وزیراعظم بہت جلد استعفیٰ دینے والے ہیں: بلاول کا دعویٰ

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعظم ملک نہیں چلاسکتا اُسے گھر جانا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا پمز اسپتال میں والد کی تیمارداری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ صدر زرداری کا علاج ان کا حق ہے، ان پر اب تک کوئی کیس ثابت نہیں ہوسکا ہے، ہمارا اپنا کوئی فیملی ڈاکٹر نہیں بلکہ ہم سرکاری ڈاکٹرز پر انحصار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں حکومت پر اعتماد نہیں کر سکتا، علاج پر مطمئن نہیں ہوسکتے، صدر زرداری کا حوصلہ بلند ہے، آصف زرداری کو نجی ڈاکٹر تک رسائی دی جائے جس طرح نواز شریف کو دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اور میری بہنیں صدر زرداری کوضمانت کی درخواست دینے پر راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن صدر زرداری تاحال طبی بنیادوں یا کسی اور قانون کے تحت ضمانت لینے پر آمادہ نہیں ہورہے، سابق صدر کے خلاف کوئی الزام نہیں اور کوئی کیس اب تک فائنل نہیں ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف کو بھی مجرم قراردے کر حراست میں لیاگیامگر ہمارےساتھ الٹا سلوک کیا جارہا ہے، ہمارے آئینی و جمہوری حق تک چھین لیے گئے۔

خیال رہے کہ سابق صدر آصف زرداری طبیعت ناساز ہونے پر پمز اسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں انہیں مثانے، ڈپریشن، جسمانی کمزوری، گردن اور مہروں میں شدید درد کی بھی شکایت ہے۔

پی پی چیئرمین نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک نا اہل وزیر اعظم ملک پر مسلط ہے، جو جلد مستعفی ہوگا، اس ملک کی عوام نے واضح پیغام دے دیا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم یہ ملک نہیں چلاسکتا، وزیراعظم بہت جلد استعفیٰ دینے والے ہیں اور بہت جلد پاکستان کا اچھا وقت آنے والا ہے۔

[pullquote]آزادی مارچ میں شرکت کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بلاول[/pullquote]

آزادی مارچ کے حوالے سے بلاول کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں شرکت کرنے والے تمام افراد کو سلام پیش کرتا ہوں، یہ ایک اچھا پیغام جارہا ہے، آزادی مارچ میں ہر جماعت کے کارکن نظر آئے، ابھی تو آزادی مارچ شروع ہوا ہے، بہت کچھ ہونا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو بند کردیا، میڈیا اور عدالت پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، نیب کو اپنا کھلونا بنادیا، ہماری کوشش ہے کہ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کا آزادی مارچ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا ہے اور یہ قافلہ سکھر سے آگے نکل چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے