شیخوپورہ: مقامی کونسلر کا ڈان نیوز کے رپورٹر پر ’تشدد‘

پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں سیوریج کے منصوبے میں مبینہ طور پر غیر معیاری مواد استعمال ہونے کی کوریج کرنے والے ڈان نیوز کے رپورٹر پر مبینہ تشدد کے بعد انہیں غیر قانونی طور پر مقامی جنرل کونسلر کے دفتر میں بند کردیا گیا۔

اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو بیان کرتے ہوئے بلال شیخ نے ڈان نیوز کو بتایا کہ شیخوپورہ پریس کلب کو شکایتی خط موصول ہوا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ گَھنگ روڈ کا سیوریج نظام تباہ ہوچکا ہے، جبکہ جنرل کونسلر کی ہدایات پر شہر کے چند علاقوں میں ہونے والے ترقیاتی کام میں استعمال ہونے والا مواد غیر معیاری ہے۔

جب رپورٹر اور ان کی ٹیم گھنگ روڈ پہنچی اور فوٹیج ریکارڈ کرنا شروع کی تو کونسلر رائے محمد خان اپنے عملے کے ہمراہ وہاں پہنچے اور صحافیوں کو تعارف کا موقع دیئے بغیر ان پر مبینہ طور پر تشدد شروع کر دیا اور گالم گلوچ کی۔

کیمرامین اپنی جان بچاتے ہوئے جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب رہا جبکہ کونسلر بلال شیخ کا موبائل فون چھین کر انہیں گاڑی میں اپنے ڈیرے (دفتر) لے گئے۔

ڈیرے پر بھی ڈان نیوز کے رپورٹر پر گنے سے تشدد کیا گیا اور بلدیاتی چیئرمین امجد لطیف شیخ کے دفتر میں محصور کر دیا گیا۔

بلال شیخ کی رہائی مقامی صحافیوں کی جانب سے پولیس کو واقعے کی اطلاع دینے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد عمل میں آئی۔

واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا تاہم پولیس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ارقم طارق نے رپورٹر سے بدسلوکی اور ان پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پولیس کو واقعے کی شفاف تحقیقات کی ہدایت کردی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے