مریم، شہباز شریف اور فردوس کا شاہد خاقان کی گرفتاری پر ردعمل

[pullquote]حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا سارا نزلہ ن لیگ پر گر رہا ہے: شہباز شریف[/pullquote]

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا سارا ملبہ ن لیگ پر گر رہا ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نیب کی ملی بھگت سے ن لیگ پر آج پھر وار کیا گیا اور بھونڈے طریقے سے شاہد خاقان عباسی کو ٹھوکر نیاز بیگ سےگرفتار کیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ شاہدخاقان نے کہا کہ مجھےکوئی پریشانی نہیں ہے، آرڈر دکھائیں اور گرفتار کر لیں لیکن وارنٹ گرفتاری کے مطالبے پر نیب آفیشلز ایک دوسرے کا منہ دیکھنے لگے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ان اقدامات سے عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں، عمران خان نیازی نے 11 مہینوں میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا ہے، عمران تباہ شدہ معیشت کے جنازےکو گرفتاریوں سے چھپانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں شاہد خاقان عباسی کا کلیدی کردار ہے، بجلی اور گیس کے آنے سے کاروبار میں اضافہ ہوا اور روزگار بڑھا، نواز شریف اور ان کی ٹیم پر بھی دباؤ تھا لیکن گیس کی قیمتیں نہیں بڑھائیں کیونکہ نوازشریف کوملک کےغریب عوام کادکھ تھا۔

صدر مسلم لیگ نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن نہیں لی گئی، شاہد خاقان عباسی کا قصور کیا ہے کہ وہ نوازشریف کا وفادار ساتھی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ احتساب ہے تو احتساب ہے کہاں، کہاں ہے شفاف احتساب نئے پاکستان میں؟ احتساب کے نام پر یہ ن لیگ کے خلاف سیاسی انتقام کیا جا رہا ہے، احتساب یا تو ن لیگ کا کیا جا رہا ہے یا پھر پیپلزپارٹی کا۔

تاجروں کی ہڑتال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اس لیے ہڑتال میں شمولیت نہیں کی کہ حکومت کو پتا چلے اس میں سیاسی آمیزش نہیں، ہڑتال میں اس لیے بھی شامل نہیں ہوئے تاکہ حکومت جان سکے یہ تاجر اور صنعتکار ہیں جو ہڑتال پر مجبور ہوئے ہیں۔

وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے پاکستان کو دنیا بھر میں بدنام کر دیا، کون یہاں سرمایہ کاری کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان ان تمام حالات کے باوجود یہ کہتے ہیں اس کو نہیں چھوڑوں گا، یہ چور ہے، وہ چور ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا سارا نزلہ ن لیگ پر گر رہا ہے۔

[pullquote]میرے ہم وطنو! ایک اور منتخب وزیراعظم گرفتار: مریم کا شاہد خاقان کی گرفتاری پر ردعمل[/pullquote]

مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت نے نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

نیب نے ایل این جی کیس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو آج طلب کیا تھا تاہم پیش نہ ہونے پر انہیں لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ سے گرفتار کر لیا گیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب کا ادارہ عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے اور نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔

ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے نام اپنے پیغام میں لکھا کہ آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار ہو گیا۔

مریم نواز نے مزید لکھا کہ جو عوام کے ووٹ سے آئے گا تو کیا یہی لاقانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے۔

سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی آج بھی نیب میں پیش ہوئے تھے، جو کچھ ماحول ہے وہ عمران خان کی ایماء پر ہے، وہ جس اسٹیج پر لوگوں کو گرفتار کرا رہے ہیں اس حساب سے تو آدھی پی ٹی آئی اندر ہونی چاہیے۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ ہمیں گرفتار کریں گے تو کیا پاکستان ترقی کرنا شروع ہوجائے گا، چیلنج کرتا ہوں کہ شاہد کا کوئی کیس اُن کے پاس نہیں ہے، صرف ایل این جی معاہدے کا کیس بنایا گیا ہے، اگر ان کے پاس کوئی ثبوت ہوتے تو عمر ایوب بتاتے یہ معاہدہ ہوا تھا اور اس میں یہ کمزوریاں تھیں۔

مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے نیب کو ’ن لیگ اکاؤنٹیبلٹی بیورو‘ قرار دیتے ہوئے کہا ایک غیر تصدیق شدہ فوٹو کاپی پر گرفتار کر لیا گیا لیکن پی ٹی آئی کی چھتری کے نیچے میگا کرپشن اسکینڈل کو نہیں چھیڑا جا رہا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ آج پاکستان میں جمہوریت کے لیے ایک اور سیاہ دن ہے، عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے ایک اور وزیراعظم کو نیب گردی اور پسپائی گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

ن لیگ کے سیکریٹری جنرل نے کہا میں نے اسمبلی میں بھی کہا تھا کہ پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں کوئی ایسی حکومت نہیں آئی جس کو ملکی اداروں کی جانب سے ایسی ٹھنڈی ہوا ملی ہو لیکن اس کے باوجود یہ حکومت اڑ نہیں پا رہی۔

احسن اقبال نے کہا کہ اگر اس حکومت کا جہاز نہیں اڑ پا رہا تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے، اصل بات یہ ہے کہ کپتان ناتجربہ کار، نالائق ہے جس کی سزا اپوزیشن اور ملک کے 20 کروڑ عوام کو دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے پیغام ہے کہ ہم سب کو پکڑ کر جیل میں ڈال دو لیکن پھر بھی ہم تمھارے ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں کیونکہ ہم نے مشرف کی وردی کا بھی مقابلہ کیا ہے اور دہشت گردوں کی گولیاں بھی کھائی ہیں۔

رہنما ن لیگ نے کہا کہ پاکستان کے جتنے بڑے اسکینڈل شاید اس حکومت کے ہیں کسی اور حکومت کے نہیں ہیں، جو اس حکومت کے اسکینڈل سامنے لاتا ہے اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ہم عمران خان نیازی کو پاکستانی ہٹلر نہیں بننے دیں گے، پاکستانی قوم نے باوردی آمر کو ہٹلر نہیں بننے دیا تو آپ کیا چیز ہیں، آپ کو ایک سلیکٹڈ ہیں۔

[pullquote]اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں: فردوس عاشق اعوان[/pullquote]

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ یہ نیا پاکستان ہے اور یہاں اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں ہیں۔

جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر رد عمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عمران خان نے اداروں کو آزاد اور مضبوط کیا، قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

انہوں نےکہا کہ حکومت میں کسی نے اختیارات کا غلط استعمال یاکرپشن کی ہو تو ضرور گرفتاری ہونی چاہیے، یہ نیا پاکستان ہے، یہاں اب ادارے خواہشات کے تابع نہیں ہیں، قانون کےتابع ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ہم اداروں کو مضبوط اور بااختیار بنانا چاہتاہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے