بدھ: 27 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایرانی وزیر خارجہ کی طالبان رہنماؤں سے ملاقات[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے تہران میں طالبان رہنماؤں کے ایک وفد سے ملاقات کی ہے۔ اس وفد کی سربراہی ملا عبدالغنی برادر کر رہے تھے۔ ایرنا نیوز ایجنسی کے مطابق جواد ظریف نے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات کی حمایت کی ہے۔ طالبان امریکا کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے سلسلے میں پڑوسی ملکوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ پیر کو صدر ٹرمپ نے بھی کہا تھا کہ وہ طالبان کے ساتھ ایک امن معاہدہ طے پانے کے بارے میں پرامید ہیں۔

[pullquote]بنگلہ دیش، کیفے پر حملے میں ملوث سات عسکریت پسندوں کو سزائے موت[/pullquote]

بنگلہ دیشی دارالحکومت کے ایک کیفے میں تین برس پہلے حملہ کرنے کے الزام میں سات ملزمان کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ اس دہشت گردانہ حملے میں کم از کم بیس افراد مارے گئے تھے، جن میں نو اطالوی، سات جاپانی، ایک بھارتی اور ایک امریکی شہری بھی شامل تھا۔ اس وقت فوجی کمانڈوز نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا تھا جبکہ ان کے قبضے سے دیگر یرغمالیوں کو رہا کرا لیا گیا تھا۔ عدالت نے ایک ملزم کی رہائی کا حکم بھی سنایا ہے۔

[pullquote]جرمنی کا نیٹو میں کردار بڑھایا جائے گا، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے مغربی فوجی اتحاد نیٹو میں مزید فعال کردار ادا کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ جرمن پارلیمان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یورپ فی الحال اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا اور جرمنی کو مزید ذمہ داریاں اٹھانا ہوں گی۔ جرمن چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ ترکی ایک مشکل نیٹو اتحادی ہے لیکن اسٹریٹیجک وجوہات کی بناء پر اس کا اس اتحاد میں رہنا ضروری ہے۔ جرمنی فرانسیسی صدر کے اس حالیہ بیان کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ نیٹو اتحاد ’دماغی لحاظ سے مفلوج‘ ہو چکا ہے۔

[pullquote]جرمنی ہواوے کے فائیو جی نیٹ ورک سے خبردار رہے، امریکا[/pullquote]

امریکی قومی سلامتی کے مشیر روبرٹ او برائن نے جرمنی کو چینی کمپنی ہواوے کے ساتھ کام کرنے سے خبردار کیا ہے۔ او برائن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایک مغربی جمہوریت کا کمیونسٹ چین کے ساتھ مل کر فائیو جی نیٹ ورک تیار کرنا ان کے لیے حیران کن ہے۔ امریکا کو تحفظات ہیں کہ چین اپنے فائیو جی نیٹ ورک کے ذریعے جاسوسی کر سکتا ہے، ہواوے کمپنی ایسے تمام خدشات کو مسترد کرتی ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکا فائیو جی ٹیکنالوجی میں پیچھے رہ گیا ہے اور اب چین کا راستہ روکنا چاہتا ہے۔

[pullquote]امدادی تنظیمیوں نے مشرقی کانگو میں کام روک دیا[/pullquote]

پرتشدد احتجاجی مظاہروں کے بعد بین الاقوامی امدادی تنظیموں نے افریقی ملک کانگو کے مشرق میں اپنی تمام تر سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔ بچوں کی فلاحی تنظیم ورلڈ وژن کے مطابق ایسا سکیورٹی خدشات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ مظاہرین نے پیر کے روز بینی شہر کے ٹاؤن ہال اور وہاں تعینات اقوام متحدہ کے امن فوجیوں کی چوکی پر حملہ کیا تھا۔ مظاہرین کا الزام عائد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امن فوجی اُن مقامی ملیشیا گروپوں کے خلاف بے بس ہیں، جو کئی برسوں سے اس ملک میں تخریبی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]یہودی آبادکاری سے متعلق امریکی پالیسی پر فلسطینیوں کا احتجاج[/pullquote]

امریکا کی طرف سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی آبادکاری کو جائز قرار دینے پر فلسطینیوں نے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے پچھلے ہفتے کہا تھا کہ واشنگٹن اب فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے یہودی بستیوں کی تعمیر کو عالمی قانون کی خلاف ورزی نہیں سمجھتا۔ راملا اور غرب اردن کے دیگر شہروں میں ہزاروں فلسطینیوں نے سڑکوں پر مارچ کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکی صدر، وزیر خارجہ اور اسرائیلی وزیراعظم کے پتلے بھی نذر آتش کیے۔ بین الاقوامی برادری مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کو غیرقانونی قرار دیتی ہے۔

[pullquote]ایغور مسلمانوں کے حراستی کیمپ، جرمن وزیر خارجہ کی نتائج کی دھمکی[/pullquote]

چین میں مسلمان ایغور اقلیت کے خلاف منظم اور بڑے پیمانے پر ظلم و ستم سے متعلق رپورٹیں سامنے آنے کے بعد جرمن وزیر خارجہ نے چین کو اس کے نتائج سے خبردار کیا ہے۔ وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس علاقے تک اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کو رسائی فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ قبل ازیں ایسی رپورٹیں سامنے آئی تھیں کہ چین نے ’تربیتی مراکز‘ کے نام پر تقریباً دس لاکھ ایغور مسلمانوں کو قید کر رکھا ہے اور وہاں ان مسلمانوں کی ذہن سازی کی جا رہی ہے۔

[pullquote]مالی، تباہ شدہ فرانسیسی ہیلی کاپٹروں کے بلیک باکس تلاش کر لیے گئے[/pullquote]

افریقی ملک مالی میں گزشتہ روز تباہ ہونے والے دو فرانسیسی ہیلی کاپٹروں کے بلیک باکس تلاش کر لیے گئے ہیں۔ فرانسیسی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جلد ہی ان کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ہیلی کاپٹروں کی تباہی کی وجوہات تلاش کی جا سکیں۔ ان ہیلی کاپٹروں کے آپس میں ٹکرانے کے نتیجے میں تیرہ فرانسیسی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ بیروت حملے کے بعد فرانسیسی فوجیوں کی ایک ہی دن ميں سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ چھتیس برس پہلے بیروت میں ایک حملے کے نتیجے میں اٹھاون فرانسیسی فوجی مارے گئے تھے۔ ساڑھے چار ہزار فرانسیسی فوجی چھ برس سے مالی کی فوج کے ساتھ مل کر مقامی جہادی گروہوں کے خلاف پر سرپیکار ہے۔

[pullquote]البانیہ میں زلزلہ، ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی[/pullquote]

البانیہ میں شدید زلزلے کے بعد یورپی یونین نے وہاں اپنی امدادی ٹیم روانہ کر دی ہے جبکہ یونان، اٹلی اور ہنگری کی ٹیمیں پہلے ہی وہاں پہنچ چکی ہیں۔ البانیہ میں گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بیس ہو گئی ہے جبکہ ابھی بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ زلزلے نے سب سے زیادہ دارالحکومت تیرانہ اور اس کے مضافاتی ساحلی شہر دراج کو متاثر کیا۔

[pullquote]کولمبیا میں ملک گیر ہڑتال کا اعلان[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک کولمبیا میں آج ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ہڑتال ان حکومتی اصلاحات کے خلاف ہے، جن سے سب سے زیادہ مزدور، ملازمین اور پینشنر متاثر ہوں گے۔ گزشتہ کئی روز سے ہزاروں افراد حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ابھی تک ان مظاہروں میں پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملکی صدر نے مظاہرین سے ’قومی سطح پر مذاکرات‘ شروع کرنے کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]کیلیفورنیا میں جنگلاتی آگ قابو سے باہر[/pullquote]

امریکا کی سب سے گنجان آباد ریاست کیلیفورنیا کے جنوب میں لگی جنگلاتی آگ قابو سے باہر ہو گئی ہے۔ امدادی کاموں میں سینکڑوں فائر فائٹر اور آگ بجھانے والے ہیلی کاپٹر شریک ہیں جبکہ آگ کے شعلے گنجان آباد علاقے سانتا باربرا کی طرف بڑھتے جا رہے ہیں۔ حکام نے چوبیس سو گھر خالی کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ پیر کے روز سے لگی یہ جنگلاتی آگ سولہ سو ہیکٹر تک پھیل چکی ہے۔ اکتوبر میں بھی کیلفیورنیا میں تباہ کن جنگلاتی آگ لگنے کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے