منگل : 29 اکتوبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بریگزٹ: برطانوی لیبر پارٹی دسمبر میں انتخابات کرانے پر راضی[/pullquote]

برطانوی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے رہنما جیریمی کوربن نے رواں برس دسمبر میں عام انتخابات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل برطانوی پارلیمان کے ارکان نے قبل از وقت انتخابات کرانے کی حکومتی تجویز مسترد کر دی تھی۔ وزیر اعظم بورس جانسن نے لیبر پارٹی کو عام انتخابات کی حمایت نہ کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ قبل ازیں یورپی یونین نے بریگزٹ کی مدت میں آئندہ برس جنوری کے اختتام تک توسیع کر دی تھی۔ تاہم برطانوی پارلیمان سے نئی بریگزٹ ڈیل منظور ہونے کی صورت میں بریگزٹ کا عمل جنوری سے پہلے بھی مکمل ہو سکتا ہے۔

[pullquote]یورپی پارلیمان کے ارکان کا بھارت کے زیر انتظام کشمیر کا دورہ[/pullquote]

یورپی پارلیمان کے اٹھائیس ارکان پر مشتمل ایک وفد بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے دورے پر سری نگر پہنچ گیا ہے۔ اگست میں بھارتی حکومت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد اس متنازعے خطے میں کسی غیر ملکی وفد کا یہ پہلا دورہ ہے۔ سکیورٹی کے سخت اقدامات کے باوجود دورے کے آغاز سے کچھ دیر قبل سری نگر کے کچھ علاقوں میں مظاہرے بھی کیے گئے، تاہم بھارتی سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ یورپی پارلیمان کے ان ارکان نے کشمیر کے متنازعہ علاقے میں جانے سے قبل گزشتہ روز بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کی۔ یورپی یونین کے مطابق یہ پارلیمانی دورہ نہیں ہے بلکہ یہ ارکان پارلیمان ذاتی حیثیت میں یہ دورہ کر رہے ہیں۔ بھارتی حکومت کی جانب اگست کے بعد سے اس متنازعے علاقے میں مسلسل لاک ڈاؤن جاری ہے۔

[pullquote]چلی: حکومتی اقدامات کے باوجود مزید مظاہرے اور لوٹ مار[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک چلی میں مظاہروں اور ہنگاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین کو مطمئین کرنے کے لیے صدر سباستیان پینئیرا نے ملکی کابینہ کے آٹھ اہم وزرا کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا تھا۔ ان اقدامات کے باوجود پیر کی شام ہزاروں افراد ایک مرتبہ پھر سانتیاگو کی سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین کے ایک گروہ نے دوکانوں میں لوٹ مار کی اور سب وے اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی گئی۔ گزشتہ ہفتے سانتیاگو میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہرے میں ایک ملین سے زائد شہری شریک ہوئے تھے۔

[pullquote]کربلا میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے کم از کم 13 افراد ہلاک[/pullquote]

عراقی شہر کربلا میں گزشتہ شب سکیورٹی فورسز نے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر فائرنگ کر دی۔ طبی اور سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جب کہ نو سو کے قریب دیگر زخمی ہو گئے۔ عراق میں گزشتہ پانچ روز سے حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل بھی اکتوبر میں ہی حکومت مخالف مظاہروں کے پہلے مرحلے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں کم از کم 250 افراد مارے گئے تھے۔

[pullquote]امریکا کی طرف سے ’انٹرا-افغان‘ مذاکرات کا خیر مقدم[/pullquote]

امریکا نے چین کی طرف سے افغانوں کے درمیان نئے مذاکرات کے منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔ یہ چینی پیشرفت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے طالبان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ اچانک ختم کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آئی ہے۔ طالبان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ چین نے مذاکرات کے لیے ان کے وفد کو بیجنگ میں مدعو کیا ہے۔ قبل ازیں ایک ایسی ہی ملاقات قطر میں بھی ہو چکی ہے جس کا شریک میزبان جرمنی بھی تھا۔ امریکا کی طرف سے جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق بیجنگ میں ہونے والے مذاکرات میں طالبان کے علاوہ افغان سیاسی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔

[pullquote]احتجاج کے بعد لبنانی وزیراعظم کا مستعفی ہونے کا اعلان[/pullquote]

لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری نے ملک میں جاری حکومت مخالف احتجاج کے بعد مستعفی ہونے کا اعلان کردیا۔لبنانی وزیراعظم نے ٹیلی وژن پر قوم سے مختصر خطاب میں اپنے استعفے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ صدارتی محل جاکر استعفیٰ صدر میشیل عون کے حوالے کردیں گے جہاں لبنانی صدر اپنی صوابدید کے مطابق اس پر اپنا فیصلہ کریں گے۔سعد الحریری کے مستعفی ہونے کےاعلان کے بعد حکومت مخالف مظاہرین کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے جب کہ بعض مظاہرین کا اب بھی مطالبہ ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ دیگر اعلیٰ حکام بھی استعفیٰ دیں۔عرب ملک لبنان میں گذشتہ دو ہفتوں سے معاشی بحران سمیت حکومتی اراکین کی کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف احتجاج کیا جارہا ہے۔ یہ احتجاج 17 اکتوبر کو اس وقت شروع ہوا جب حکومت کی جانب سے واٹس ایپ کال پر ٹیکس کا نفاذ کیا گیا۔

[pullquote]فرانس: مسجد کے باہر فائرنگ، دو افراد زخمی[/pullquote]

فرانس میں ایک مسجد کے باہر فائرنگ کر کے دو بزرگ افراد کو زخمی کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ سابقہ انتہائی دائیں بازو کے نظریات رکھنے والے اس شخص نے مسجد کے دروازے کو آگ لگانے کی کوشش بھی کی۔ حکام کے مطابق فرانسیسی شہر بے یون میں اس مشتبہ شخص نے فرار ہونے سے قبل ایک کار کو بھی آگ لگا دی۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس شخص کی عمر 84 برس ہے اور اس کے اس اقدام کے پیچھے کارفرما وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو سخت سزا دینے اور مسلم آبادی کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔

[pullquote]جوشوا وانگ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے[/pullquote]

ہانگ کانگ حکومت نے اہم جمہوریت نواز کارکن جوشوا وانگ کے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وانگ بدھ کے روز ہونے والے مقامی انتخابات میں حصہ لینا چاہ رہے تھے۔ ہانگ کانگ حکومت کے اس فیصلے کے بعد حکومت مخالف مظاہروں میں مزید شدت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پرتشدد مظاہرے گزشتہ پانچ ماہ سے شدت اختیار کر چکے ہیں۔ تئیس سالہ جوشوا وانگ پانچ برس قبل حکومت کے خلاف شروع ہونے والی طلبا تحریک کا سب سے نمایاں چہرہ بن کر ابھرے تھے۔

[pullquote]لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ پھیل گئی[/pullquote]

امریکی شہر لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ کے باعث کئی افراد کو متاثرہ علاقے سے نکال لیا گیا ہے۔ پیر کی شب لگنے والی آگ ہوا کی شدت کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔ آگ بجھانے کی کارروائی میں ایک ہزار سے زائد فائر فائٹرز حصہ لے رہے ہیں تاہم انہیں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اب تک چھ سو ایکڑ سے زائد کا علاقہ جل چکا ہے۔ اس علاقے میں امریکا کی امیر ترین شخصیات بھی رہائش پذیر ہیں۔

[pullquote]داعش کے سربراہ البغدادی کو سمندر میں دفن کر دیا گیا[/pullquote]

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی لاش سمندر میں دفنا دی گئی ہے۔ واشنگٹن حکام نے امریکی اسپیشل فورسز کے اس آپریشن کی مزید تفصیلات بھی جاری کی ہیں جس کے دوران البغدادی کی ہلاکت ہوئی تھی۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ داعش کے سربراہ کی رہائش گاہ کے بارے میں خفیہ معلومات شامی کُردوں نے فراہم کی تھیں۔ شام اور عراق کے علاقوں میں خود ساختہ خلافت قائم کرنے کا اعلان کرنے والے البغدادی کی ہلاکت ویک اینڈ پر ہوئی تھی۔

[pullquote]فلپائن میں طاقتو زلزلہ، ایک شخص ہلاک، درجنوں زخمی[/pullquote]

فلپائن کے جنوبی حصے میں طاقتو زلزلے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.6 تھی۔ اس زلزلے کے نتیجے میں متعدد حکومتی اور نجی عمارات کو نقصان پہنچا۔ جنوبی صوبہ کوتاباتو میں اس زلزلے کے بعد اسکول بند کر دیے گئے۔ سول ڈیفنس حکام کے مطابق کم از کم 30 افراد اس زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے