جمعرات :05 ستمبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]طالبان کا کابل کے سفارتی علاقے میں خود کش بم حملہ، دس افراد ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان نے جمعرات کو کابل میں نیٹو کے فوجی مشن کے ہیڈکوارٹرز اور امریکی سفارت خانے کے قریب ایک بڑا حملہ کیا۔ اس حملے کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور چالیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ بارود سے بھری ایک چھوٹی بس کے ذریعے کیا گیا۔ تمام ہلاک شدگان عام شہری تھے اور اس دھماکے میں کم از کم بارہ گاڑیاں بھی تباہ ہو گئیں۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس خود کش بم حملے کی ذمے داری قبول کر لی ہے۔ گزشتہ تین دنوں میں یہ کابل کے بہت حساس اور محفوظ سمجھے جانے والے علاقے میں طالبان کا دوسرا بڑا بم حملہ ہے۔

[pullquote]بریگزٹ: برطانوی پارلیمان نے قبل از وقت عام انتخابات کی تجویز رد کر دی[/pullquote]

برطانوی پارلیمان نے وزیر اعظم بورس جانسن کی ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کے انعقاد کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ یوں اس سال اکتیس اکتوبر تک کی بریگزٹ کی ڈیڈ لائن سے پہلے جانسن کی سیاسی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم کی درخواست پر ہونے والی رائے شماری میں صرف دو سو اٹھانوے ارکان نے نئے عام انتخابات کے انعقاد کی حمایت کی جبکہ چار سو چونتیس اراکین پارلیمان نے جانسن کی تجویز کی مخالفت کی۔ بورس جانسن کی طرف سے یہ درخواست دیے جانے سے قبل برطانوی پارلیمان نے ان کے اعلانیہ سیاسی ارادوں کی مخالفت کرتے ہوئے برطانیہ کے یورپی یونین سے کسی معاہدے کے بغیر اخراج کے خلاف ایک مسودہ قانون بھی منظور کر لیا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم کی لندن میں برطانوی ہم منصب سے ملاقات[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے جمعرات کو لندن میں اپنے برطانوی ہم منصب بورس جانسن کے ساتھ ملاقات کی۔ بورس جانسن کے ساتھ ان کی سرکاری رہائش گاہ پر اس ملاقات کے لیے برطانیہ روانگی سے پہلے نیتن یاہو نے کہا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو ایران پر اپنا دباؤ بڑھانا چاہیے۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین طے پانے والے جوہری معاہدے کے مستقبل کے بارے میں اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ یہ وقت تہران کے ساتھ بات چیت میں ضائع کرنے کا نہیں بلکہ اس پر دباؤ بڑھانے کا ہے۔

[pullquote]اردن کو پانچ سال بعد عراقی تیل کی برآمد بحال ہو گئی[/pullquote]

اردن کو پانچ سالہ وقفے کے بعد عراقی تیل کی برآمد بحال ہو گئی ہے۔ عراق ماضی میں بھی اس عرب ریاست کو تیل برآمد کرتا تھا۔ تاہم سن 2014 سے لے کر سن 2017 تک شام اور عراق کے وسیع تر علاقوں پر دہشت گرد تنظیم داعش کے جہادیوں کے قبضے کے بعد یہ سپلائی ناممکن ہو گئی تھی۔ اردن کی خاتون وزیر توانائی ہالہ زواتی نے بتایا کہ عراق سے تیل کی یہ برآمد بدھ چار ستمبر سے بحال ہو گئی ہے۔ عراق نے اردن کو روزانہ دس ہزار بیرل تیل فراہم کرنا شروع کر دیا ہے، جو اردن کی تیل کی روزانہ ضروریات کا سات فیصد بنتا ہے۔

[pullquote]ایران نے دوبارہ جوہری تحقیق اور پیداوار شروع کر دی، صدر حسن روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی کے مطابق ان کے ملک نے دوبارہ جوہری تحقیق اور پیداوار شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی معاہدے میں تحقیق اور پیداوار سے متعلق جو مصروفیات محدود کر دی گئی تھیں، وہ بحال کر دی گئی ہیں۔ صدر روحانی نے کہا کہ ایرانی جوہری توانائی ایجنسی اب خود پر عالمی طاقتوں کے ساتھ طے شدہ ڈیل کے تحت عائد ہونے والی ذمے داریوں میں سے کسی کی بھی پابندی نہیں کرے گی۔ تہران کی طرف سے یہ اقدامات اس امریکی فیصلے کا ردعمل ہیں، جس کے تحت صدر ٹرمپ نے مئی دو ہزار اٹھارہ میں امریکا کے اس بین الاقوامی جوہری معاہدے سے یک طرفہ اخراج کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]بھارت میں بچوں کے اغوا کی افواہوں کے بعد ایک اور شہری کا قتل[/pullquote]

بھارتی پولیس نے پانچ ایسے افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جنہوں نے ایک شخص پر بچوں کے اغوا کا الزام لگاتے ہوئے اسے مار مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ یہ واقعہ مشرقی ریاست جھاڑکھنڈ میں پیش آیا۔ ان ملزمان نے مقتول کو تشدد کر کے قتل کر دیا تھا۔ بھارت میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ کچھ عرصے میں پورے ملک میں ایسے واقعات میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد پر حملے کیے جا چکے ہیں۔ صرف یکم اگست سے لے کر اب تک بچوں کے اغوا کی افواہوں کے بعد ایسے حملوں میں مشتعل شہریوں کے ہاتھوں کم از کم نو افراد ہلاک اور ایک سو تیس سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]جزائر بہاماس پر سمندری طوفان ’ڈوریان‘ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بیس ہو گئی[/pullquote]

کیوبا اور امریکی ریاست فلوریڈا کے درمیان واقع جزائر بہاماز پر طاقت ور سمندری طوفان ’ڈوریان‘ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر بیس ہو گئی ہے۔ بحیرہ کریبیین کی اس جزیرہ ریاست کے وزیر صحت نے کہا کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ ماہرین کے مطابق اس طوفان کے باعث مادی تباہی کی صورت میں بہاماز کو سات بلین ڈالر تک کا نقصان ہوا۔ اقوام متحدہ کے مطابق جزائر بہاماز پر تقریباﹰ ستّر ہزار انسانوں کو اشیائے خوراک، پینے کے پانی، رہائشی خیموں اور ادویات کی اشد ضرورت ہے۔ بہاماز میں اس طوفان کے ساتھ آنے والے جھکڑوں کی رفتار تین سو کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی تھی۔ اب یہ ہَری کین امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں کی طرف جا رہا ہے۔

[pullquote]نیوزی لینڈ میں بس حادثہ، ایک بچے سمیت پانچ چینی سیاح ہلاک[/pullquote]

نیوزی لینڈ میں ایک مسافر بس کو پیش آنے والے ایک حادثے کے نتیجے میں پانچ چینی سیاح ہلاک ہو گئے۔ پولیس نے آج جمعرات کے روز بتایا کہ بدھ کی شام یہ حادثہ ایک مشہور سیاحتی قصبے روٹورُوآ کے قریب پیش آیا اور مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بتایا گیا ہے کہ سیاحوں سے بھری اس بس کا ڈرائیور ایک موڑ کاٹ رہا تھا کہ بس اس کے قابو سے باہر ہو گئی۔ یہ چینی سیاح روٹورُوآ جا رہے تھے۔

[pullquote]یونانی جزیرے لیسبوس پر تارکین وطن اور پولیس کے مابین جھڑپیں[/pullquote]

یونانی جزیرے لیسبوس پر تارکین وطن کے موریا کیمپ میں پناہ کے متلاشی افراد اور پولیس کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب تارکین وطن نے اپنے احتجاج کے دوران پولیس اور کیمپ کے عملے پر پتھراؤ شروع کر دیا تھا۔ اس کے جواب میں پولیس کو آنسو گیس استعمال کرنا پڑی۔ آج جمعرات کو پولیس نے بتایا کہ اب اس کیمپ میں حالات پرامن ہیں۔ یہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب پچاس کے قریب کم عمر تارکین وطن یہ مطالبہ کر رہے تھے کہ انہیں اس جزیرے سے یونان میں کسی دوسری جگہ منتقل کیا جائے۔ جزیرے لیسبوس پر موریا کے مہاجر کیمپ میں تین ہزار افراد کو رکھنے کی گنجائش ہے لیکن وہاں نو ہزار سے زائد تارکین وطن کو رکھا گیا ہے۔

[pullquote]ارجنٹائن میں عوام کا مہنگائی کے خلاف بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں ہزارہا شہریوں نے ملک میں تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا۔ شہر کے وسط میں سماجی امور کی ملکی وزارت کے سامنے مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت غریب سماجی طبقات کی مدد کرے۔ اس مظاہرے کے منتظمین نے اعلان کیا کہ یہ مظاہرین اس وقت تک اس وزارت کے سامنے خیمہ زن رہیں گے، جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے۔ ارجنٹائن ماضی میں ایک امیر ملک تھا لیکن اس وقت اسے شدید اقتصادی اور مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔ وہاں ہر تیسرا شہری غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزار رہا ہے۔

[pullquote]افغان دارالحکومت میں سفارتی علاقے کے قریب بڑا کار بم دھماکا[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے سفارتی علاقے کے قریب آج جمعرات کو ایک بڑا کار بم حملہ کیا گیا۔ اس بم دھماکے بعد شہر کے مشرقی حصے سے فضا میں دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔ اس بم حملے میں کسی ممکنہ جانی نقصان کی آخری خبریں ملنے تک کوئی اطلاع نہیں تھی۔ یہ حملہ ایک ایسے علاقے میں کیا گیا، جہاں سے افغانستان میں نیٹو کے فوجی مشن کے صدر دفاتر، امریکی سفارت خانہ اور دیگر سفارتی مراکز زیادہ دور نہیں ہیں۔ کابل پولیس کے سربراہ کے ترجمان نے بتایا کہ بظاہر یہ بم حملہ شہر کے سخت حفاظتی انتظامات والے علاقے میں ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے