جمعرات : 11 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]حماس کی زیر زمین سرنگ تباہ کر دی ہے، اسرائیلی فوج[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے غزہ سے اسرائیلی علاقے تک پھیلی ہوئی ایک زیر زمین سرنگ تلاش کر کے اسے تباہ کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل جوناتھن کونریکس کے مطابق ایک کلومیٹر طویل یہ سرنگ غزہ کے علاقے خان یونس سے اسرائیلی سرزمین میں 200 میٹر اندر تک پھیلی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران یہ حماس کی 15ویں ایسیسرنگ ہے جسے تباہ کیا گیا ہے۔ حماس کی طرف سے اس پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

[pullquote]ملائیشیا حکومت کا سزائے موت ختم کرنے کا ارادہ[/pullquote]

ملائیشیا کی حکومت موت کی سزا ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ملکی وزیر قانون لیو ووئی کیونگ نے بدھ کے روز کہا کہ کابینہ نے موت کی سزا دیے جانے کا عمل ختم کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اس حوالے سے قانونی بل پیر 15 اکتوبر سے شروع ہونے والے پارلیمانی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ ملائیشیا میں اس وقت 1200 سے زائد افراد سزائے موت پر عملدرآمد کے منتظر ہیں۔ اس بِل کی منظوری کی صورت میں ان کی سزائے موت پر بھی عملدرآمد نہیں ہو گا۔

[pullquote]معاشی بحران کا جلد حل تلاش کیا جائے، ایرانی سپریم لیڈر کا حکم[/pullquote]

ایرانی سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے حکام سے کہا ہے کہ وہ امریکی پابندیوں کے سبب ملک کو درپیش معاشی بحران کا جلد سے جلد حل تلاش کریں۔ ایران کی فارس نیوز ایجنسی کے مطابق خامنہ ای نے بدھ کے روز حکام سے ملاقات میں کہا کہ ملک میں کوئی ایسا بحران یا مسئلہ نہیں ہے جسے حل نہ کیا جا سکے اس لیےحکام کو موجودہ معاشی مشکلات کا حل تلاش کر کے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانا چاہیے۔

[pullquote]چین کے خلاف کرنے کو ابھی بہت کچھ ہے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کی معاشی اور تجارتی پالیسیوں سے چینی معیشت کو کافی زیادہ نقصان پہنچا ہے جبکہ ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔ امریکی ٹیلی وژن فوکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی بہت کچھ کرنا ہے۔ اس انٹرویو میں ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ چین میں لوگ بہت عرصے تک بہت اچھی زندگی گزار چکے ہیں۔ ٹرمپ کی طرف سے چینی درآمدات پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے بعد چین نے بھی جوابی اقدامات کیے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور سیاسی حوالے سے تناؤ پایا جاتا ہے۔

[pullquote]راکٹ کی خرابی کے باعث ایمرجنسی لینڈنگ، امریکی اور روسی خلاباز محفوظ[/pullquote]

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہونے والے خلائی راکٹ میں خرابی کے باعث اس میں موجود ایک امریکی اور ایک روسی خلاباز کو ایمرجنسی لینڈنگ کرنا پڑی۔ امریکی خلائی تحقیقی مرکز ناسا کے مطابق دونوں خلاباز سویوز کیپسول سے باہر آ گئے ہیں اور خیریت سے ہیں۔ قزاقستان میں واقع روسی خلائی مرکز سے روانہ ہونے کے کچھ دیر بعد ان کا راکٹ دوران پرواز خرابی کا شکار ہو گیا تھا۔

[pullquote]بھارتی فوجیوں نے دو کشمیریوں کو ہلاک کر دیا، بھارت مخالف مظاہرے شروع[/pullquote]

بھارتی فوجیوں نے ایک مسلح جھڑپ کے دوران کم از کم دو کشمیری باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ ان ہلاکتوں کے بعد وہاں بھارت مخالف پر تشدد احتجاج شروع ہو گیا ہے۔ پولیس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ہندواڑہ کے علاقے میں مبینہ عسکریت پسندوں کی موجودگی کی مخبری کے بعد ایک گاؤں کو گھیر لیا جس کے بعد یہ جھڑپیں شروع ہوئیں۔ حکام نے مختلف علاقوں میں اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔ بھارت مخالف احتجاج کے دوران حکومتی فورسز نے مظاہرین پر آنسو گیس پھینکی اور پیلٹ گنوں سے فائرنگ کی۔

[pullquote]مائیکل نامی سمندری طوفان امریکی ریاست فلوریڈا سے ٹکرا گیا[/pullquote]

مائیکل نامی سمندری طوفان نے امریکی ریاست فلوریڈا کے علاقے پان ہینڈل میں تباہی مچائی ہے۔ امریکا کے سمندری طوفانوں پر نظر رکھنے والے مرکز کے مطابق یہ گزشتہ کئی دہائیوں کا طاقتور ترین سمندری طوفان ہے۔ حکام نے بتایا کہ گرینزبرو نامی شہر میں ایک درخت گرنے کے سبب ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لاکھوں گھر بجلی سے محروم ہیں۔ فلوریڈا کے گورنر رِک اسکاٹ نے امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں روانہ کر دی ہیں۔ یہ طوفان اب ہمسایہ ریاست جارجیا کی طرف بڑھ رہا ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ اب اس کی شدت میں کمی واقع ہو گی۔

[pullquote]لاپتہ سعودی صحافی کی تلاش کے لیے امریکی سینیٹ کا سعودی عرب پر دباؤ[/pullquote]

امریکی سینیٹ نے لاپتہ سعودی صحافی کی تلاش کے لیے سعودی حکام سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کے اس اقدام سے سعودی عرب پر دباؤ بڑھا ہے کہ وہ جمال خاشقجی کی گمشدگی کے بارے میں صورتحال واضح کرے۔ سعودی حکومت کے ناقد خاشقجی دو اکتوبر کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ خاشقجی کو قونصل خانے میں قتل کر دیا گیا ہے۔ 22 امریکی سینیٹرز نے صدر ٹرمپ کو ایک خط لکھا ہے کہ جمال خاشقجی کی پراسرار گمشدگی کی تفتیش کی جائے۔

[pullquote]زلزلے اور سونامی میں ہزاروں لاپتہ افراد کی تلاش کا آپریشن ختم کر دیا گیا[/pullquote]

انڈونیشیا میں تباہ کُن زلزلے اور سونامی کے بعد وہاں ہزاروں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے جاری آپریشن ختم کر دیا گیا ہے۔ دو ہفتے قبل انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی کو نشانہ بنانے والی اس دوہری آفت کے نتیجے اب تک دو ہزار سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔ تلاش اور بچاؤ کے آپریشن SAR کے ڈائریکٹر بامبانگ سوریو نے پالو میں صحافیوں کو بتایا کہ آج جمعرات کی سہ پہر یہ آپریشن روک دیا جائے گا۔

[pullquote]شامی علاقے منبج کے حوالے سے ترکی اور امریکا کے معاہدے ختم نہیں ہوا، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ شام کے شمالی شہر منبج کے بارے میں امریکا اور ترکی کے درمیان طے پانے والے معاہدے میں تاخیر ہوئی ہے مگر وہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔ ترک اخبار حریت کے مطابق ایردوآن نے یہ بات ہنگری کے دورے سے واپسی پر دوران پرواز کہی۔ امریکی پادری انڈریو برونسن کے خلاف ترکی میں مقدمے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں ایردوآن کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی معاملات میں دخل نہیں دے سکتے، کیونکہ ترکی قانون کی بالادستی کی حامل ریاست ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا واشنگٹن کی اجازت کے بغیر کچھ نہیں کر سکتا، ٹرمپ[/pullquote]

جنوبی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت رد عمل کے بعد شمالی کوریا کے خلاف یکطرفہ طور پر کچھ پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ کینگ کیونگ واہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ سیؤل حکومت شمالی کوریا کے خلاف وہ پابندیاں ہٹانے پر غور کر رہی ہے جو 2010ء کے حملے کے بعد عائد کی گئی تھیں۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیؤل واشنگٹن کی اجازت کے بغیر ’’کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا‘‘۔ آج جمعرات کے روز جنوبی کوریا کے دوبارہ اتحاد کے وزیر چو میونگ گیون کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پیونگ یانگ حکومت کے خلاف پابندیاں ہٹانے کا معاملے سنجیدگی سے زیر غور نہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا میں ایک اور زلزلہ، کم از کم تین افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے جاوا میں زلزلے کے سبب کئی گھر زمین بوس ہو گئے ہیں۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت چھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر جاوا کے مشرقی علاقے کا شہر سومینیپ ہوا جہاں کم از کم تین ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔ انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی میں دو ہفتے قبل آنے والے زلزلے اور سونامی کے سبب دو ہزار افراد ہلاک ہوئے جبکہ پانچ ہزار کے قریب ابھی تک لا پتہ ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے