہ وہ علاقے سے نکل جائے۔ روس شام میں ترکی کی فوجی کارروائی پر تنقید کر چکا ہے لیکن دونوں ملکوں کا کہنا ہے کہ وہ علاقے میں سولین آبادی کے لیے ایک سیف زون کے قیام میں تعاون کریں گے۔

[pullquote]چلی میں پرتشدد مظاہروں کے بعد اصلاحات کا اعلان[/pullquote]

لاطینی امریکا کے ملک چِلی میں حکومت نے کئی روز سے جاری مظاہروں کے بعد ملک کے غریب طبقے کے لیے معاشی اصلاحات کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ دارلحکومت سانتیاگو میں صدارتی محل سے اپنے خطاب میں صدر سیباستیان پِنییرا نے پینشن بڑھانے، دوائیوں کی قیمتیں کم کرنے اور امیر طبقے پر مزید ٹیکس لگانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات عوام کے جائز مطالبات پورے کرنے کی کوشش ہیں۔ چلی میں گزشتہ پانچ روز کے پر تشدد مظاہروں اور ہنگاموں میں کم از کم پندرہ لوگ مارے جا چکے ہیں اور بدھ کے روز حکومت مخالف حلقوں نے عام ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote]بیلجیئم کی پیرالمپئن نے ڈاکٹر کے ہاتھوں اپنی زندگی ختم کر لی[/pullquote]

بیلجیئم کی پیرالمپئن ماریکے فیرفورٹ نے چالیس سال کی عمر میں ڈاکٹر کے ہاتھوں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔ وہ لندن میں دو ہزار بارہ کے پیرالمپکس میں سونے اور چاندی کے تمغے جیتی تھیں۔ انہیں پٹھوں کی ایک ایسی بیماری لاحق تھی جس میں انہیں شدید درد رہتا تھا، ان کی ٹانگیں مفلوج تھیں اور ان کی حالت بگڑتی جا رہی تھی۔ ماریکے فیرفورٹ نے اپنی حالت کے مدنظر خود یہ فیصلہ کیا کہ ایک وقت آئے گا جب وہ دوسروں پر بوجھ بننے کی بجائے اپنی زندگی ختم کرنے کو ترجیح دیں گی۔ یورپ کے کئی ملکوں میں یوتھنیسیا یا ڈاکٹر کی مدد سے زندگی کا خاتمہ ایک متنازعہ عمل ہے اور اس کی اجازت نہیں لیکن بیلجیئم کے قوانین اس کی اجازت دیتے ہیں۔

[pullquote]سارو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر بن گئے[/pullquote]

معروف سابق بھارتی کپتان اور بیٹسمین سارو گنگولی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ 47 سالہ گنگولی اس عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے۔ ’بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا‘ کے ممبئی میں ہونے والے اجلاس میں گنگولی کو بھارتی کرکٹ کے اس اعلیٰ ترین ادارے کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ بی سی سی آئی نے اس بات کی تصدیق اپنے ایک ٹوئیٹر پیغام میں کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے