ایمنسٹی اسکیم کا آج آخری روز، بے نامی جائیدادیں رات 12 بجے سے ضبط ہوں گی

اسلام آباد: بے نامی اثاثے ظاہر کرنے کی مہلت کا آج آخری روز ہے اور رات 12 بجتے ہی بے نامی جائیدادوں کی ضبطی کا آغاز ہوجائے گا۔

وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ ایمنسٹی اسکیم میں تین جولائی تک کی توسیع کی گئی تھی جس کی مدت آج رات 12 بجے ختم ہورہی ہے۔

ایف بی آر کی جانب سے آج رات 12 بجے کے بعد سے بے نامی جائیدادوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے اثاثے ظاہر کرنے کا فارم ویب پورٹل پر اپ لوڈ کر رکھا ہے، شہری ویب پورٹل کے فارم پُر کر کے آن لائن اپنے اثاثہ جات ظاہر کرسکتے ہیں۔

مقامی اثاثہ جات ظاہر کرنے کیلئے ڈکلریشن فارم میں اثاثوں کی الگ الگ تفصیل دینا ہوگی، اثاثہ جات پر عائد ٹیکس کی شرح اور اس پر لاگو ٹیکس واجبات کی رقم کی تفصیل دینا ہو گی۔

فارم میں ہر کیٹیگری کے اثاثے، ٹیکس کی شرح اور واجب الادا ٹیکس کی رقم کے الگ الگ کالم بنائے گئے ہیں، ڈکلریشن فارم میں اوپن پلاٹ، زمین، سُپر اسٹرکچر اور اپارٹمنٹ ظاہر کرنے کیلئے ڈیڑھ فیصد ٹیکس دینا ہوگا۔

اسکیم کے تحت 4 فیصد ٹیکس کی ادائیگی پر بے نامی گاڑیاں بھی ظاہر کی جا سکیں گی، پاکستانی کرنسی میں کھولے گئے بے نامی اکاونٹس میں موجود دولت پر 4 فیصد ٹیکس دینا ہوگا اور فارن کرنسی بے نامی اکاؤنٹ میں دولت کوظاہر کرنے کیلئے بھی 4 فیصد ٹیکس دینا ہوگا جب کہ اثاثوں کی ویلیو ایف بی آر کی مقررہ ویلیو سے 150 فیصد تک مقرر ہوگی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے