شعیب ملک ون ڈے کرکٹ سے ریٹائر : ثانیہ مرزا جذباتی

لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر اور مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک نے ایک روزہ میچز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے، اب وہ صرف ٹی ٹوینٹی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

بنگلہ دیش سے میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں نے ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا کہا تھا آج ون ڈے کیریئر ختم ہوگیا، افسردہ بھی ہوں لیکن کیرئیر سے مطمئن بھی ہوں، میرے 20 سالہ کیرئیر میں جس نے بھی ساتھ دیا سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلے ہی ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں اب ایک روزہ میچز سے ریٹائرمنٹ کے بعد میں فیملی کے ساتھ وقت گزار سکوں گا، اور صرف ٹی ٹوینٹی کرکٹ پر توجہ دوں گا، تاہم ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں دیکھوں گا کہ اس فارمنٹ میں بھی آگے کھیل سکتا ہوں یا نہیں، جب مجھے علم ہو گا کہ میرا فوکس نہیں ہے تو میں خود کرکٹ چھوڑ دوں گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ 2 میچز کی کارکردگی سے کسی کے بارے میں رائے نہیں بنانی چاہیے، اگر پرفارمنس اچھی نہ ہو رہی ہو تو تبدیل کرنےمیں کوئی حرج نہیں، آج کے میچ میں مجھے تبدیل کیا گیا، مجھے کوئی شکوہ نہیں کہ ایک سینئر کھلاڑی کو باہر بٹھا کر نئے کھلاڑی کو چانس دیا گیا، بلکہ خوشی اور خواہش ہے کہ نئے لڑکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

شعیب ملک نے کہا کہ ورلڈکپ میں اس سے اچھی پرفارمنس ہوسکتی تھی، لیکن بیٹنگ آرڈر تبدیل ہوتا رہا اور ٹیم سے ان اور آوٹ سے بھی فرق پڑا، ایک دو میچ جیت سکتے تھے لیکن غلطیاں کیں جس کے باعث میچ ہاتھ سے نکل گئے، افسوس ہے کہ ہم ورلڈ کپ نہ جیت سکے لیکن یہ بھی خوشی ہے پاکستان ٹیم کو آخری میچ میں جیت ملی اور جیت کی خوشیوں کے ساتھ وطن واپس جائیں گے۔

آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم ون ڈے ریکنکنگ میں 6 ویں نمبر پر ہے اور ٹیم کو مقابلہ ٹاپ ٹیموں کے ساتھ کیا جارہا ہے، ہمیں ان کے سسٹم کو بھی فالو کرنا چا ہیے، سیریز ٹو سیریز کپتان کا تقرر ٹھیک نہیں، کپتان کا تقرر دوسال کے لیے ہونا چاہیے۔

[pullquote]شعیب ملک کی کرکٹ ریٹائرمنٹ پر ثانیہ مرزا جذباتی ہوگئیں[/pullquote]

نئی دہلی: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راؤنڈر شعیب ملک کے ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے جذباتی پیغام تحریر کرتے ہوئے انہیں پاکستان کے لیے خدمات انجام دینے پرسراہا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے گزشتہ برس جون میں ہی ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ گزشتہ روز بنگلہ دیش سے میچ کے بعد شعیب ملک نے کہا کہ آج ان کا ون ڈے کیریئرختم ہوگیا، اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

شعیب ملک کے اعلان کے بعد ان کی اہلیہ اوربھارتی ٹینس پلیئر ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پرجذباتی پیغام شیئرکرتے ہوئے کہا ’’ہرکہانی کا اختتام ہے، لیکن اس زندگی میں ہراختتام کی ایک نئی شروعات ہوتی ہے، شعیب آپ نے 20 سال تک اپنے ملک پاکستان کے لیے خدمات انجام دیں، آپ اسے عزت اورعاجزی کے ساتھ جاری رکھیں۔ آپ نے جو کچھ بھی حاصل کیا اس کے لیے مجھے اورازہان کو آپ پر فخر ہے، لیکن اس سے بھی زیادہ آپ جو ہیں ہمیں اس پرفخر ہے۔‘‘

واضح رہے کہ شعیب ملک نے گزشتہ روزون ڈے کیریئر کے اختتام پر افسردہ ہوتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے کیریئر سے مطمئن ہیں، ریٹائرمنٹ کے بعد اب وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں گے اورصرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر ہی توجہ دیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے