آئی ایم ایف کا معاشی پیکج: پاکستان کو 99 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی پہلی قسط موصول

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے 6 ارب ڈالر کے معاشی پیکج کے تحت پاکستان کو 99 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی پہلی قسط فراہم کردی۔

آئی ایم ایف کی جانب سے 6 ارب ڈالر کے معاشی پیکج میں سے ایک ارب ڈالر فوری طور پر پاکستان کو دینے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت پاکستان کو پہلی قسط فراہم کردی گئی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے 99 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز کی پہلی قسط جاری کی گئی ہے جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 15 ارب4 کروڑ 31 لاکھ ڈالرز ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 6 ارب ڈالر کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت عالمی مالیاتی فنڈ تین سالہ معاشی پیکج کے تحت پاکستان کو یہ رقم فراہم کررہا ہے۔

دوسری جانب آئی ایم ایف نے گزشتہ روز پاکستان کی معیشت پر رپورٹ جاری کی ہے جس میں ٹیکسس کو بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان کو آئندہ ماہ بجلی کے ریٹس ڈھائی روپے فی یونٹ بڑھانا ہوں گے، پاکستان نے بجٹ میں 733 ارب 50 کروڑ روپے کے نئے ٹیکس لگائے ہیں، پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ 516 ارب روپے کے ٹیکس لگائے گئے ہیں جو حقیقت میں 733 ارب 50 کروڑ روپے کے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کو ستمبر تک ایک ہزار ارب روپے کے ٹیکسز جمع کرنا ہوں گے، پاکستان کو اپنی معیشت کی بہتری کے لیے 25 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے، مئی سے کرنسی کی شرح تبادلہ مارکیٹ طے کررہی ہے لیکن اسٹیٹ بینک اسے ماننے کو تیار نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے