جمعہ : 12 جولائی 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی مخالفت کے باوجود روس کے جدید ائیر ڈیفنس سسٹم کی پہلی کھیپ ترکی پہنچ گئی[/pullquote]

انقرا: امریکی مخالفت کے باوجود روس کے جدید ایس 400 میزائل ڈیفنس سسٹم کی ایک کھیپ ترکی پہنچ گئی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ترک وزارت دفاع کے حکام نے بتایا کہ مال بردار جہاز جمعہ کے روز دارالحکومت انقرا کے ایک ائیربیس پہنچا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکی کو میزائل سسٹم کا حصول امریکا کی ناراضگی میں اضافہ کرے گا کیونکہ امریکا نے ترکی کو ایس 400 اینٹی ائیرکرافٹ ڈیفنس سسٹم اور امریکی ایف 35 لڑاکا طیارے لینے سے خبردار کیا تھا۔ترکی اور امریکا نیٹو کے اتحادی ہیں لیکن ترکی روس کے ساتھ اپنی تقریبی تعلقات استوار کررہا ہے۔

[pullquote]امريکا آگ سے نہ کھيلے، چين کی تنبيہ[/pullquote]

تائيوان کے معاملے پر چين کے اعلٰی ترين سفارت کار وانگ يی نے امريکا کو خبردار کيا ہے کہ وہ آگ سے نہ کھيلے۔ وانگ نے يہ بيان ہنگری کے دورے کے موقع پر آج جمعے کو بوداپیسٹ ميں ديا۔ ان کے بقول کوئی بھی بيرونی قوت چين کے اتحاد کو نہيں روک سکتی۔ وانگ یی کا يہ بيان امريکی محکمہ خارجہ کے اس اقدام کے رد عمل ميں سامنے آيا ہے جس کے تحت محکمے نے تائيوان کو دو اعشاريہ دو بلين ڈالر کے اسلحے کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ چين تائيوان کو اپنا حصہ مانتا ہے حالاں کہ تائيوان ميں اپنی جمہوری حکومت قائم ہے۔

[pullquote]بھارت خلا ميں ميدان مارنے کے ليے کوشاں[/pullquote]

‘انڈيئن اسپيس ريسرچ آرگنائزيشن‘ (ISRO) کی جانب سے آج جمعے کے روز بغير پائلٹ والا ايک خلائی جہاز چاند کی طرف روانہ کيا جا رہا ہے، جو چھ سے سات ستمبر تک وہاں پہنچے گا۔ ‘چندريان دوئم‘ نامی مشن پر 141 ملين ڈالر کی لاگت آئی ہے۔ اس مشن کا مقصد چاند کی سطح کا جائزہ لينا، پانی اور معدنیات تلاش کرنا ہے۔ چند حلقے ايک اعشاريہ تين بلين کی آبادی والے ملک ميں اتنے مہنگے خلائی پروگرام پر سوالات اٹھاتے ہيں۔

[pullquote]برطانیہ آئل ٹینکر چھوڑ دے، ایران[/pullquote]

ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ اس کے آئل ٹینکر کو چھوڑ دے۔ گزشتہ ہفتے برطانوی بحریہ نے اس ٹینکر کو جبرالٹر کے علاقے میں قبضے میں لیا تھا۔ الزام عائد کیا گیا تھا کہ عالمی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ ٹینکر شام میں آئل کی سپلائی کرنے کی کوشش میں تھا۔ تاہم ایران نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ جمعے کے دن ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان عباس موسوی نے کہا کہ جو بہانہ بنا کر اس ایرانی ٹینکر کو پکڑا گیا ہے وہ درست نہیں۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس آئل ٹینکر کو نہ چھوڑا گیا تو اس کے نتائج برآمد ہوں گے۔

[pullquote]سوڈان: فوج اور جمہوریت نواز اپوزیشن میں ڈیل جلد ہی ممکن ہے[/pullquote]

افریقی یونین کے ایک اعلیٰ اہلکار نے امید ظاہر کی ہے کہ سوڈان میں قیام امن کی خاطر فوجی حکومت اور جمہوریت نواز مظاہرین کے مابین ایک ڈیل ہفتے کے دن تک طے پا سکتی ہے۔ محمد الحسن نے جمعے کے دن یہ بیان ایسے وقت پر دیا ہے، جب سوڈان میں فوجی حکومت نے کہا کہ بغاوت کی ایک کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اس افریقی ملک میں عمر البشیر کو اقتدار سے الگ کرنے کے بعد فوجی نے عبوری حکومت قائم کی ہے لیکن اپوزیشن کا کہنا ہے کہ اقتدار سول حکومت کے حوالے کیا جائے۔

[pullquote]شام میں تازہ جھڑپیں، سو سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

شام کے شمال مغربی حصے میں حکومتی فورسز اور جہادیوں کے مابین ہوئی تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں سو سے زائد افراد مارے گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا ہے کہ ستمبر میں طے پانے والی فائر بندی کی ڈیل کے باوجود اس علاقے میں فوجی کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ جسر الشغور نامی علاقے میں بدھ کے دن آٹھ شہری بھی مارے گئے تھے، جن میں بچے بھی شامل تھے۔ اقوام متحدہ کے مطابق شامی فورسز کی تازہ کارروائیوں میں طبی مراکز بھی بمباری کی زد میں آئے۔ شامی تنازعے میں سن دو ہزار گیارہ سے اب تک تین لاکھ ستر ہزار افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

[pullquote]میرکل کی ایس پی ڈی پر تنقید[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے یورپی کمیشن کی صدارت کی امیدوار کے طور پر اُرزلا فان ڈیر لائن کی مناسب حمایت نہ کرنے پر اتحادی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یورپی پارلیمان میں خاتون سیاستدان فان ڈیر لائن کو اس اہم یورپی عہدے پر منتخب کرنے کی خاطر آئندہ منگل کو رائے شماری کی جائے گی۔ کئی حلقے جرمن وزیر دفاع کی اس نامزدگی کو متنازعہ قرار دے رہے ہیں۔ تاہم میرکل نے وسیع تر مخلوط حکومت میں شامل سیاستدانوں پر زور دیا ہے کہ یورپی کمیشن کے صدر کے لیے فان ڈیر لائن بہترین شخصیت ہیں۔

[pullquote]جاپانی الزام پر جنوبی کوریا کا اظہار افسوس[/pullquote]

جنوبی کوریا نے اس جاپانی الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ سیول حکومت شمالی کوریا پر عائد عالمی پابندیوں پر عملدرآمد نہیں کر رہی۔ آج جمعے کے دن جنوبی کوریائی دفتر خارجہ نے کہا کہ کچھ جاپانی اعلیٰ اہلکاروں کی طرف سے یہ الزامات باعث افسوس ہیں۔ مزید کہا گیا کہ وہ ہمسایہ کمیونسٹ ریاست پر عائد اقوام متحدہ کی پابندیوں کا مکمل اطلاق کیے ہوئے ہے اور اس نے شمالی کوریا کو ایسا سامان برآمد نہیں کیا، جو جوہری ٹیکنالوجی میں استعمال ہو سکتا ہے۔

[pullquote]افغانستان سے امریکی فوج کا قبل از وقت مکمل انخلا درست نہیں، اعلیٰ امریکی جنرل[/pullquote]

اعلیٰ امریکی فوجی جنرل مارک مِیلی کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی افواج کا قبل از وقت مکمل انخلا ’اسٹریٹیجک غلطی‘ ہو گا۔ ٹرمپ کی طرف سے جوائنٹ چیفس چیئرمن کے لیے نامزد کردہ جنرل میلی نے سینیٹرز کو بتایا کہ واشنگٹن حکومت کو عراق اور شام میں بھی ’مناسب تعداد‘ میں فوجیوں کو تعینات رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں استحکام کی خاطر ان ممالک میں عسکری موجودگی برقرار رکھنا ہو گی۔ اکسٹھ سالہ جنرل مِیلی نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس تناظر میں بہترین مشورے دیں گے۔

[pullquote]میرکل کی صحت کے بارے میں شکوک[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی مبینہ خرابی صحت کے باعث حکمران پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کے اعلیٰ حلقوں میں یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ آیا انہیں سن دو ہزار اکیس میں اپنے طے شدہ وقت سے قبل ہی اقتدار سے الگ ہو جانا چاہیے۔ چونسٹھ سالہ میرکل متعدد مرتبہ عوامی تقریبات میں کانپتی ہوئی دیکھی گئی ہیں، جس کے بعد ان کے صحت کے بارے میں شکوک بڑھ گئے ہیں۔ تاہم میرکل نے کہا ہے کہ وہ بالکل تندرست ہیں۔ سن دو ہزار پانچ سے جرمنی کی چانسلر میرکل کہہ چکی ہیں کہ وہ آئندہ مدت کے لیے چانسلر شپ کی امیدوار نہیں ہوں گی۔

[pullquote]ٹیکس جمع کرنے کے اہداف قابل حصول ہیں، بھارتی وزیر خزانہ[/pullquote]

بھارت کی نئی وزیر خزانہ نرملا سیتا رامن نے کہا ہے کہ ٹیکس جمع کرنے کے لیے قابل حصول اہداف کا تعین کیا گیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک تازہ انٹرویو میں سیتا رامن کہا ہے کہ اشیا اور خدمات پر ٹیکس (جی ایس ٹی) کی وصولی میں بہتری آ سکتی ہے۔ بھارت کو امید ہے کہ دو ہزار انیس اور بیس کے مالی سال کے دوران محصولات کی مد میں 24.6 ٹریلین روپے جمع کیے جائیں گے۔ سیتا رامن کے بقول امراء پر اور سونے کی مصنوعات پر ٹیکسں میں اضافہ ملکی اقتصادیات میں اہم کردار ادا کرے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے