جمعہ: 24 جنوری 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت میں خواتین سیاستدانوں کو بھی ریپ اور قتل کی دھمکیاں[/pullquote]

بھارت میں عام شہریوں کے ساتھ ساتھ خواتین سیاستدانوں کو بھی ریپ اور قتل کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ پچھلے سال ہونے والے بھارتی انتخابات کے دوران تقریباً 100 بھارتی خواتین سیاست دانوں کو سوشل میڈیا پر قتل اور جنسی تشدد جیسی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا کی تحقیق کے مطابق مارچ اور مئی کے درمیانی عرصے میں 95 خواتین سیاست دانوں کو ٹوئٹر پر 10 لاکھ کے قریب نفرت انگیز پیغامات موصول ہوئے اور موصول ہونے والے ہر پانچ میں سے ایک پیغام جنسی تعصب اور عورتوں سے نفرت پر مبنی تھا۔بھارت میں ہونے والےا نتخابات میں مجموعی طور پر 724 خواتین امیدوار تھیں۔ اس معاملے پر ڈجیٹل رائٹس ایکسپرٹس کا کہنا ہے کہ خواتین کو ڈرانے اور عوامی عہدوں سے دُور رکھنے کے لیے آن لائن جنسی تشدد کی دھمکیوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ بھارت کی حکمران سیاسی پارٹی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن شازیہ علمی کا کہنا ہے کہ کہ لوگوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ سیاست میں خواتین کیا کچھ برداشت کر رہی ہیں اور سیاست میں خواتین کیلئے کس قدر عدم مساوات ہے۔

[pullquote]جرمنی میں شوٹنگ: متعدد زخمی، ہلاکتوں کا خدشہ[/pullquote]

جرمنی کی جنوب مغربی ریاست باڈن ووٹنبرگ میں شوٹنگ کے ایک واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ روٹ آم زے نامی قصبے ميں ايک عمارت کے قریب آج دوپہر بارہ بج کر پینتالیس منٹ پر پیش آیا۔ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور پوليس کو شبہ ہے کہ یہ واقعہ ’ذاتی نوعيت‘ کا ہے۔ اس حوالے سے مزید اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ روٹ آم زے نامی قصبہ جرمن شہر فرينکفرٹ سے قریب ایک سو پینتیس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

[pullquote]لیبیا میں کشیدگی کا اثر پورے خطے پر پڑ سکتا ہے، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے دورہ ترکی کے موقع پر لیبیا کی صورت حال میں مزید خرابی کے حوالے سے متنبہ کیا ہے۔ ترک صدر نے آج استنبول میں ترک جرمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کی افتتاحی تقریب کے موقع پر چانسلر میرکل کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر لیبیا میں قیام امن کے لیے جلد سے جلد کام نہ کیا گیا تو اس کا اثر پورے خطے پر پڑ سکتا ہے۔ دونوں رہنما آج شامی تنازعے اور مہاجرین کی پالیسی کے امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

[pullquote]چین میں پراسرار وائرس سے کم از کم چھبیس افراد ہلاک[/pullquote]

چین نے نمونیا کا باعث بننے والے پرسرار وائرس پر قابو پانے کے لیے ووہان سمیت کم از کم دس دیگر شہروں میں ٹرانسپورٹ اور عبادت گاہوں جیسے عوامی مقامات کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین بھر میں اس پراسرار وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 644 اور 870 کے درميان بتائی جا رہی ہے۔ آج جمعے کے روز حکام نے بتایا ہے کہ اس وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 26 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ’کوارنٹائن‘ کے سخت حفاظتی اقدامات متعارف کرائے گئے ہیں۔ تاہم عالمی ادارہٴ صحت نے اس وائرس کے حوالے سے عالمی سطح پر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان فی الحال نہیں کیا۔ عالمی تنظیم کے مطابق چین کے علاوہ دیگر ممالک میں ابھی تک مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص کم ہوئی ہے اور چین میں اس وائرس پر قابو پانے کے سلسلے میں وسیع پیمانے پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کے سربراہان نے بریگزٹ معاہدے پر دستخط کر دیے[/pullquote]

یورپی کمیشن کی صدر اُرزلا فان ڈیر لائن اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مشیل نے بریگزٹ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ فان ڈیر لائن نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ اب یورپی پارلیمان سے آئندہ ہفتے اس معاہدے کی توثیق کی ضرورت ہے۔ یورپی یونین سے برطانیہ کے انخلا کی ڈیڈ لائن اکتیس جنوری ہے۔ جمعرات کو برطانوی ملکہ الزبتھ دوم اس قانون پر دستخط کر چکی ہیں۔ آئندہ ماہ سے دونوں فریقین کے درمیان ایک حتمی تجارتی معاہدہ طے کیے جانے کے لیے مذاکرات کا مرحلہ شروع ہوگا۔

[pullquote]اٹلی میں فیس بک پر صارفین کی معلومات فروخت کرنے کے لیے ممکنہ جرمانہ[/pullquote]

اطالوی حکام نے امریکی کمپنی فیس بک کو مقامی صارفین کی معلومات مبینہ طور پر فروخت کرنے کے سلسلے میں جرمانے کی تنبیہ کی ہے۔ ایک واچ ڈاگ ’اے جی سی ايم‘ نے سن 2018 سے سوشل میڈیا کی اس کمپنی کے خلاف پانچ ملین یورو تک جرمانے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔ اس تنظیم کے مطابق فیس بک نے مقامی صارفین کی اجازت کے بغیر، ان کا ڈیٹا فروخت کیا۔ اے جی سی ایم نے الزام عائد کیا کہ فیس بک اپنے صارفین کو واضح معلومات نہیں فراہم کر رہا کہ ان کا ڈیٹا کس طرح کمرشل مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ تاہم فیس بک کی جانب سے صارفین کی معلومات فروخت کرنے کی تردید کی گئی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ کی اسرائیلی رہنماؤں کو مشرق وسطی پر بات چیت کے لیے دعوت[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور اپوزیشن کے سربراہ بینی گینٹس کو مشرق وسطی کی صورت حال پر بات چیت کے لیے وائٹ ہاؤس مدعو کیا ہے۔ یروشلم میں تيئس جنوری کو امریکی نائب صدر مائیک پینس نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے صدر ٹرمپ کی دعوت قبول کر لی ہے اور آئندہ ہفتے منگل اٹھائیس جنوری کو یہ ملاقات متوقع ہے۔ اس ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اسرائیلی فلسطینی تنازعے پر امریکا اسرائیل کی حمایت کرتا رہا ہے اور عالمی سطح پر صدر ٹرمپ کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا بہترین اتحادی سمجھا جاتا ہے۔

[pullquote]مسلم اور يہودی رہنماؤں کا آؤشوٹس کا تاریخی دورہ[/pullquote]

پولینڈ میں مسلم رہنماؤں کے ایک وفد نے پہلی مرتبہ سابقہ نازی دور کے اذیتی کيمپ آؤشوٹس کا دورہ کیا اور وہاں یہودی رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ دعائیہ تقریب میں حصہ لیا۔ دونوں مذاہب کے رہنماؤں نے جمعرات کے روز یہ دورہ اس سابقہ اذیتی کيمپ کی آزادی کے 75 برس مکمل ہونے کے موقع پر کيا۔ اسلام اور يہودی مذاہب کے رہنماؤں نے اس دورے کو تاریخی قرار دیا ہے۔ مسلم رہنماؤں نے اس دورے کو ایک ’مقدس فریضہ اور غیر معمولی اعزاز‘ بھی قرار دیا۔ مسلم ورلڈ لیگ کے رہنما محمد بن عبدالکریم العیسی نے اس مقام کا دورہ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہولوکاسٹ کے متاثرین، یہودی اور مسلم کمیونٹی کے افراد کا وہاں يکساں طور پر موجود ہونا اپنے آپ میں ایک مقدس فریضہ اور غیر معمولی اعزاز کی بات ہے۔ آؤشوٹس کے سابقہ اذیتی مرکز میں نازیوں نے 1.1 ملین افراد کو قتل کیا تھا جن کی بھاری اکثریت یہودیوں پر مشتمل تھی۔

[pullquote]بیلجیم: ٹرک میں چھپے تیئس تارکین وطن بازیاب[/pullquote]

بیلجیم میں تیئس تارکین وطن افراد ٹھنڈی اشیاء کو ٹرانسپورٹ کرنے والے ایک فرج ٹرک میں چھپے ہوئے تھے۔ بروگے شہر کی استغاثہ کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام افراد کو جب ٹرک سے بازیاب کرايا گیا تو ٹرک میں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹھنڈے ٹرک میں ان تارکین وطن میں تین خواتین بھی موجود تھیں۔ یہ تارکین وطن بیلجیم سے ٹرک میں چھپ کر سرنگ کے راستے برطانیہ جانا چاہتے تھے۔

[pullquote]جرمن چانسلر ترکی کے دورے پر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل آج جمعہ چوبیس جنوری کو استنبول میں ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کریں گی۔ اس ملاقات میں یورپی یونین اور ترکی کے مابین مہاجرین کے حوالے سے کی گئی ڈیل کے تسلسل پر بات چیت کی جائے گی۔ دونوں رہنما جنگی صورتحال کے باعث شمالی شام سے فرار ہونے والے ہزاروں تارکین وطن کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ سن 2016 میں یورپ کا رخ کرنے والے لاکھوں تارکین وطن کو ترکی میں روکنے کے ليے ترکی کی یورپی یونین کی جانب سے چھ ارب یورو کی مالی معاونت کی گئی تھی۔ ترکی ميں چانسلر ميرکل کاروباری افراد کے ايک وفد سے بھی مل چکی ہيں جبکہ آج ہی وہ ايک ترک اور جرمن یونیورسٹی کے نئے کمپس کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کريں گی۔

[pullquote]زچگی کے باعث امریکی شہریت کا حصول مشکل[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حاملہ خواتین کے لیے امریکی ویزے کے حصول کے خلاف سخت قوانین بنانا چاہتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق امریکی قونصل خانے کے عہدیداران کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایسی حاملہ خواتین کو ویزا جاری کرنے سے اجتناب کیا جائے، جن پر شبہ ہو کہ وہ امریکا صرف زچگی کے باعث جانا چاہتی ہیں۔ امریکی قانون ہے کہ اس ملک میں پیدا ہونے والے ہر بچے کو خود بخود امریکی شہریت کا حق حاصل ہو جاتا ہے۔ امریکی حکام ملکی قوانین کے اس دانستہ غلط استعمال کو ’برتھ ٹورازم‘ کا نام دیتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ قومی سلامتی کو بہتر بنانے کے لیے اس قانون میں ترامیم کرنا چاہتی ہے۔

[pullquote]ماحولیاتی تحفظ انسانی بقا کے مترادف ہے، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ انسانی بقا کے مترادف ہے۔ داووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے چانسلر میرکل نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے زیادہ سے زیادہ کام کرے۔ چانسلر میرکل کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے طے پانے والے پیرس معاہدے پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکا، اس لیے مزید مذاکرات کی ضرورت ہے۔ میرکل کے مطابق اگر یورپی ممالک سن 2050 تک گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج پر قابو نہیں پا سکتے تو صنعت اور معاشرے میں تیزی سے تبدیلی لانے کی ضرورت پڑے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے