اتوار : 14 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]انڈونیشیا کے جنوب مشرقی حصے میں شدید زلزلہ[/pullquote]

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق انڈونیشیا کے جنوب مشرقی مالُوکو جزائر میں شدید زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت سات اعشاریہ تین تھی۔ زلزلے نے مالوکو جزائر کے بڑے شہر تیرانٹے کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلے سے تیرانٹے اور قرب و جوار میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کے بعد کوئی سونامی وارننگ جاری نہیں کی گئی۔ تیرانٹے میں ضمنی جھٹکوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ فی الحال اس زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے متعلق اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ دوسری جانب اتوار چودہ جولائی کو آسٹریلیا کے مغربی حصے میں بھی 6.6 کی شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔

[pullquote]نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ، پچاس ہلاک[/pullquote]

نیپالی حکام کے مطابق شدید بارشوں سے مختلف ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کے ساتھ ساتھ مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پچاس تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کے مطابق کم از کم تینتیس افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔ نیپالی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایک ہزار سے زائد افراد ریسکیو بھی کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق مشکل حالات سے دوچار افراد کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوششوں کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں پولیس کی ٹیمیں بھی روانہ کر دی گئی ہے۔

[pullquote]بھارت میں مون سون کے آغاز پر ہلاکتوں کی تعداد 35[/pullquote]

بھارتی حکام نے بتایا ہے کہ مون سون کی بارشوں سے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر پینتیس انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں اور پندرہ لاکھ افراد کو بے گھری کا سامنا ہے۔ بیشتر ہلاکتیں مکانوں کی چھتیں منہدم ہونے کی وجہ سے ہوئیں۔ شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام کے تینتیس میں سے پچیس اضلاع کو سیلابوں کا سامنا ہے۔ جب کہ کم ازکم بیس ہزار افراد کو دو سو سے زائد حکومتی ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ ارونا چل اور میزورام کی ریاستیں بھی بارشوں سے متاثر ہیں۔ بھارت میں موسم برسات کا آغاز دس جولائی سے ہوا ہے۔

[pullquote]مشرقی افغانستان میں ریڈیو جرنلسٹ کی ہلاکت[/pullquote]

افغان پولیس نے بتایا ہے کہ مشرقی صوبے پکتیا میں ایک ریڈیو جرنلسٹ کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ریڈیو گردیز سے منسلک نادر شاہ نامی جرنلسٹ کو ہفتہ تیرہ جولائی کی شام میں قتل کیا گیا۔ اس ہلاکت کے حوالے سے پولیس کو ابھی تک کوئی ٹھوس وجوہات دستیاب نہیں ہو سکی ہیں۔ پکتیا صوبے کو حقانی نیٹ ورک کا مضبوط گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ نادر شاہ کے قتل کی ذمہ داری بھی فی الحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]روس کے میزائل ایس چار سو کے آلات کی ترسیل جاری[/pullquote]

روس کی جانب سے ترکی کو دفاعی میزائل نظام S400 کے اہم آلات کی ترسیل مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہی۔ ترک وزارت دفاع کے مطابق میزائل سسٹم کے آلات کو لے کر روس سے مزید دو پروازیں ترک ایئر فورس کے ایک فوجی اڈے پر پہنچ گئی ہیں۔ اس طرح میزائل نظام سے متعلق سامان لانے والی پروازوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آج اتوار کو مزید دو پروازیں ترکی پہنچ سکتی ہیں۔ ایس فور ہنڈرڈ میزائل کے آلات کی فراہمی جمعہ بارہ جولائی سے شروع ہوئی تھی۔ اس میزائل نظام کی خریداری پر ترکی اور امریکا کے درمیان اختلافات پائے جاتے ہیں۔

[pullquote]ایرانی آئل ٹینکر کو آزاد کیا جا سکتا ہے، برطانیہ[/pullquote]

برطانیہ نے واضح کیا ہے کہ جبرالٹر میں روکے گئے ایرانی آئل ٹینکر کو بعض ضمانتوں پر آزاد کیا جا سکتا ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ آئل ٹینکر کو شام پر عائد یورپی پابندیوں کو نہ توڑنے اور احترام کے حوالے سے مناسب ضمانتیں دینا ضروری ہے۔ برطانوی وزیر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی ہے۔ ہنٹ نے بتایا کہ ظریف پر واضح کیا گیا ہے کہ لندن حکومت کو آئل ٹینکر کی منزل پر تشویش ہے، تاہم اعتراض اس ٹینکر کے روانہ کیے جانے کے مقام پر نہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں جمہوریت نواز مظاہرین کی ریلیاں[/pullquote]

چین کے خصوصی انتظامی اختیارات کے حامل علاقے ہانگ کانگ میں بیدخلی کے متنازعہ قانون کے تناظر میں جمہوریت نواز ہفتہ تیرہ جولائی کی طرح اتوار کو شہر کے مرکزی حصے میں احتجاجی ریلی نکلنے کی منصوبہ بندی کیے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز نکالی گئی ریلی زیادہ تر پرامن رہی لیکن چینی سرحدی علاقے کے قریب ریلی کے شرکاء اور پولیس کے درمیان کچھ دیر تک کشمکش دیکھی گئی۔ مظاہرین نے پولیس پر چھتریاں اور ہیٹس پھینکے تو جواباً پولیس نے لاٹھی چارج کے ساتھ مرچوں کا سپرے بھی کیا۔ اس وقت ہانگ کانگ کے مظاہرین کی توجہ بیدخلی کے متنازعہ بل سے ہٹ کر پہلے سے پائے جانے والے اختلافی معاملات پرمرکوز ہے۔

[pullquote]بنگلہ دیشی اپوزیشن لیڈر اور سابق فوجی سربراہ حسین محمد ارشاد انتقال کر گئے[/pullquote]

بنگلہ دیش کی فوج کے سابق سربراہ حسین محمد ارشاد نوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ وہ اس وقت بنگلہ دیشی پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے لیڈر تھے۔ اُن کے ایک مشیر کا کہنا ہے کہ حسین محمد ارشاد گزشتہ تین ہفتوں سے شدید علیل تھے۔ انہیں زندگی بچانے والے آلات پر انتہائی نگہداشت میں دارالحکومت ڈھاکا کے فوجی ہسپتال میں رکھا گیا تھا۔ سابق فوجی حکمران کو جگر اور گردوں کے عوارض کا سامنا تھا۔ حسین محمد ارشاد نے ملکی فوج کے سربراہ کے طور پر چوبیس اپریل سن 1982 کو اُس وقت کے صدر کا تختہ الٹ کر حکومت پر قبضہ کر لیا تھا۔ وہ سن 1990 تک برسراقتدار رہے تھے۔

[pullquote]طالبان کے حملے میں چار افغان فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]

افغانستان کے مغربی صوبے بادغیس کے دارالحکومت قلعہٴ نو میں کیے گئے حملے میں افغان فوج کے چار اہلکار مارے گئے ہیں۔ طالبان شدت پسندوں نے یہ حملہ شہر کے ایک کمرشل علاقے میں واقع ہوٹل پر کیا تھا۔ بادغیس صوبے کے گورنر نے حملے اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طالبان کے ممکنہ حملے کی پہلے سے اطلاع موصول ہو چکی تھی لیکن مقام کے بارے میں پتہ نہیں تھا۔ جس ہوٹل پر حملہ کیا گیا، وہ صوبائی گورنر کی رہائش گاہ اور پولیس ہیڈکوارٹر کے نزدیک واقع ہے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا جب افغانستان ہی میں ایک پرتشدد واقعے کے نتیجے میں ایک امریکی فوجی مارا گیا ہے۔ نیٹو فورسز نے بھی اس ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔

[pullquote]صومالیہ: کیسمایو ہوٹل پر عسکریت پسندوں کے حملے میں کئی غیر ملکی ہلاک[/pullquote]

شورش زدہ افریقی ملک صومالیہ کے جنوبی بندرگاہی شہر کیسمایو کے اساسی ہوٹل پر دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری جہادی گروپ الشباب نے قبول کر لی ہے۔ اس حملے میں کم از کم چھبیس افراد ہلاک اور چھپن زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک شدگان میں امریکا، کینیڈا، برطانیہ، کینیا اور تنزانیہ کے شہری شامل ہیں۔ اسی حملے میں صومالی نژاد کینیڈین صحافی اور میڈیا ایگزیکٹو ہودان نالایاہ اپنے شوہر سمیت ماری گئی ہیں۔ سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں الشباب تنظیم کے چاروں حملہ آور ہلاک کر دیے گئے۔ اساسی ہوٹل کو سکیورٹی فورسز نے چودہ گھنٹوں کی کارروائی کے بعد کلیئر کیا تھا۔ یہ حملہ الشباب کے عسکریت پسندوں نے جمعہ بارہ جولائی کی رات میں کیا تھا۔

[pullquote]تائیوانی صدر ہیٹی کے دورے پر[/pullquote]

تائیوان کی خاتون صدر سائی انگ وین نے ہفتہ تیرہ جولائی کو ہیٹی کا مختصر دورہ کیا۔ ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس پہنچ کر انہوں نے میزبان صدر ژوینال موائزے کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی۔ گفت گو میں تائیوانی صدر نے تعلیم اور بنیادی ڈھانچے میں مالی معاونت کی پیشکش کی۔ ہیٹی میں بجلی کے نظام کی بہتری کے لیے تائیوان پہلے ہی ڈیڑھ سو ملین امریکی ڈالر مختص کر چکا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سائی انگ وین نے منصب صدارت سنبھالنے کے بعد جنوبی امریکی خطے میں اپنے سفارتی روابط کو خاصا استحکام دیا ہے۔ ان کے دور صدارت میں ہیٹی کے ہمسایہ ملک ڈومنیک ریپبلک سمیت پانچ مختلف ملکوں سے سفارتی تعلقات قائم کیے گئے۔

[pullquote]طاقتور سمندری طوفان امریکی ریاست لُوئزیانہ سے ٹکرا گیا[/pullquote]

امریکی ریاست لُوئزیانہ کے شہر نیو اورلیئنز کو طاقتور سمندری طوفان بیری کے ساتھ آنے والی موسلادھار بارش کا سامنا ہے۔ محکمہٴ موسمیات کے مطابق نیو اورلیئنز اور دیگر مقامات پر بیس انچ تک بارش ہو سکتی ہے۔ اس بارش کے بعد ریاست کے کئی نشیبی مقامات میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بیری نامی سمندری طوفان ایسے وقت میں ٹکرایا ہے جب نیو اورلیئنز شہر میں سے گزرنے والے بڑے دریا مِسِسپی کی سطح طغیانی کے باعث پہلے ہی بلند ہے۔ ریاست لُوئزیانہ کے گورنر جان بیل ایڈورڈ نے اپنے شہریوں کو ہوشیار اور خبردار رہنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ طوفان بیری کے ساتھ جھکڑوں کی رفتار اسی کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا میں زلزلہ[/pullquote]

امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق آسٹریلیا کے مغربی حصے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس زلزلے کی ریکٹر اسکیل پر شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی ہے۔ قبل ازیں زلزلے کی شدت 6.9 بتائی گئی تھی۔ مغربی آسٹریلیا کے سیاحتی قصبے برُوم میں اتوار کو آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت سب سے زیادہ محسوس کی گئی۔ زلزلے کا مقام مغربی آسٹریلوی سمندری علاقے میں تینتیس کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ ابھی تک اس زلزلے سے ہونے والی کسی نقصان کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے