’ایمرجنگ پاکستان‘ کی تشہیری مہم اب برلن کی بسوں پر

پاکستان کے اکہترویں یومِ آزادی کے موقع پر برلن کی پبلک ٹرانسپورٹ بسوں پر ’ایمرجنگ پاکستان‘ کے نام سے تشہیری مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصد پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

جرمن دارالحکومت برلن کی شاہراہوں پر چلتی زرد رنگ کی بسوں پہ ’پاکستان میں خوش آمدید‘ کے بینرز چسپاں ہیں۔ قیام پاکستان کی اکہترویں سالگرہ کے موقع پر ’ایمرجنگ پاکستان‘ کے موضوع کے تحت یہ تشہیری مہم شروع کی گئی ہے۔

برلن کی بسوں پر چسپاں ان بینرز پر پاکستان میں موجود قدرتی مناظر، بلند ترین چوٹیاں، قدیم تہذیب، شاندار فن تعمیر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں تیار کیے گئے فٹ بال دکھائےگئے ہیں۔ ’بی وی جی‘ کی زرد بسوں پر تشہیری مہم کا مقصد غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان آمد کے لیے متوجہ کرنا ہے۔

’ایمرجنگ پاکستان‘ تشہیری مہم برلن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جشنِ آزادی کے سلسلے میں منعقد کی گئی تقریبات کا حصہ ہے۔ اس حوالے سے برلن میں تعینات پاکستانی سفیر جوہر سلیم کا کہنا ہے، ’’ہم جرمن عوام کو پاکستان کی خوب صورتی سے متعارف کروانا چاہتے ہیں۔ پاکستان سیاحت کی دنیا میں ایک راز کی طرح ہے۔‘‘

موسمِ گرما کے دوران تاریخی شہر برلن سینکڑوں غیر ملکی سیاحوں سے بھرا ہوتا ہے۔ ایک ماہ تک جاری رہنے والی اس مہم سے نہ صرف ’برلینرز‘ یعنی برلن کے شہری بلکہ شہر میں موجود غیر ملکی سیاح بھی ان بسوں کو دیکھیں گے جو پاکستانی ثقافت اور خوبصورت مناظر کی نمائش کر رہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے