بدھ : 11 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مسلم ممالک کی طرف سے اسرائیلی وزیراعظم کے اعلان کی مذمت[/pullquote]

عرب لیگ نے اسرائیلی وزیراظم نیتن یاہو کے اس اعلان پر شدید تنقید کی ہے کہ وہ اگلے ہفتے دوبارہ الیکشن جیت جانے کی صورت میں فلسطینی علاقے وادی اردن کو اسرائیل کا حصہ بنا لیں گے۔ سعودی عرب نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ایسا کوئی بھی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی ’’صریحاﹰ خلاف ورزی‘‘ ہو گی۔ سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ اردن کے وزیر خارجہ ايمن الصفدی نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کا یہ اقدام پورے خطے کو تشدد کی جانب دھکیل سکتا ہے اور قیام امن کی کوششوں کے لیےخطرہ ہے۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاوُش اولُو نے نیتن یاہو کے اس بیان کو ’نسل پرستانہ‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]فلسطینی وادی اُردن کا اسرائیل سے الحاق کریں گے: نیتن یاہو کا اعلان[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو نے منگل کے روز ٹیلی وژن پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دوبارہ انتخاب جیتنے کی صورت میں فلسطینی علاقے میں واقع وادی اُردن اور شمالی بحیرہ مردار کا اسرائیل سے الحاق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ اقدام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی اٹھائیں گے۔ امریکی صدر نے اسرائیلی انتخابات کے بعد مشرق وسطی کے لیے ایک ’امن منصوبہ‘ پیش کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اسرائیل میں انتخابات سترہ ستمبر کو ہوں گے۔ فلسطینی مغربی کنارے کے اس علاقے میں ساٹھ ہزار فلسطینی رہائش پذیر ہیں جبکہ اسرائیل کی طرف سے وہاں تعمیر کی گئی غیرقانونی بستیوں میں پانچ ہزار یہودیوں کو آباد کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]افغان مذاکرات کے خاتمے کے بعد تشدد میں اضافہ[/pullquote]

افغان حکام کے مطابق شمالی افغانستان کے کم از کم دس صوبوں میں شدید جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ افغان سکیورٹی حکام کے مطابق لڑائی میں بظاہر شدت طالبان امریکا مذاکرات میں ناکامی کے بعد آئی ہے۔ سکیورٹی ماہرین کے مطابق طالبان امریکا کو دوبارہ مذاکرات پر مجبور کرنے کے لیے اپنی پرتشدد کارروائیوں کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

[pullquote]ایران نے ہمارے تین شہریوں کو قید کر لیا، آسٹریلیا[/pullquote]

آسٹریلیا نے کہا ہے کہ ایران نے اس کے تین شہریوں کو حراست میں لے کر تہران کی اوین جیل میں بند کر دیا ہے۔آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ وہ تینوں شہریوں کو سفارتی مدد فراہم کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے معاملے کی مزید تفصیلات دینے سے گریز کیا۔ آسٹریلیا نے اپنے شہریوں کو ایران کا سفر کرنے کے حوالے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ایشیا کے سفر پر نکلنے والی ایک برطانوی آسٹریلین خاتون اور ان کے آسٹریلین ساتھی کو دس ہفتے پہلے حراست میں لیا گیا تھا۔

[pullquote]ایران پر خفیہ جوہری سرگرمیاں جاری رکھنے کا شبہ ہے، امریکا[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران پر بین الاقوامی جوہری ادارے (آئی اے ای اے) کے ساتھ عدم تعاون کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے اسرائیل کا الزام دہرایا کہ آئی اے ای اے کو ایران میں یورینیم چھپائے جانے کے سُراغ ملے ہیں۔ تاہم خود بین الاقوامی جوہری ادارے نے ابھی تک اس الزام کی تصدیق نہیں کی۔ امریکا سن دو ہزار اٹھارہ میں ایرانی عالمی جوہرے معاہدے سے یکطرفہ طور پر دستبردار ہو گیا تھا۔ اسرائیل اور امریکا ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ بڑھانے کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر کو برطرف کر دیا[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کو برطرف کر دیا ہے۔ ٹویٹر پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے اپنے اس اچانک فیصلے کا دفاع کیا اور کہا کہ اس کی وجہ پالیسی اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے قومی سلامتی کی مشیر کا تقرر آئندہ ہفتے تک کر دیا جائے گا۔ جان بولٹن ایران کے حوالے سے اپنے سخت موقف کی وجہ سے جانے جاتے ہیں اور وہاں حکومت کی تبدیلی کے شدید حامی ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹوں کے مطابق بولٹن طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کے بھی خلاف تھے۔

[pullquote]شام میں امریکا تعاون نہیں کر رہا: ترکی[/pullquote]

ترکی نے امریکا پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ وعدے کے مطابق شام کے شمال میں ’ایک محفوظ زون‘ قائم کرنے میں تعاون نہیں کر رہا۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کی فورسز نے وہاں مشترکہ گشت تو کیے لیکن معاملات اس سے آگے نہیں بڑھے۔ ترکی نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر محفوظ زون کا قیام عمل میں نہ لایا گیا تو دوبارہ عسکری کارروائیوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔ ترکی شمالی شام کے جس علاقے میں فوجی کارروائی کرنا چاہتا ہے، وہ کرد ملیشیا وائے پی جی کے زیرانتظام ہے۔ ترکی اس تنظیم کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کرتا ہے جبکہ امریکا جہادیوں کے خلاف وائے پی جی کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے۔

[pullquote]وینزویلا نے بڑی فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا[/pullquote]

لاطینی امریکی ملک وینزویلا نے کولمبیا کی سرحد پر وسیع فوجی مشقوں کا آغاز کر دیا ہے۔ صدر نکولاس مادورو نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک کولمبیا میں دائیں بازو کی قدامت پسند حکومت ان کے ملک کو غیر مستحکم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کولمبیا اور امریکا وینزویلا میں اپوزیشن رہنما اور خود ساختہ عبوری صدر یوان گوآئیڈو کی حمایت کرتے ہیں۔ چند روز قبل کولمبیا کے سابق فارک باغیوں نے دوبارہ حکومت کے خلاف مسلح کارروائیاں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ کولمبیا نے الزام عائد کیا ہے کہ ان باغیوں کو وینزویلا کی حمایت حاصل ہے۔

[pullquote]اقوام متحدہ کا یورپ میں پناہ گزین بچوں کے لیے مزید تعلیم کا مطالبہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہاجرین اور ان کے بچوں کی تعلیم و تربیت میں مزید سرمایہ کاری کریں۔ یو این ایچ سی آر، ادارہ برائے مہاجرین آئی او ایم اور بچوں کے امدادی ادارے یونیسیف نے مشترکہ طور پر اپیل کی ہے کہ مہاجرین کے بچوں کو تعلیم کے وہی مواقع فراہم کیے جائیں، جو کہ مقامی بچوں کو حاصل ہیں۔ ان اداروں کے مطابق اگر پناہ گزین بچوں کی اضافی مدد نہ کی گئی تو یہ حساب جیسے مختلف مضامین میں پیچھے رہ جائیں گے۔ اقوام متحدہ نے ان بچوں کو مزید نفسیاتی مدد فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

[pullquote]بہاماس میں سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہوگئی[/pullquote]

کیریبین ریاستوں کے شمال میں سمندری طوفان ڈوریان سے ہلاکتوں کی تعداد پچاس ہو گئی ہے۔ بہاماس میں پچھلے ہفتے آنے والے اس طوفان کی وجہ سے شدید تباہی ہوئی ہے اور وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ ہزاروں متاثرین کو نیو پروویڈنس جزیرے اور امریکا منتقل کیا گیا ہے۔ امدادی کارروائیوں میں حصہ لینےکے لیے جرمنی اور ہالینڈ کی بحریہ کے اہلکار منگل کو بہاماس پہنچ رہے ہیں۔ وہ اپنے ساتھ خوراک لے کر جا رہے ہیں اور وہاں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے