پیر:11 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ترکی نے غير ملکی جہاديوں کی ان کے آبائی ممالک واپسی شروع کر دی[/pullquote]

ترکی نے شام سے حراست ميں ليے گئے غير ملکی جہاديوں کی ان کے آبائی ممالک واپسی شروع کر دی ہے۔ اب تک ايک امريکی شہری کو روانہ کيا جا چکا ہے۔ بيس يورپی جہاديوی کی ملک بدری کا عمل جاری ہے۔ اس پيش رفت کی تصديق ترک وزارت داخلہ نے کر دی ہے۔ وزارت کے ترجمان نے بتايا کہ پير کو جرمنی اور ڈنمارک کے ايک ایک شہری کو ان کے ممالک واپس روانہ کيا جا رہا ہے جب کہ اس ہفتے جمعرات کو گيارہ فرانسيسی، دو آئرش اور دو مزيد جرمن شہريوں کو ان کے ممالک واپس بھيجا جا رہا ہے۔ ترکی نے پچھلے ہفتے اعلان کيا تھا کہ ’اسلامک اسٹيٹ‘ کی صفوں ميں شامل ہو کر لڑنے والے بارہ سو سے زائد جنگجو اس کی حراست ميں ہيں۔

[pullquote]امريکا کا عراق ميں قبل از وقت انتخابات پر زور[/pullquote]

امريکا نے عراقی حکومت پر زور ديا ہے کہ احتجاج کرنے والے مظاہرين کے خلاف طاقت کا استعمال ترک کيا جائے، انتخابی نظام ميں اصلاحات متعارف کرائی جائيں اور ملک ميں قبل از وقت انتخابات کرائے جائيں۔ اس بارے ميں وائٹ ہاؤس نے بيان جاری کيا، جسے پير کو بغداد ميں امريکی سفارت خانے کی ويب سائٹ نے شائع کيا۔ عراق ميں کئی ہفتوں سے حکومت مخالفت مظاہرے جاری ہيں۔ سکيورٹی فورسز کی کارروائی ميں تين سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ نصريہ ميں اتوار کو رونما ہونے والی تازہ جھڑپوں ميں چار افراد کی ہلاکت اور 130 کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔

[pullquote]’مذہبی ہم آہنگی‘ خطرے ميں ڈالنے والی پوسٹ، بھارت ميں درجنوں گرفتار[/pullquote]

بابری مسجد کے حوالے سے فيصلہ سامنے آنے کے بعد بھارتی حکام نے ’مذہبی ہم آہنگی‘ خطرے ميں ڈالنے کے شبے پر درجنوں افراد کو حراست ميں لے ليا ہے۔ پوليس نے بتايا کہ فيس بک، ٹوئٹر اور يو ٹيوب جيسی سماجی رابطوں کی ويب سائٹس پر کئی پوسٹوں نے مذہبی ہم آہنگی کو خطرے ميں ڈالا ہے، جس سبب اتر پرديش ميں 77 افراد کو حراست ميں ليا جا چکا ہے۔ پوليس نے آٹھ ہزار سے زائد پوسٹس کے خلاف کارروائی کی ہے۔ بھارتی سپريم کورٹ کے متنازعہ فيصلے کے تحت ايودھيا ميں بابری مسجد کا مقام ہندوؤں کو دے ديا گيا ہے۔

[pullquote]بی جے پی کا مہاراشٹرا ميں حکومت نہ بنانے کا فيصلہ[/pullquote]

بھارت ميں حکمران جماعت بھارتيہ جنتا پارٹی نے سب سے امير مغربی رياست مہاراشٹرا ميں حکومت نہ قائم کرنے کا فيصلہ کيا ہے۔ اس بارے ميں اعلان بی جے پی کے اس رياست ميں صدر چندرکانت پٹيل نے اتوارکی رات کيا۔ مہاراشٹرا ميں پچھلے ماہ منعقدہ رياستی انتخابات ميں بی جے پی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی تھی تاہم اس رياست ميں اپنی اتحادی شيو سينا پارٹی کے ساتھ اختلافات کے سبب بی جے پی نے مہاراشٹرا ميں حکومت نہ بنانے کا فيصلہ کيا ہے۔ پير کی صبح يہ خبر سامنے آنے کے بعد اپوزيشن گروپ حکومت سازی کے ليے اتحاد قائم کرنے کی کوششوں ميں ہيں۔ يہ پيش رفت وزیر اعظم نريندر مودی کے ليے ايک دھچکے کی مانند ہے۔

[pullquote]گلوبل وارمننگ روکنے کے ليے جی ٹوئنٹی سے مزيد اقدامات درکار[/pullquote]

دنيا کی سب سے بڑی معيشتيں زمين کے درجہ حرارت ميں اضافے کو ڈيڑھ ڈگری سينٹی گريڈ تک محدود رکھنے کے ليے اب بھی ناکافی اقدامات اٹھا رہی ہيں۔ ’کلائميٹ ٹرانسپيرنسی‘ کی رپورٹ کے مطابق ترقی يافتہ ملکوں کے گروپ جی ٹوئنٹی کے انيس رکن ملکوں ميں پچھلے سال کاربن ڈائی آکسائڈ کے اخراج ميں 1.8 فيصد اضافہ نوٹ کيا گيا۔ اس رفتار سے ہدف تک پہنچنا مشکل ہے۔ گلوبل وارمنگ پہلے ہی ايک ڈگری سينٹی گريڈ تک پہنچ چکی ہے۔ گروپ کے رکن ممالک گلوبل وارمنگ کا سبب بننے والی زہريلی گيسوں کے اسی فيصد اخراج کے ذمہ دار ہيں۔

[pullquote]چينی صدر کا دورہ يونان، سرمايہ کاری بڑھانے کی کوششيں[/pullquote]

چينی صدر شی جن پنگ يونان کے دورے پر ہيں۔ ان کے اس دورے کا مقصد يورپی يونين ميں چينی سرمايہ کاری بڑھانا اور ’بيلٹ اينڈ روڈ‘ منصوبے کو يورپی سطح پر وسعت دينا ہے۔ شی جن پنگ نے پير کو يونان کے صدر اور وزير اعظم سے ملاقاتيں کيں اور ان کی ديگر سياستدانوں اور عہديداران کے ساتھ بھی ملاقاتيں جاری ہيں۔ چينی صدر آج ہی ايتھنز کے قريب واقع پيريئس نامی بندرگاہ کا دورہ کرنے والے ہيں جس کے انتظامات چين کی سرکاری کمپنی کوسکو ديکھتی ہے۔

[pullquote]وينزويلا کے خلاف پابندياں برقرار، ايک سال کی توسيع[/pullquote]

يورپی يونين نے جنوبی امريکی ملک وينزويلا پر عائد پابنديوں کی مدت ميں ايک سال کی توسيع کا فيصلہ کيا ہے۔ پير کو برسلز ميں بلاک کے وزرائے خارجہ نے اس پر اتفاق کيا۔ پابندی کے تحت وينزويلا کو اسلحے اور فوجی سازو سامان کی فروخت ممنوع ہے۔ توسيع کے بعد پابندی کی مدت اگلے سال چودہ نومبر تک ہے۔ علاوہ ازيں حکومت کے پچيس اہلکاروں پر سفری پابندياں برقرار اور ان کے اثاثے منجمد رکھنے کا فيصلہ کيا گيا ہے۔ يورپی يونين وينزويلا ميں سياسی و اقتصادی بحران کی ذمہ داری نکولاس مادورو کی حکومت پر عائد کرتی ہے۔

[pullquote]بنگلہ ديش ميں بُلبُل کی تباہ کارياں، بارہ افراد ہلاک[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں بُلبُل نامی سمندری طوفان کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد بارہ تک پہنچ گئی ہے جب کہ پانچ مچھيرے اب بھی لاپتہ ہيں۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والی وزارت کے جونيئر وزير انعام الرحمان نے پير کو بتايا کہ کئی افراد نے اپنے علاقے چھوڑنے سے انکار کر ديا تھا اور جب طوفان نے زور پکڑا، تو ان ميں سے کئی کی ہلاکت درخت گرنے کی وجہ سے ہوئی۔ انہوں نے بتايا کہ تيس ماہی گيروں کو ريسکيو بھی کيا گيا۔ بُلبُل کی وجہ سے قريب چھ ہزار مکانات تباہ يا متاثر ہوئے۔ ملک کے جنوب مشرقی حصے ميں، جہاں لاکھوں روہنگيا مہاجرين نے پناہ لے رکھی ہے، کسی بڑے جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہيں ہوئی۔

[pullquote]ايران امريکی ايجنٹ کو رہا کرے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ايران پر زور ديا ہے کہ ’فيڈرل بيورو آف انويسٹيگيشن‘ (FBI) کے ايجنٹ رابرٹ ليونسن کو واپس کيا جائے۔ ٹرمپ نے گزشتہ شب اپنے ايک ٹوئٹر پيغام ميں لکھا کہ بارہ سال سے ايران ميں لاپتہ سابق ايجنٹ کو اگر رہا کر ديا جاتا ہے، تو يہ ايران کی جانب سے ايک مثبت قدم ہو گا۔ امريکی صدر کا يہ بيان ايرانی حکام کے اس بيان کے بعد سامنے آيا ہے، جس ميں يہ عنديہ ديا گيا تھا کہ مارچ سن 2007 سے لاپتہ قرار ديے جانے والے ايجنٹ کا کيس اس وقت جاری ہے۔ تہران حکومت کے حکام نے اس بارے ميں مزيد کوئی تفصيلات نہيں بتائيں۔

[pullquote]ہانگ کانگ ميں پوليس کی فائرنگ، ايک شخص زخمی[/pullquote]

ہانگ کانگ ميں حکومت مخالف مظاہرے کے دوران چہرے پر ماسک پہن کر احتجاج کرنے والے ايک شخص کو پوليس نے گولی مار دی، جس کے بعد مظاہرين اور پوليس کے مابين جھڑپيں جاری ہيں۔ پير کو اس واقعے کے براہ راست مناظر فيس بک پر بھی نشر کيے گئے۔ گولی لگنے والا شخص ہسپتال ميں زير علاج ہے تاہم تازہ اطلاعات يہ ہيں کہ اس شخص کی حالت نازک ہے۔ شہر کے جس حصے ميں فائرنگ کا يہ واقعہ پيش آيا، وہاں مشتعل مظاہرين نے رکاوٹيں کھڑی کر کے کئی مقامات پر آگ لگائی اور ايک ميٹرو اسٹيشن کو بھی کافی نقصان پہنچايا۔ ہانگ کانگ ميں پوليس کی جانب سے مظاہرين پر فائرنگ کا کا يہ تيسرا واقعہ ہے۔

[pullquote]جنگلاتی آگ، آسٹريليا کی دو رياستوں ميں ہنگامی حالت نافذ[/pullquote]

آسٹريليا کی مشرقی پٹی ميں جنگلاتی آگ کے سبب دو رياستوں ميں ايمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ نيو ساؤتھ ويلز اور کوئينز لينڈ ميں اب تک تين افراد ہلاک اور ڈيڑھ سو سے زائد مکانات تباہ ہو چکے ہيں۔ حکام نے لوگوں کو ہدايت دی ہے کہ وہ محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہوں۔ ان دونوں رياستوں ميں پير کی صبح سے ہنگامی حالت نافذ ہے اور يہ سات ايام تک جاری رہے گی تاکہ آگ سے نمٹنے والے محکمے مکمل اختيارات کے ساتھ ريسکيو کارروائياں مکمل کر سکيں۔

[pullquote]ہسپانوی اليکشن، دائيں بازو کی پارٹی کی مقبوليت ميں اضافہ[/pullquote]

ہسپانوی وزير اعظم پيدرو سانچيز کی سوشلسٹ پارٹی نے اليکشن ميں کاميابی حاصل کر لی ہے۔ ابتدائی، غير حتمی نتائج کے مطابق سوشلسٹ پارٹی پارليمان کی 120 نشستيں جيتنے ميں کامياب رہی۔ تاہم حکومت سازی کے ليے 176 سيٹيں درکار ہوتی ہيں۔ اسپين ميں ہونے والے ان انتخابات ميں سب سے نماياں کارکردگی انتہائی دائيں بازو کی واکس پارٹی کی رہی، جس کی سيٹيں چوبيس سے بڑھ کر باون تک پہنچ گئيں۔ يورپ کی پانچويں سب سے مستحکم معيشت کے حامل ملک اسپين ميں پچھلے چار سالوں ميں چار مرتبہ اليکشن ہو چکے ہيں۔

[pullquote]بوليويا کے صدر نے استعفیٰ دے ديا[/pullquote]

پوليس اور سکيورٹی فورسز کی حمايت کھو دينے کے بعد بوليويا کے صدر ايوو مورالس نے اپنے عہدے سے استعفی دے ديا ہے۔ انہوں نے يہ اعلان ٹيلی وژن پر براہ راست نشر کردہ اپنی تقرير ميں اتوار کی شب کيا۔ صدر کے استعفے کے اعلان کے بعد لا پاز کی سڑکوں پر عوام کے ہجوم ديکھے گئے، جو بظاہر کافی خوش تھے۔ بوليويا ميں حاليہ انتخابات کے دوران دھاندلی کے الزامات سامنے آئے تھے۔ صدر کے خلاف تين ہفتوں تک احتجاجی مظاہرے جاری رہے، جس کے بعد انہوں نے مستعفی ہونے کا فيصلہ کيا۔

[pullquote]موسيقی، رقص و سماجی مصروفيات انسانی ذہن کے ليے مفيد[/pullquote]

ورلڈ ہيلتھ ايجنسی نے ايک نئے مطالعے کے بعد بتايا ہے کہ موسيقی، رقص، عجائب گھر جانا وغيرہ انسان کی جسمانی و ذہنی صحت کے ليے مفيد ہيں۔ ڈبليو ايچ او کے کوپن ہيگن ميں علاقائی دفتر کی جانب سے کہا گيا ہے کہ سماجی مصروفيات کا انسانی ذہن پر انتہائی مثبت اثر مرتب ہوتا ہے۔ علاوہ ازيں ايسے عوامل سے ڈيمينشيا جيسے ذہنی امراض ميں بہتری بھی ممکن ہے۔ رپورٹ ميں يہ بھی لکھا ہے کہ جب والدين سونے سے قبل بچوں کو کچھ پڑھ کر سناتے ہيں، اس سے بچوں کو بہتر نيند آتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے