بدھ:06 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]اردن میں سیاحتی مقام پر غیر ملکی سیاحوں پر چاقو سے حملے[/pullquote]

شمالی اردن میں قدیمی رومن تہذیب کی باقیات کے حامل مشہور سیاحتی مقام جرش میں بدھ چھ نومبر کو ایک حملہ آور نے چاقو کے وار کر کے تین غیر ملکی سیاحوں کو زخمی کر دیا۔ زخمیوں میں سے دو کا تعلق میکسیکو اور ایک کا سوئٹزرلینڈ سے بتایا گیا ہے۔ اس حملہ آور نے اسے گرفتار کرنے والے پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کر دیا، جس دوران ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ تاہم دیگر پولیس اہلکار ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب رہے۔ پولیس نے اس حملہ آور سے متعلق کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

[pullquote]ایران کی جوہری سرگرمیوں پر امریکی تنقید[/pullquote]

امریکا نے ایران کی یورینیم افزودگی کی سرگرمیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ جوہری معاہدے سے جڑی اپنی ذمہ داریوں کو نظر انداز کرنا ’غلط سمت میں ایک بڑا قدم‘ ہے۔ اس امریکی تنقید کا تعلق اُس ایرانی اعلان سے ہے، جس میں تہران حکومت نے اپنی سینٹری فیوج مشینوں میں جلد ہی یورینیم گیس بھرنے کے عمل کو شروع کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ امریکا سن 2018 میں ایران کے ساتھ کیے جانے والے جوہری معاہدے سے علیحدگی اختیار کر چکا ہے۔ سن 2015 کے جوہری معاہدے میں اِن سینٹری فیوج مشینوں کو گیس بھرے بغیر ہی چلانے کی شرط رکھی گئی تھی۔

[pullquote]پولینڈ اپنے نظام انصاف میں اصلاحات جاری رکھے گا، وزیر اعظم موراویتسکی[/pullquote]

پولینڈ کے وزیر اعظم موراویتسکی نے کہا ہے کہ ملکی نظام عدل میں شروع کردہ اصلاحات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس عمل کے دوران یورپی یونین کے موقف پر بھی غور کیا جائے گا۔ موراویتسکی کے مطابق پولستانی نظام انصاف میں شدید نوعیت کی تبدیلیاں بہت ضروری ہیں، تا کہ ملکی عدالتیں انصاف کی فوری فراہمی کے قابل ہو سکیں۔ یورپی یونین کو پولینڈ کے عدالتی نظام میں لائی جانے والی حالیہ تبدیلیوں پر گہری تشویش ہے اور وہ اس بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار بھی کر چکی ہے۔

[pullquote]عراقی مظاہرین نے ناصریہ میں ریفائنری میں داخلے کا راستہ بند کر دیا[/pullquote]

عراق میں حکومت مخالف مظاہرین نے جنوبی صوبے ذی قار میں ناصریہ آئل ریفائنری میں داخلے کا راستہ رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا ہے۔ اس ریفائنری کی بندش سے صوبے ذی قار میں تیل کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔ عراق میں حکومت مخالف مظاہرین گزشتہ کئی ہفتوں سے ملک میں کرپشن، بےروزگاری اور اشیائے صرف کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ناصریہ آئل ریفائنری میں روزانہ تیس ہزار بیرل خام تیل صاف کیا جاتا ہے۔

[pullquote]چین نے ہانگ کانگ میں سخت اقدامات کی حمایت کر دی[/pullquote]

چینی نائب وزیر اعظم ہان ژینگ نے اپنے ہانگ کانگ کے دورے کے دوران واضح کر دیا کہ افراتفری کی صورت حال کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔ انہوں نے یہ بات خصوصی اختیارات کے حامل چینی علاقے ہانگ کانگ کی انتظامی سربراہ کیری لَیم کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علیحدگی پسندانہ رویے کو ہرگز برادشت نہیں کیا جائے گا۔ چینی نائب وزیر اعظم نے ہانگ کانگ میں پیدا ہو چکے سماجی مسائل کے حل کے لیے کیری لَیم کے تمام اقدامات کی حمایت بھی کی۔ گزشتہ پانچ ماہ سے جاری مظاہروں کی وجہ سے ہانگ کانگ میں مجموعی انتظامی اور اقتصادی حالات کافی بگڑ جانے سے معمول کا نظام زندگی بری طرح ہوا ہے۔

[pullquote]اگلے برس پولینڈ میں صدارتی منصب کے لیے امیدوار نہیں ہوں گا، ڈونلڈ ٹسک[/pullquote]

یورپی یونین کی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے اعلان کیا ہے کہ وہ اگلے برس ہونے والے پولستانی صدارتی انتخابات میں امیدوار نہیں ہوں گے۔ یورپی یونین میں ٹسک کے عہدے کی مدت دسمبر کے آخر میں پوری ہو گی جبکہ پولینڈ میں آئندہ صدارتی الیکشن اگلے برس ہوں گے۔ ٹسک نے برسلز میں اعلان کیا کہ پولستانی سیاسی پارٹی سِوک پلیٹ فارم سن 2020 کے صدارتی الیکشن جیت تو سکتی ہے، لیکن اس کا امیدوار کوئی ایسا لیڈر ہونا چاہیے، جو ماضی کے غیر مقبول سیاسی فیصلوں کے بوجھ سے آزاد ہو۔ ٹسک اسی پارٹی کے سربراہ کے طور پر سن 2007 سے لے کر 2014 تک پولینڈ کے وزیر اعظم بھی رہے ہیں۔

[pullquote]جنوبی تھائی لینڈ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پندرہ سکیورٹی رضاکار ہلاک[/pullquote]

تھائی لینڈ کے شورش زدہ جنوبی حصے میں ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے کم از کم پندرہ سکیورٹی رضاکاروں کو ہلاک کر دیا۔ حملے کا نشانہ بننے والی چیک پوسٹ یالا صوبے میں واقع ہے۔ پولیس نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد پانچ بتائی ہے۔ بتایا گیا کہ حملہ آور جاتے ہوئے سکیورٹی رضاکاروں کے ہتھیار بھی ساتھ لے گئے۔ منگل اور بدھ کی درمیانی رات کیے گئے اس حملے کے دوران فریقین کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے بعض حملہ آوربھی زخمی ہو سکتے ہیں کیونکہ چیک پوسٹ کے قریبی علاقے میں جگہ جگہ خون دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]فرانسیسی صدر کے دورے سے آزاد تجارت کو فروغ حاصل ہو گا، چینی صدر[/pullquote]

فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں نے اپنے تین روزہ دورہ چین کے دوران آج بدھ کو بیجنگ میں میزبان صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ چینی صدر نے اس ملاقات کے بعد کہا کہ صدر ماکروں کے اس دورے سے کثیرالجہتی دو طرفہ تعلقات اور آزاد تجارت کو فروغ حاصل ہو گا۔ دونوں صدور نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ مشترکہ کوششوں سے آزاد معیشت کو تقویت دی جائے گی۔ صدر ماکروں نے چین کے اپنے اس دورے کے آغاز پر کہا تھا کہ یورپی یونین نے چین کے ساتھ ایک ایسا سمجھوتہ کیا ہے، جس کے بعد زرعی مصنوعات پر پابندی کا امکان نہیں رہا۔ فرانسیسی صدر کے اس دورے کے دوران چین اور فرانس نے پندرہ بلین ڈالر مالیت کے مختلف سمجھوتوں کو حتمی شکل دے دی۔

[pullquote]خواتین کے لیے صنفی انصاف کی جدوجہد ابھی تکمیل سے بہت دور، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کی خواتین کے لیے صنفی انصاف سے متعلق اعلیٰ ترین اہلکار نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر عورتوں کے لیے برابری کے حصول کی جدوجہد ابھی اپنی تکمیل سے بہت دور ہے۔ یو این ویمنز کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ملامبو اَینگ کُوکا نے بوسنیا ہیرسے گووینا کے دارالحکومت ساراژیوو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سبھی خطوں میں آج بھی عورتوں اور لڑکیوں کے خلاف وسیع تر امتیازی رویے اور تشدد دیکھنے میں آتے ہیں، جن کا ختم کیا جانا ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ضروری ہو چکا ہے۔

[pullquote]میکسیکو: منشیات فروشوں کے حملے میں نو امریکی شہری ہلاک[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک میکسیکو کے شمالی پہاڑی علاقے میں مسلح منشیات فروشوں نے تین کاروں پر حملہ کر کے نو امریکی شہریوں کو ہلاک کر دیا۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ بچے اور تین عورتیں شامل ہیں۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے پانچ افراد کو امریکی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ امریکی شہری شمالی میکسیکو میں رہتے تھے۔ اس حملے کے دوران ایک کار کو آگ بھی لگ گئی اور وہ پوری طرح جل گئی۔ اس حملے میں آٹھ نو عمر افراد معجزانہ طور پر گاڑیوں سے بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔ میکسیکو کے سلامتی کے وزیر نے امکان ظاہر کیا ہے کہ منشیات فروشوں نے یہ حملہ ان امریکیوں کو اپنے کسی مخالف گروپ کے ارکان سمجھ کر کیا ہو گا۔

[pullquote]زمبابوے میں خشک سالی، بہت سے جنگلی جانور ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک زمبابوے میں شدید خشک سالی کی وجہ سے جنگلی جانوروں کی ہلاکتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ ہلاک ہونے والے صرف ہاتھیوں ہی کی تعداد ایک سو پانچ تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے علاوہ بہت سے زیبرے، دریائی گھوڑے اور جنگلی بھینسے بھی اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ زمبابوے میں جنگلی حیات کو اس وقت پانی اور خوراک کی شدید کمیابی کا سامنا ہے۔ اس ملک کے مانا پُولز نیشنل پارک میں جنگلی حیات کے تحفظ کے حامی کارکن ٹرکوں کے ذریعے متاثرہ جانوروں تک خوراک پہنچانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لیکن یہ عمل ناکافی ثابت ہو رہا ہے۔ نیشنل پارک کی حدود سے نکل کر کئی جانور دوسرے علاقوں کا رخ بھی کر چکے ہیں۔ یہ پارک دریائے زیمبزی کے کنارے واقع ہے، اور اس سال وہاں بارش نہیں ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے