جمعہ : 20 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ماحولیات کے تحفظ کے لیے دنیا بھر میں مظاہرے[/pullquote]

ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف آج دنیا بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ آج جمعے کی صبح سب سے پہلے مظاہروں کا سلسلہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے شروع ہوا۔ ہزاروں افراد آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، فلپائن اور تھائی لینڈ کے مختلف شہروں میں جمع ہوئے اور ماحول کو تحفظ دینے کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ یہ مظاہرے ایشیا، یورپ، افریقہ اور امریکی براعظموں کے قریب سبھی بڑے شہروں میں کیے جا رہے ہیں۔ جن شہروں میں مظاہروں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، اُن کی تعداد ایک سو دس سے زائد ہے۔ مختلف جرمن شہروں میں تقریباً چار سو ریلیاں نکالنے کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ ان مظاہروں کی اپیل کلائمیٹ چینج کی بین الاقوامی تحریک ’فرائیڈے فار فیوچر‘ نے کی ہے۔ اس تحریک کو سویڈن کی ٹین ایجر گریٹا تھون برگ نے شروع کیا ہے۔ آج کے مظاہروں اور ہڑتال کو گلوبل اسٹرائیک فور کلائمیٹ کا نام دیا گیا ہے۔

[pullquote]حدیدہ پر حملے کشیدگی بڑھانے کے برابر ہیں، حوثی ملیشیا[/pullquote]

جمعہ بیس ستمبر کو حوثی ملیشیا نے سعودی فوجی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے علاقائی صورت حال کو مزید کشیدہ کرنے کے برابر ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ حدیدہ کے قرب وجوار میں سعودی حملوں کا تسلسل سویڈن سمجھوتے کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ قبل ازیں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی کشتیوں کے علاوہ چار ایسے مقامات پر حملے کرنے کی بات کی تھی جہاں انہیں لنگر انداز کیا جاتا تھا۔ عسکری اتحاد نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ریموٹ کنٹرول سے چلنے والی کشتیوں کے خلاف کی جانے والی یہ کارروائی بروقت تھی اور حقیقت میں دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو نابود کیا گیا ہے۔

[pullquote]افغان صوبے زابل میں کیے گئے حملے کی ہلاکتیں 39 ہو گئیں[/pullquote]

جنوبی افغان صوبے زابل کے گورنر کے ترجمان کے مطابق جمعرات کو کیے گئے طالبان کے خود کش حملے میں ہونے والی ہلاکتیں بیس سے بڑھ کر انتالیس ہو گئی ہیں۔ اسی طرح زخمیوں کی تعداد اٹھانوے سے بڑھ کر ایک سو چالیس تک پہنچ گئی ہے۔ یہ حملہ زابل صوبے کے دارالحکومت قلات کے ایک ہسپتال پر کیا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق اس حملے میں صرف دو سکیورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ بقیہ تمام ہلاک شدگان عام شہری تھے۔ ان ہلاک ہونے والے شہریوں میں خواتین اور بچوں کے علاوہ مریض بھی شامل ہیں۔

[pullquote]ہانگ کانگ کی پولیس طاقت کا غیرضروری استعمال کر رہی ہے، ایمنسٹی[/pullquote]

انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کی پولیس کی طرف سے جمہوریت نوازوں کے مظاہروں کے دوران طاقت کا غیرضروری استعمال جاری ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پولیس کے ان ہتھکنڈوں کو جارحانہ اور غیرقانونی بھی قرار دیا۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم نے پولیس کی جانب سے طاقت کے بیجا استعمال کی تفصیلات اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں بیان کی ہیں۔ اس رپورٹ کو مرتب کرنے کے لیے متاثرہ مظاہرین کے خصوصی انٹرویز بھی کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق پولیس جمہوریت نواز مظاہرین کو اپنی مرضی و منشا کے تحت گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ دورانِ حراست ان پر ٹارچر کا سلسلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]ستمبر کے آخر تک تیل کی سپلائی بحال ہو جائے گی، آرامکو[/pullquote]

سعودی عرب کی آئل کمپنی آرامکو نے کہا ہے کہ ستمبر کے اختتام تک خریص آئل فیلڈ سے تیل کی سپلائی کو بحال کر دیا جائے گا۔ ایک ہفتہ قبل سعودی عرب کی تیل کی دو بڑی تنصیبات کو حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ دوسری تنصیب بقیق کے مقام پر واقع ہے۔ ان مقامات کی مرمت کے لیے سعودی آرامکو امریکا اور یورپ سے درکار آلات اور دوسرے سامان کو امپورٹ کرنے کے عمل میں ہے۔ یہ بات آرامکو کے جنوبی حصے میں سے تیل کی پیداوار کے نگران جنرل منیجر نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتائی ہے۔

[pullquote]ترک کوسٹ گارڈز نے چودہ بچوں کو زندہ بچا لیا[/pullquote]

ترک حکام کے مطابق ملکی کوسٹ گارڈز نے ڈوبتی ہوئی ربڑ کی کشتی میں سے چودہ بچوں کو بچا لیا ہے۔ اس کشتی کے ترک اسمگلر کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ کشتی جزیرہ نما بودرم سے جڑے بحیرہ ایجین میں غرق ہوئی تھی۔ ترک کوسٹ گارڈ ابھی ایک انتہائی کم سن لاپتہ بچے کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہے۔ جمعہ بیس ستمبر کی صبح کشتی کے ڈوبنے کی اطلاع ملنے پر ترک کوسٹ گارڈ کا ایک ہیلی کاپٹر اور ڈوبنے کے مقام کی جانب چار کشتیاں روانہ کر دی گئی تھیں۔

[pullquote]تنازعات کے شکار علاقوں میں گزشتہ برس انتیس ملین بچے پیدا ہوئے، یونیسیف[/pullquote]

اقوام متحدہ کے بہبود اطفال کے ادارے یونیسیف کے مطابق سن 2018 کے دوران مسلح تنازعات کے شکار علاقوں میں دو کروڑ نوے لاکھ بچے پیدا ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق نوزائیدہ بچوں کی اس تعداد کے مطابق دنیا بھر میں ہر پانچ میں سے ایک بچے نے اپنی زندگی کا آغاز انتہائی خطرناک اور تناؤ کے حالات میں کیا۔ یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریٹا فورے نے واضح کیا کہ ان بچوں کے خاندانوں کو پہلے ہی مناسب خوراک کی کمی،پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور ناقص صفائی اور سیورج کے نظام کا سامنا ہے۔ تنازعات کے شکار علاقوں میں افغانستان، صومالیہ، جنوبی سوڈان، شام اور یمن خاص طور پر نمایاں ہیں۔

[pullquote]ایران کے حوالے سے امریکی لائحہ عمل، پینٹاگون ٹرمپ کو بریفنگ دے گا[/pullquote]

امریکی فوج کا صدر دفتر پینٹاگون آج جمہ بیس ستمبر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے حوالے سے مختلف فوجی امکانات سے آگاہ کرے گا۔ سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ایرانی حملے کے تناظر میں کوئی امریکی لائحہ عمل طے کرنے کے حوالے سے مختلف عسکری منصوبوں کی تفصیلات اس بریفنگ میں صدر کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اس میٹنگ میں ایران کے اندر مختلف اہداف کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے کے آپشن بھی شامل ہے۔ دوسری جانب ایران نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی عسکری مہم جوئی کے نتیجے میں ایک بڑی جنگ کا آغاز ہو سکتا ہے۔ سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد خلیج کی صورت حال انتہائی کشیدہ اور گھمبیر ہوچکی ہے

[pullquote]مشرق وسطیٰ میں ’پر امن حل‘ کے لیے امریکی اتحاد کے قیام پر ایران کی تنقید[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکا کی طرف سے مشرق وسطیٰ میں ’پیس فُل ریزولوشن‘ یا پر امن حل کے اتحاد بنانے پر سوالات اٹھائے ہیں۔ ظریف کے مطابق سن 1985 کے بعد ایران خلیجی خطے میں آٹھ مختلف امن منصوبے پیش کر چکا ہے۔ ظریف کے مطابق اس میں سن 2015 میں یمن میں قیام امن کا پلان اور رواں برس کے اوائل میں خلیج کے خطے میں عدم جارحیت کے معاہدے کی تجویز بھی شامل ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے جمعرات کو کہا تھا کہ امریکا ایک ایسا اتحاد بنانے کی کوشش میں ہے جس کا مقصد ’امن کا حصول اور پر امن انداز سے مسائل کو حل کرنا‘ ہو گا۔

[pullquote]امریکا میں فائرنگ کے دو واقعات، ایک ہلاک آٹھ زخمی[/pullquote]

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں فائرنگ کے دو مزید واقعات میں ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ان واقعات میں آٹھ افراد کے زخمی ہونے کا بھی بتایا گیا۔ فائرنگ کا ایک واقعہ واشنگٹن کے شمال مغربی علاقے کے ایک بھیڑ والے بازار میں ہوا۔ اس علاقے میں کی جانے والی فائرنگ میں ملوث دو افراد کی تلاش پولیس نے شروع کر دی ہے۔ زخمیوں میں ایک ایک خاتون بھی شامل ہے۔ فائرنگ کا ایک اور واقعہ واشنگٹن کے شمال مشرق میں ہوا۔ امریکی دارالحکومت کی پولیس نے شوٹنگ کے ان دونوں واقعات میں کسی ربط یا تعلق کے بارے کچھ نہی

[pullquote]آسٹريلوی عدالت نے ایک اور شخص کو ہوائی جہاز کو تباہ کرنے کی کوشش کا مجرم قرار دے دیا[/pullquote]

ایک آسٹریلوی عدالت نے ایک اور شخص کو ایک مسافر بردار ہوائی جہاز کو تباہ کرنے کی منصوبہ سازی کا مجرم قرار دے دیا۔ عدالتی ترجمان کے مطابق دو برس قبل جولائی سن 2017 میں مبینہ ملزم نے سڈنی سے ابوظہبی جانے والی اتحاد ایئرویز کی فلائٹ کے میٹ گرائنڈر میں بارودی مواد چھپانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ اس شخص کا نام محمد خیاط بتایا گیا ہے۔ پولیس نے محمد خیاط اور اس کے بھائی خالد خیاط پر دو دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام عائد کیا تھا۔ خالد خیاط کو عدالت رواں برس مئی میں مجرم قرار دے چکی ہے۔

[pullquote]آسٹریلوی وزیراعظم آج امریکا پہنچ رہے ہیں[/pullquote]

آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن آج جمعہ بیس ستمبر کو امریکی دورے کے آغاز پر دارالحکومت واشنگٹن پہنچیں گے۔ امریکی صدر کی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس پہنچنے پر موریسن اور اُن کی اہلیہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرسٹ لیڈی میلانیا ٹرمپ خوش آمدید کہیں گے۔ اس موقع پر وائٹ ہاؤس کے جنوبی لان میں خصوصی فوجی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے دور صدارت میں آسٹریلوی وزیراعظم وہ دوسری شخصیت ہیں، جن کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ امریکی صدر اور آسٹریلوی وزیراعظم اپنی ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ اس ملاقات میں عالمی امور اور دو طرفہ تعلقات میں خلیج فارس کی صورت حال پر بھی غور کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے