فلپائن میں ٹرک کھائی میں گرنے سے 19 افراد ہلاک، متعدد زخمی

فلپائن کے شمالی پہاڑی علاقے میں ٹرک گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں 19 کسان ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فلپائن کے صوبے اپایاؤ کے ضلع کونور سے کسان حکومت کی جانب سے ملنے والے بیجوں کی بوریاں حاصل کر کے واپس گھر جا رہے تھے کہ اس دوران خطرناک سڑک پر ٹرک ڈرائیور اپنا کنٹرول کھو بیٹھا اور 65 فٹ گہری کھائی میں جا گرا۔

واقعے کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ حادثہ یا تو ٹرک کے انجن میں خرابی یا پھر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔

مقامی پولیس نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ٹرک پیچھے کی جانب سے کھائی میں گرا جس کی وجہ سے اس میں سوار مسافر کچلے گئے۔

مقامی پولیس نے مزید بتایا کہ ٹرک میں رکھی گئیں بیجوں کی بوریوں نے صورتحال کو مزید خراب کیا اور زیادہ تر مسافر بوریوں کے وزن تلے دب کر ہلاک ہوئے۔

حادثے میں 20 مسافر زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فلپائن میں خطرناک سڑکوں کی وجہ سے حادثات عام ہیں، اس حادثے سے قبل بھی ستمبر میں جنوبی فلپائنی شہر تبولی میں ایک حادثے کے نتیجے میں بچوں سمیت 20 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے