بدھ:20 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام پر اسرائیلی حملے میں 14 ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ہمسایہ ملک شام میں ایران کے متعدد مبینہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ برطانیہ میں شامی شہریوں کی تنظیم سیرئین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ان حملوں میں کم از کم چودہ افراد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں اطلاعات ہیں کہ اکثر کا تعلق ایران سے تھا۔ شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق حکومت نے جوابی کارروائی میں متعدد حملوں کو ناکام بنایا ہے۔ اسرائیل ماضی میں بھی شام میں مبینہ ایرانی فوجی اڈوں اور کمانڈروں کو نشانہ بناتا رہا ہے۔

[pullquote]شمالی شام میں کوئی نیا فوجی آپریشن نہیں ہوگا، روس[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ ترکی شمالی شام میں کوئی نیا فوجی آپریشن شروع نہیں کرے گا۔ ترکی نے چند روز پہلے ہی عندیہ دیا تھا کہ وہ شمالی شام میں ایک نیا فوجی آپریشن شروع کر سکتا ہے۔ تاہم روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاؤروف نے کہا ہےکہ ترکی جن کرد عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کرنا چاہتا تھا، وہ بڑی حد تک علاقے سے جا چکے ہیں۔ تاس نیوز ایجنسی کے مطابق ترکی نے ماسکو کو اب یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقے میں نئے آپریشن کی ضرورت نہیں رہی۔

[pullquote]نیٹو کے داخلی اختلافات پر وزرائے خارجہ کا اجلاس[/pullquote]

نیٹو میں شامل ممالک کے وزرائے خارجہ بدھ کے روز برسلز میں جمع ہو رہے ہیں تاکہ آپس کے بڑھتے ہوئے اختلافات دور کیے جا سکیں۔ قبل ازیں فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے کہا تھا کہ انتیس رکنی مغربی فوجی اتحاد ’دماغی طور پر مفلوج‘ ہو چکا ہے۔ فرانسیسی صدر نے امریکی صدر ٹرمپ کی قیادت اور ترکی کے رویے پر سوالات اٹھائے تھے۔ اُدھر جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے کہا ہے کہ وہ اس فوجی اتحاد میں نئی روح پھونکنا چاہتے ہیں۔ برسلز میں آج کے اجلاس کے نتائج کا اعلان تین سے چار دسمبر کو برطانیہ میں ہونے والے اجلاس میں متوقع ہے۔

[pullquote]ایران میں احتجاج، دہری شہریت والے متعدد مظاہرین بھی گرفتار[/pullquote]

ایران میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف ہونے والے احتجاج میں شریک دوہری شہریت کے حامل کئی افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ایران کی نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی کے مطابق جن کے پاس دوہری شہریت تھی، ان کا تعلق جرمنی، ترکی اور افغانستان سے ہے۔ اس نیوز ایجنسی نے سرکاری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان افراد کو بیرونی مدد اور تربیت حاصل تھی تاکہ وہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچائیں۔ ایران ماضی میں بھی ایسے الزامات عائد کرتا رہا ہے کہ احتجاجی مظاہرین کو بیرونی ممالک امداد فراہم کرتے ہیں۔

[pullquote]سابق جرمن صدر وائیسیکر کے بیٹے کا قتل[/pullquote]

جرمنی کے سابق صدر ریشرڈ فان وائیسیکر کے بیٹے کو قتل کر دیا گیا ہے۔ فرٹز فان وائیسیکر پر اس وقت خنجر سے حملہ کیا گیا، جب وہ برلن کے ہسپتال میں طبی موضوع پر ایک لیکچر دے رہے تھے۔ پولیس نے وہاں موجود افراد کے تعاون سے حملہ آور کو حراست میں لے لیا جبکہ قتل کے محرکات فی الحال غیر واضح ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ انسٹھ سالہ فان وائسیکر برلن کے شلوس پارک ہسپتال میں ایک لیکچر دے رہے تھے۔ وہ اسی ہسپتال میں سینیئر میڈیسن اسپیشلسٹ کے طور پر کام بھی کرتے تھے۔

[pullquote]ایرانی مظاہروں میں سو سے زائد ہلاکتیں ہوئیں، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران میں تیل کی قیمتوں کے خلاف حالیہ مظاہروں میں ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن تہران حکومت ایسی خبروں کو چھپا رہی ہے۔ ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ اس کی رپورٹ عینی شاہدین، موقع پر بنائی جانے والی ویڈیوز اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے بیانات پر مبنی ہے۔ ایران کے سرکاری میڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد انتہائی کم بتائی جاتی رہی ہے اور سرکاری ذرائع نے نو مظاہرین کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

[pullquote]نیٹو نے اپنے عسکری دائرہ اثر میں ’خلا کو بھی شامل کر لیا‘[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے انسانی تاریخ میں پہلی بار خلا کو بھی اپنے عسکری دائرہ اثر میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یوں زمین، فضا، سمندروں اور سائبر ورلڈ کے بعد خلا نیٹو کے لیے پانچواں ممکنہ میدان جنگ بن جائے گا۔ 29 ممالک کا یہ اتحاد آئندہ خلا میں اپنی دفاعی، نیویگیشن اور عسکری کمیونیکیشن کی صلاحیتوں کا استعمال کر سکے گا۔ قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اگست میں امریکی محکمہ دفاع میں ایک ایسے نئے شعبے کا افتتاح بھی کیا تھا، جسے ‘امریکی خلائی کمان‘ کا نام دیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ اقدام امریکا کے ان منصوبوں پر عمل درآمد کی ابتدائی شکل ہے، جن کے تحت امریکا اپنی مسلح افواج میں سے ایک خلائی فورس بھی تشکیل دے گا۔

[pullquote]افغان بچے خوف میں زندگی گزار رہے ہیں، رپورٹ[/pullquote]

بچوں کی عالمی امدادی تنظیم ’سیو دی چلڈرن‘ نے کہا ہے کہ افغانستان میں بچوں کے بڑی تعداد جنگ سے براہ راست متاثر ہے۔ ایک سروے میں شامل دو تہائی والدین نے کہا ہے کہ ان کے بچے اسکول جاتے ہوئے بھی ڈرتے ہیں کہ کہیں راستے میں کوئی دھماکا نہ ہو جائے۔ اسی طرح بچوں کو مارکیٹوں اور دیگر مقامات پر بھی اغوا اور تشدد کا خوف رہتا ہے۔ اس سروے میں شامل صرف تیس فیصد بچوں کا کہنا تھا کہ انہیں اسکول جاتے ہوئے ڈر نہیں لگتا۔

[pullquote]ہالینڈ، ایک کنٹینر سے 25 مہاجرین برآمد[/pullquote]

یورپی ملک ہالینڈ میں اشیاء کو ٹھنڈا رکھنے والے ایک کنٹینر میں چھپے پچیس مہاجرین کو پکڑ لیا گیا ہے۔ روٹرڈیم کی پولیس کے مطابق یہ مہاجرین ڈنمارک کے ایک جہاز کے کنٹینر میں چھپے ہوئے تھے۔ اس کنٹینر کو لے جانے والے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے لیکن یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ آیا اسے ان مہاجرین کا علم تھا۔ پولیس کی جانب سے فی الحال پکڑے جانے والے تارکین وطن کی شناخت بھی ظاہر نہیں کی گئی۔ ماضی میں بھی تارکین وطن کو کنٹینروں کے ذریعے یورپ اسمگلکرنے کے ایسے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔

[pullquote]مالی: عسکریت پسندوں کے حملے میں 24 فوجی ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک مالی میں ہونے والے ایک حملے کے نتیجے میں کم از کم چوبیس فوجی مارے گئے ہیں۔ سرکاری بیان کے مطابق نائجر کی سرحد کے قریب ہونے والے اس حملے میں سترہ حملہ آوروں کو بھی ہلاک کر دیا گیا ہے۔ اس حملے میں انتیس سرکاری فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ابھی تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ مالی اور نائجر کی سرحد پر بین الاقوامی فوجی بھی تعینات ہیں جبکہ وہاں متعدد مسلمان عسکری گروہ بھی سرگرم ہیں۔ نومبر کے آغاز میں بھی تریپن فوجی مارے گئے تھے، جس کی ذمہ داری مقامی داعش نے قبول کی تھی۔

[pullquote]پوپ فرانسس کا تھائی لینڈ اور جاپان کا دورہ[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے تھائی لینڈ اور جاپان کے دورے کا آغاز کر دیا ہے۔ تھائی لینڈ میں وہ وہاں کے بادشاہ اور بدھ مت مذہب کے مقامی پیروکاروں سے بھی ملیں گے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ پاپ فرانسس تھائی لینڈ میں انسانی اسمگلنگ اور سیکس ٹورزم کے خلاف بھی بات کریں گے۔ تھائی لینڈ میں یہ دونوں مسائل برھتے جا رہے ہیں۔ جاپان میں پوپ فرانسس ایٹمی ہتھیاروں کے خاتمے کے موضوع پر توجہ مرکوز کریں گے۔ دوسری عالمی جنگ کے اختتام پر امریکا نے دو جاپانی شہروں پر ایٹم بم گرائے تھے۔

[pullquote]دمشق کے مضافات میں اسرائیلی حملے[/pullquote]

شام کے سرکاری میڈیا کے مطابق دارالحکومت دمشق کے مضافات میں اسرائیلی حملے میں کم از کم دو شہری ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق جوابی کارروائی کرتے ہوئے متعدد حملوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔ شامی حالات پر نگاہ رکھنے والے مبصرین کے مطابق اسرائیل نے دمشق کی جانب پانچ راکٹ فائر کیے تھے۔ اسرائیل کے مطابق اس نے شام میں ایرانی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیل ماضی میں بھی شام میں مبینہ ایرانی فوجی اڈوں اور کمانڈروں کو نشانہ بنا چکا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے