منگل: 05 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران جوہری معاہدے کی ایک اور شق سے دستبردار ہو گیا[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے تہران کے عالمی جوہری معاہدے کی ایک اور شق سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ آج منگل کو روحانی نے کہا کہ ایران جلد ہی اپنی سینٹریفیوج مشینوں میں یورینیم گیس بھرنے کا عمل شروع کر دے گا۔ روحانی کے بقول فوردو کی ایٹمی تنصیب پر یہ عمل بدھ سے شروع کر دیا جائے گا۔ 2015ء کے جوہری معاہدے میں ان مشینوں کو گیس بھرے بغیر ہی چلانے کی شرط رکھی گئی تھی۔ گزشتہ برس امریکا کے اس جوہری معاہدے سے علیحدہ ہو جانے کے بعد سے دیگر مغربی طاقیتں اس ڈیل کو بچانے کی کوششوں میں ہیں۔

[pullquote]داعش کے مارے جا چکے سربراہ البغدادی کی بڑی بہن گرفتار[/pullquote]

ترکی نے دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے مارے جا چکے سربراہ البغدادی کی بڑی بہن کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترک حکام نے بتایا کہ رسمیہ عود کو شمال مشرقی شامی شہر اعزاز سے حراست میں لیا گیا۔ حکام کے بقول یہ خاتون اہم معلومات کے حوالے سے ’سونے کی کان‘ ثابت ہو سکتی ہے۔ 65 سالہ عود اعزاز میں اپنے خاندان کے ساتھ ایک کنٹینر میں رہ رہی تھی۔ اسے چار نومبر کو ایک چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ترک حکومت رسمیہ عود کی گرفتاری کو دہشت گردی اور داعش کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دے رہی ہے۔

[pullquote]انسانی حقوق کی تنظیم ایچ آر ڈبلیو کے علاقائی سربراہ کو اسرائیل چھوڑنے کا حکم[/pullquote]

اسرائیلی سپریم کورٹ نے انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ ( ایچ آر ڈبلیو) کے علاقائی سربراہ کی ملک بدری کے حکم کی تصدیق کر دی ہے۔ عدالت کے مطابق ایچ آر ڈبلیو کے عمر شاکر کو بیس دن کے اندر اندر اسرائیل چھوڑ دینا چاہیے۔ شاکر پر الزام ہے کہ انہوں نے اسرائیل کا بائیکاٹ کرنے والی ایک مہم کی حمایت کی تھی۔ اسرائیلی وزیر داخلہ نے اسی وجہ سے انہیں گزشتہ برس ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا تھا۔ تاہم عدالت میں اس مقدمے کی سماعت جاری ہونے کی وجہ سے عمر شاکر اسرائیل میں ہی مقیم تھے۔ عمر شاکر امریکی شہری ہیں اور ان کے والدین کا تعلق عراق سے تھا۔

[pullquote]جنوبی عراق میں بندرگاہ دوبارہ کھولنے کی کوشش، تین مظاہرین ہلاک[/pullquote]

جنوبی عراق میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مزید تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے آج منگل کو بتایا کہ یہ ہلاکتیں اس وقت ہوئیں، جب پولیس ملک کی اہم ترین بندرگاہ کو دوبارہ کھولنے کی کوشش کر رہی تھی۔ یہ بندرگاہ ہنگامہ آرائی کی وجہ سے گزشتہ تین روز سے بند تھی۔ عراق میں اکتوبر سے جاری مظاہروں میں اب تک ڈھائی سو سے زائد شہری مارے جا چکے ہیں۔ ان مظاہروں کی شدت شیعہ اکثریت والے جنوبی علاقوں میں زیادہ ہے۔

[pullquote]جرمنوں کی اوسط متوقع عمر میں مزید اضافہ، عورتیں مردوں سے آگے[/pullquote]

جرمنی میں عام شہریوں کی اوسط متوقع عمر میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ وفاقی جرمن دفتر شماریات کے مطابق اب لڑکیوں کی اوسط متوقع عمر 83.3 برس ہو گئی ہے جبکہ نئے پیدا ہونے والے لڑکے اوسطاﹰ 78.5 سال تک زندہ رہیں گے۔ اس طرح مستقبل میں خواتین کی متوقع فی کس اوسط عمر مستقبل کے مردوں کے مقابلے میں 4.8 سال زیادہ ہو گی۔ جرمن عوام میں طویل العمری کے رجحان سے متعلق یہ نئے حقائق دو ہزار سولہ سے لے کر دو ہزار اٹھارہ تک کے لیے اس ڈیٹا کے تجزیے کے نتیجے میں سامنے آئے، جسے ’لائف ٹیبل‘ کہا جاتا ہے۔

[pullquote]جرمن کار سمٹ میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کی بھرپور حوصلہ افزائی کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی میں حکومت اور کار ساز اداروں کی جانب سے الیکٹرک کاروں کی خریداری پر دی جانے والی مشترکہ مالی اعانت بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تحفظ ماحول کے تناظر میں موٹر گاڑیوں کے موضوع پر ہونے والی ایک ’ کار سمٹ‘ میں فیصلہ کیا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں پر حکومتی مالی رعایت میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا جائے گا۔ ساتھ ہی اس منصوبے کی مدت میں 2050ء تک کے لیے توسیع بھی کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 2020ء تک پچاس ہزار نئے چارجنگ اسٹیشن تعمیر کرنے پر بھی اتفاق رائے ہو گیا۔ اس منصوبے پر اٹھنے والے اخراجات وفاقی حکومت اور ملکی کار ساز صنعت مل کر برداشت کریں گے۔ اس سمٹ میں زیادہ سے زیادہ الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار کی بھی حمایت کی گئی۔

[pullquote]امریکا نے پیرس کے عالمی ماحولیاتی معاہدے سے اپنے اخراج کا عمل شروع کر دیا[/pullquote]

امریکا دنیا کا وہ پہلا ملک بن جائے گا، جو سبز مکانی گیسوں کے اخراج اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے طے کردہ پیرس کے عالمی ماحولیاتی معاہدے سے نکل جائے گا۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پیر کے روز اقوام متحدہ میں واشنگٹن حکومت کی طرف سے وہ باقاعدہ نوٹس جمع کرا دیا، جس کے ساتھ ہی امریکا کے اس معاہدے سے بتدریج اخراج کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس عالمی ڈیل سے امریکی اخراج کا عمل تقریبا ایک سال میں مکمل ہو گا۔ اس عالمی معاہدے کی پیرس میں سن دو ہزار پندرہ میں امریکا سمیت اقوام متحدہ کی تقریبا تمام رکن ریاستوں نے منظوری دی تھی۔ امریکا اس معاہدے میں سابق صدر باراک اوباما کے دور میں شامل ہوا تھا اور ان کے جانشین ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آتے ہی اس بین الاقوامی معاہدے پر شدید تنقید شروع کر دی تھی۔

[pullquote]نیو نازی نفرت کو دوبارہ ابھرنے سے روکنا لازمی ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے لیے لازمی ہے کہ وہ ملک میں نیو نازی نفرت کو دوبارہ سر اٹھانے سے ہر حال میں روکے۔ یہ بات انہوں نے جرمنی میں نئے نازی شدت پسندوں کے دہشت گردانہ حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جرمنی کے مشرقی شہر سوِکّاؤ میں دائیں باز وکے انتہا پسند گروپ نیشنل سوشلسٹ انڈرگراؤنڈ یا این ایس یو کے حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں تعمیر کردہ ایک یادگار کا افتتاح کرتے ہوئے انگیلا میرکل نے کہا کہ ایک قوم کے طور پر جرمنوں کے لیے یہ امر لازمی ہے کہ وہ ایسی نفرت کو دوبارہ سر اٹھانے سے ہر حال میں روکیں۔

[pullquote]ترکی میں دو مقامی صحافیوں کی رہائی کا عدالتی حکم[/pullquote]

ترکی کی ایک عدالت نے دو مقامی صحافیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق صحافی و ادیب احمد الطان تین سال سے زائد عرصے سے قید تھے جبکہ دوسری معروف ترک صحافی نازلی لیجاک ہیں۔ ان دونوں کو دہشت گردی میں تعاون کے الزام میں طویل مدت کی قید کی سزائیں سنائی گئی تھیں۔ الطان کو دس سال چھ ماہ جبکہ لیجاک کو آٹھ سال نو ماہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ عدالت نے ان دونوں ترک صحافیوں سے کہا کہ وہ اپنی رہائی کے بعد باقاعدگی سے پولیس سے رابطہ کرتے رہیں۔

[pullquote]لنڈسے ہوئل برطانوی پارلیمان کے نئے اسپیکر منتخب ہو گئے[/pullquote]

اپوزیشن کی لیبر پارٹی کے لنڈسے ہوئل برطانوی ایوان زیریں یا دارالعوام کے نئے اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔ ہوئل نے اس موقع پر کہا کہ دارالعوام میں تبدیلی ضرور آئے گی لیکن یہ تبدیلی مثبت ہو گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس دوران شفافیت اور مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں گے۔ انہیں 540 میں سے 325 ووٹ ملے۔ 62 سالہ ہوئل 1997ء میں پہلی مرتبہ ہاؤس آف کامنز کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ وہ اس سے قبل اسی ایوان کے نائب اسپیکر بھی رہ چکے ہیں۔ ہوئل اراکین پارلیمان کا احترام کرنے کے حوالے سے کافی شہرت رکھتے ہیں۔

[pullquote]کیری لیم کے انداز حکومت کی تائید کرتے ہیں، چینی صدر[/pullquote]

چینی صدر شی جن پنگ نے ہانگ کانگ کی حکومتی سربراہ کیری لیم کے لیے اپنی تائید و حمایت کا اظہار کیا ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق شی نے لیم کے ساتھ ایک ملاقات میں کہا کہ چین کی مرکزی حکومت کو ان پر مکمل بھروسہ ہے۔ صدر شی کے بقول بیجنگ حکومت لیم کے انداز حکومت کی تائید کرتی ہے۔ چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں عوامی مظاہرے شروع ہونے کے بعد سے دونوں رہنماؤں کی یہ پہلی ملاقات تھی۔ ہانگ کانگ میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے خلاف عوامی مظاہرے نو جون سے جاری ہیں۔

[pullquote]چلی میں پھر حکومت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک چلی میں ایک مرتبہ پھر حکومت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ گزشتہ روز دارالحکومت سانتیاگو میں ایک پرامن احتجاج اچانک پرتشدد مظاہرے میں تبدیل ہو گیا۔ اس موقع پر مشتعل مظاہرین نے پولیس پر آتش گیر مادے پھینکے اور سڑکوں پر رکاوٹیں بھی کھڑی کر دیں۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور ربر کی گولیوں کا استعمال کیا۔ مظاہرین حکومت سے پینشن میں اضافے کے ساتھ ساتھ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہتر سہولیات کے مطالبے بھی کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے