زرداری کی چال چل گئی ، صادق سنجرانی چئیرمین ،سلیم مانڈی والا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب

حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ میں بڑا دھچکا لگ گیا، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، بلوچستان اور اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ امیدوار صادق سنجرانی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ کے لئے حکمران جماعت ن لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار راجا ظفر الحق اور اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی کے درمیان ہوا ۔

نومنتخب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 57ووٹ حاصل کئے اور سیاسی تجزیہ کاروں کو حیران کردیا جبکہ ن لیگی امیدوار کو ایوان سے 46ووٹ ملے۔ اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار صادق سنجرانی کی کامیابی کے اعلان سے قبل ہی ایوان میں’ ایک زرداری سب پر بھاری‘ اور ’ آئی آئی پی ٹی آئی‘ کے نعرے لگائے گئے۔

صادق سنجرانی کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی اپوزیشن جماعتوں کے سینیٹرز نے انہیں مبارک باد دی اور انہیں گلے لگایا، نو منتخب چیئرمین سینیٹ نے سرداریعقوب ناصر سے اپنے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے قبل پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے چیئرمین کے لئے اجلاس پریزائیڈنگ افسرسردار یعقوب ناصر کی زیرصدارت شروع ہوا۔

ووٹ اور گنتی کا عمل مکمل ہونےکے بعد پریزائیڈنگ افسرنے نتائج کا اعلان کیا، انہوں نے ایوان کو بتایا کہ 103سینیٹرز نے ووٹ ڈالے جو تمام ہی درست قرار پائے۔ سینیٹ کا اجلاس تاحال جاری ہے، اس دوران ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا، حکمران جماعت ن لیگ کے امیدوار عثمان کاکڑ اور اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار سلیم مانڈوی والا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

[pullquote]چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کون ہیں؟[/pullquote]

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی 14 اپریل 1978 کو بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکنڈی میں پیدا ہوئے۔ صادق سنجرانی نے ابتدائی تعلیم نوکنڈی میں حاصل کی اور پھر بلوچستان یونیورسٹی سے ایم اے کیا۔ ان کے والد خان محمد آصف سنجرانی کا شمار علاقے کے قبائلی رہنماؤں میں ہوتا ہے اور وہ ان دنوں ضلع کونسل چاغی کے رکن ہیں۔

میر صادق سنجرانی پانچ بھائیوں میں سب سے بڑے ہیں اور ان کے ایک بھائی اعجاز سنجرانی نواب ثناءاللہ زہری کے دور حکومت میں محکمہ ریونیو کے مشیر بنے۔ حکومت کی تبدیلی کے باوجود وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے انہیں اس عہدے پر برقرار رکھا۔ میر صادق سنجرانی کے ایک بھائی محمد رازق سنجرانی سینڈک پروجیکٹ کے ایم ڈی رہے۔

آپ 1998 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے کو آرڈینیٹر رہے اور 2008 میں جب یوسف رضا گیلانی وزیر اعظم پاکستان بنے تو ان کی جانب سے قائم کئےگئے شکایات سیل کا سربراہ میر صادق سنجرانی کو بنایا گیا اور وہ 5 سال تک اس سیل کے سربراہ رہے۔ صادق سنجرانی نے 3 مارچ 2018 کو بلوچستان سے آزاد حیثیت سے سینیٹ کا الیکشن لڑا اور کامیابی حاصل کر کےسینیٹر منتخب ہوئے. سینیٹر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے ہمراہ پہلی پریس کانفرنس میں ہی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ بلوچستان کو دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے