جمعۃالمبارک :29 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا نے افغان طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کی بحالی کا اعلان کر ديا[/pullquote]

افغان طالبان نے کہا ہے کہ امريکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کی بحالی فی الحال ’قبل از وقت‘ ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبيح اللہ مجاہد کے ايک بیان کے مطابق ان کی جانب سے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حاليہ بيان پر واضح موقف اور سرکاری رد عمل کچھ وقت بعد سامنے آئے گا۔ مجاہد کے بقول اس وقت امن مذاکرات کی بحالی کی بات قبل از وقت ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز بتايا کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت دوبارہ اس لیے شروع کر رہے ہیں کیونکہ وہ امریکا کی طویل ترین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ اعلان گزشتہ روز افغانستان کے مختصر دورے پر ’تھینکس گيونگ‘ کے موقع پر افغانستان میں موجود امریکی فوجیوں کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ صدر ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ طالبان جنگ بندی کے حوالے سے کوئی معاہدہ چاہتے ہیں، اس لیے امریکی نمائندگان ان سے ملاقات کر رہے ہيں۔

[pullquote]کلائمیٹ ایکشن ڈے، دنیا بھر میں ریلیاں[/pullquote]

جمعہ انتیس نومبر کو ماحول دوست کارکنوں اور تنظیموں نے’کلائمیٹ ایکشن ڈے‘ قرار دیا ہے۔ ایک سو ترپن ممالک کے دو ہزار تین سو شہروں میں اس موقع پر نکالی جانے والی ریلیوں میں لاکھوں افراد شرکت کر رہے ہيں۔ جرمنی میں ایک لاکھ کے قریب لوگ سڑکوں پر نکلے۔ جرمنی میں ریلیوں ميں شريک افراد کا مطالبہ ہے کہ توانائی کے معدنی ذرائع کے استعمال پر دی جانے والی رعایتوں کا خاتمہ کيا جائے، کوئلے سے توانائی پیدا کرنے والے ایک چوتھائی مراکز بند کيے جائيں اور ملک میں سن 2035 تک توانائی کے متبادل ذرائع کا سو فیصد استعمال شروع کیا جائے۔ دو دسمبر بروز پیر سے ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں اقوام متحدہ کی کلائمیٹ سمٹ کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ سمٹ پہلے لاطینی امریکی ملک چلی میں منعقد ہونی تھی لیکن وہاں جاری سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے سنتیاگو حکومت نے اس کی ميزبانی سے معذرت کر لی تھی۔

[pullquote]منی لانڈرنگ کا جرم ثابت ہونے پر مالدیپ کے سابق صدر کو پانچ برس قید کی سزا[/pullquote]

مالدیپ کے سابق صدر عبداللہ یامین کو منی لانڈرنگ کے الزام میں پانچ برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ سابق صدر پر ایک ملین امریکی ڈالر تک کی رقم غیر قانونی طریقے سے اپنے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ جمعرات کو عدالت نے کیس کی سماعت کے دوران ان کو مجرم قرار دیا۔ حکام نے ساٹھ سالا سابق صدر کے دیگر بینک اکاؤنٹس بھی بلاک کر دیے، جن میں تقریبا 6.5 ملین ڈالر جمع ہيں۔ سیاسی اور مالیاتی تعاون کے لیے چین پر انحصار کرنے والے مالدیپ کے سابق صدر کے دور حکومت میں شروع کیے گئے متعدد منصوبوں میں مالی بدعنوانی کے حوالے سے بھی تفتیش جاری ہے۔ عبداللہ یامین سیاحت کے لیے مشہور اس ملک پر پانچ برس تک حکومت کر چکے ہیں۔ تاہم گزشتہ برس کے انتخابات میں ان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

[pullquote]پر امن مظاہرین پر تشدد ممنوع ہے، شیعہ عالم دین[/pullquote]

عراق کے ایک معتبر شیعہ عالم دین نے ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے پر امن مظاہرین پر تشدد کی شدید مذمت کی ہے۔ عراقی شہر کربلا میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطبے میں ایرانی نژاد عالم دین آیت اللہ سیستانی نے کہا کہ پر امن مظاہرین کے خلاف پر تشدد کارروائیاں ممنوع ہیں۔ شیعہ عالم دین نے مظاہرین پر بھی زور دیا کہ وہ احتجاج میں توڑ پھوڑ اور پر تشدد کارروائیوں سے گریز کریں۔ عراق ميں دارالحکومت بغداد اور ملک کے جنوبی حصے ميں قريب دو ماہ سے حکومت مخالف مظاہرے جاری ہيں۔ سکیورٹی فورسز کے ساتھ پیش آنے والی جھڑپوں میں اب تک 408 مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں ’بلیک فرائڈے‘ پر ایمازون کے ملازمین کی ہڑتال[/pullquote]

جرمنی میں ’بلیک فرائڈے‘ کے موقع پر امریکی آن لائن شاپنگ کمپنی ایمازون کے ملازمین نے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ ایمازون کے سینکڑوں ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی تنخواہوں ميں اضافہ کيا جائے اور سہوليات و حالات بہتر بنائے جائیں۔ بلیک فرائڈے پر دنیا بھر میں دکانوں اور آن لائن اسٹورز پر اشیاء کی قیمتیں کم کر دی جاتی ہیں۔ جرمنی کی مزدور یونین ’ویردی‘ نے ہڑتال کی کال دیتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ ہڑتال آئندہ ہفتے منگل تک جاری رہے گی، جس میں ایک اور میگا سیل کا دن ’سائبر منڈے‘ بھی شامل ہو گا۔ ایمازون حکام نے ایک بیان مین کہا کہ جرمنی میں ایمازون کے 13000 ملازمین کی اکثريت کام جاری رکھی گی اور گاہکوں کو تمام پارسل وقت پر ترسیل کیے جائیں گے۔ گزشتہ برس بھی بلیک فرائڈے کے موقع پر اسپین، جرمنی اور برطانیہ میں ایمازون کے ورکرز ہڑتال پر تھے۔

[pullquote]سعودی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا، پائلٹ ہلاک: حوثی باغيوں کا دعوی[/pullquote]

یمن میں حوثی باغيوں کے ترجمان کے مطابق آج جمعے کے روز سعودی عرب کی سرحد کے قریب ایک سعودی ہیلی کاپٹر کو مار گرایا گيا ہے، جس کے نتیجے میں دو سعودی پائلٹ ہلاک ہو گئے۔ فوجی ترجمان، یحییٰ ساریہ کے مطابق، ایک سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر کو زمین سے ہوا میں فائر کیے گئے میزائل کے ذریعے گرایا گیا اور ہیلی کاپٹر میں مکمل طور پر آگ لگنے سے دونوں پائلٹ ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب سعودی زیر قیادت فوجی اتحاد کی طرف سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی۔

[pullquote]یوروگوائے صدارتی انتخابات میں قدامت پسند امیدوار فاتح[/pullquote]

جنوبی امریکی ملک یوروگوائے کے صدارتی انتخابات میں قدامت پسند امیدوار لوئس لاکالے پو نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سرکاری نتائج کے آنے سے قبل ہی بائیں بازو کی حکمران جماعت کے امیدوار ڈانیئل مارٹینز نے دائیں بازو کی قوم پرست جماعت کے امیدوار کے خلاف اپنی شکست تسلیم کر لی۔ صدارتی انتخابات میں مارٹنیز کی فتح سے جنوبی امریکا کے اس ملک میں پندرہ برس سے جاری بائیں بازو کی حکومت کے خاتمے کا امکان ہے۔ اتوار کو ہونے والے انتخابات کے بعد، دونوں امیدوار کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد تقریباﹰ برابر تھی لہٰذا الیکشن کمیشن نے دوبارہ ووٹوں کی گنتی کا فیصلہ کیا۔

[pullquote]مالٹا میں صحافی قتل کیس، حکومت دباؤ میں[/pullquote]

مالٹا میں معروف صحافی ڈیفن کیروانا گالیشیا کا قتل کیس ایک سیاسی اسکینڈل بن چکا ہے۔ ڈیفن کو سن دو ہزار سترہ میں قتل کیا گیا تھا اور حال ہی میں اس قتل کے سلسلے ميں مشہور تاجر جورجین فینچ کو گرفتار کر لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اس تاجر کے حکومت کے اعلیٰ عہدیداران سے گہرے روابط ہیں۔ ملزم پر فی الحال اس حوالے سے فرد جرم عائد نہیں کی گئی ہے۔ تفتيش کاروں کے اندازے کے مطابق ڈیفن کیروانا کے قاتلوں کو ڈیڑھ لاکھ یورو تک کی رقم ملی ہوگی۔ ڈیفن کیروانا یورپی ممالک اور مالٹا میں کرپشن کے اسکینڈل بے نقاب کرنے کے باعث جانی جاتی تھیں۔

[pullquote]امریکا: وائلڈ لائف پارک میں آگ لگنے سے دس جانور ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست اوہائیو کے ايک وائلڈ لائف پارک میں آگ لگنے سے کم از کم دس جانور ہلاک ہو گئے ہيں۔ حکام نے بتایا کہ وائلڈ لائف پارک کے ایک گودام میں آگ بھڑک گئی۔جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے پورٹ کلنٹن میں واقع افریقن سفاری وائلڈ لائف پارک میں يہ واقعہ پيش آيا۔ آگ بھجانے والے عملے کے مطابق اس واقعے میں تین جراف، تین خنزیر، تین افریقی بوگو اور سپرنگبوک ہرن ہلاک ہو گئے۔ اس دوران ایک جراف اور ایک زیبرا وائلڈ لائف پارک سے فرار ہو گئے، لیکن حکام نے بعد میں ان کو پکڑ لیا۔ اس واقعے میں کسی انسانی جان کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ آگ لگنے کی وجہ کے حوالے مزید تفتیش جاری ہے۔

[pullquote]یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے ’ماحولیاتی ایمرجنسی‘ نافذ کر دی[/pullquote]

یورپی یونین کے قانون سازوں نے ایک علامتی اقدام کے طور پر یورپی یونین کے سطح پر ’کلائمٹ ایمرجنسی‘ یعنی ماحولیاتی تحفظ کے لیے ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد یورپی کمیشن پر دباؤ بڑھانا ہے تاکہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف ایک واضح موقف اختیار کیا جا سکے اور اس ضمن ميں اقدامات کيے جا سکيں۔ اس سلسلے ميں ايک قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ یورپی یونین سن 2050 تک ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں پچپن فیصد تک کمی لائے۔ ہسپانوی شہر میڈرڈ میں دو دسمبر سے شروع ہونے والے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے بارے ميں اجلاس سے قبل جمعرات کو اسٹراس برگ میں یورپی پارلیمان کی جانب سے يہ اعلامیہ جاری کيا گيا۔

[pullquote]قیمتی نوادرات چوری کرنے والے چور کی اطلاع کے عوض پانچ لاکھ یورو کا انعام[/pullquote]

مشرقی جرمن شہر ڈریسڈن کے میوزیم گرین والٹ (گرُوئنس گیوؤلبے) میں پچیس نومبر کی صبح قیمتی نوادرات کی چوری کی واردات پیش آئی۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے چوروں کے بارے میں کسی قسم کی اطلاعات دینے کے عوض نصف ملین یورو تک کی رقم کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ تفتیش کاروں کے مطابق چور میوزیم میں موجود اٹھارہویں صدی کے بیشتر قیمتی زیورات کے کم از کم تین سیٹ چرانے میں کامیاب رہے۔ عجائب گھر کے اندر یہ چور ایک کھڑکی سے داخل ہوئے اور پھر واردات مکمل کرنے کے بعد ایک گاڑی میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے